جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ انتظارکرنا ہوگا کہ دہلی کے عوا م کیا فیصلہ کرتے ہیں،انڈیا اتحاد کے تعلق سے کہا کہ اس کا ایجنڈا واضح ہونا چاہئے۔
EPAPER
Updated: January 10, 2025, 11:32 AM IST | Agency | Jammu
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ انتظارکرنا ہوگا کہ دہلی کے عوا م کیا فیصلہ کرتے ہیں،انڈیا اتحاد کے تعلق سے کہا کہ اس کا ایجنڈا واضح ہونا چاہئے۔
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو ’انڈیا اتحاد‘ کو ختم کرنے کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعداس اتحاد کی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی ہے۔ اگر یہ اتحاد صرف لوک سبھا انتخابات تک تھا تو اسے ختم ہونا چاہئے۔ اس کا نہ کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی کوئی قیادت۔ دہلی انتخابات کے بارے میں عمر عبداللہ نے کہا کہ دہلی میں کیا ہو رہا ہے۔ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا کیونکہ ہمارا دہلی کے انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
اس کے ساتھ ہی عمر عبداللہ کے والد اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم بی جے پی کے ساتھ نہیں ہیں اور نہ ہی ہمارا ان سے کوئی رشتہ ہے۔ انڈیا اتحاد مستقل ہے اور یہ ہر دن اور ہر لمحے کیلئے ہے۔ انڈیا الائنس کی آخری میٹنگ یکم جون ۲۰۲۴ء کو ہوئی تھی۔ اس کے بعد ہریانہ، جموں کشمیر، مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات ہوئے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ عام آدمی پارٹی، کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کو یہ طے کرنا چاہئے کہ وہ دلی کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا وہ کس طرح بھر پور مقابلہ کر سکتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔
دہلی اسمبلی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا’’ `میں اس کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا کیونکہ ہمارا دہلی الیکشن کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے تاہم وہاں جو سیاسی جماعتیں لڑ رہی ہیں وہ یہ طے کر لیں کہ وہ بی جے پی کا کس طرح مقابلہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی پارٹی نے دہلی میں گزشتہ دو الیکشن جیتے ہیں اس وقت ہمیں انتظار کرنا ہوگا کہ دہلی کے لوگ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ انڈیا الائنس کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا’’الائنس کیلئے وقت کی کوئی حد معین نہیں تھی لیکن بدقسمتی سے اس کی کوئی میٹنگ نہیں بلائی جا رہی ہے تاکہ اس کی قیادت اور ایجنڈے کو واضح کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی الیکشن کے بعد یہ اچھا ہوگا کہ الائنس کے تمام متعلقین کی میٹنگ بلائی جائے تاکہ یہ واضح کیا جائے کہ یہ الائنس صرف عام انتخابات تک ہی محدود تھا یا اسمبلی انتخابات کیلئے بھی ہے تاکہ مل کر کام کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ اگر انڈیا اتحاد صرف لوک سبھا انتخابات تک تھا تو اسے ختم کر دیا جانا چاہئے۔
جموں میں منعقدہ اورینٹیشن پروگرام بارے میں عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ پروگرام نئے اراکین اسمبلی کو جموں کشمیر میں قانون سازی کے نئے فریم ورک کے مطابق ڈھالنے میں مدد کرے گاکیونکہ جموں کشمیر جب ریاست تھی تو اس وقت نظام مختلف تھااور اب مختلف ہے۔