علماء اور قائدین نے شرکاء کو حضور اکرمؐ کی مبارک سنتوں اور آپ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔گھاٹکوپر، مالونی ، وکھرولی ، ماہم ، کرلا ، گوونڈی اور میراروڈ وغیرہ کے جلوس میں بڑی تعدادمیں عاشقانِ رسولؐ کی شرکت
EPAPER
Updated: September 19, 2024, 11:07 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
علماء اور قائدین نے شرکاء کو حضور اکرمؐ کی مبارک سنتوں اور آپ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔گھاٹکوپر، مالونی ، وکھرولی ، ماہم ، کرلا ، گوونڈی اور میراروڈ وغیرہ کے جلوس میں بڑی تعدادمیں عاشقانِ رسولؐ کی شرکت
شہر کی طرح مضافات کے مختلف علاقوں میں بھی جلوس عید میلادالنبیؐ تزک و احتشام کے ساتھ نکالا گیا جس میں علماء اور قائدین جلوس نے شرکاء کو حضور اکرمؐ کی مبارک سنتوں اور آپ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
گھاٹکوپر
سنی کمیٹی کی جانب سے گھاٹکوپرمیں چراغ نگر سے نکالے گئے جلوس میں مہمان خصوصی مولانا سید محمد اشرف کلیم اشرفی نے حاضرین کو احتساب کی دعوت دی اورکہا کہ ’’ہمیں دیکھنا چاہئے کہ ہمارا عمل کیسا ہے، آقا کی تعلیمات پر ہم کتنا عمل کررہے ہیں۔ اسی سے دنیا و آخرت کی بھلائی اور تمام مسائل کا حل ممکن ہے۔
سینٹرل عید میلادالنبی کمیٹی گھاٹ کوپر کے صدر عارف نسیم خان نے کہا کہ نوجوانو، تمہیں زمانے سے ڈرنے کے ضرورت نہیں ، شرط یہ ہے کہ آقا کی سچی غلامی کا ثبوت پیش کیجئے اور آپ کی سنتوں سے اپنی زندگی کو آراستہ کیجیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرور انبیاء نے نو زائیدہ بچیوں، بیواؤں ، غلاموں ،یتیموں اور کمزروں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کو ختم کرکے انہیں سماج میں عزت اور بلند مقام عطا فرمایا۔ ہمیں اپنے والدین، رشتہ داروں اور پڑوسیوں سے حسن سلوک کی ضرورت ہے۔
اس جلوس میں کم وبیش ۱۲۵ ؍تنظیموں کی جانب سے گاڑیاں شامل کی گئی تھیں ۔
مالونی
مالونی میں انجمن جامع مسجد سے اویس قرنی قبرستان تک جلوس نکالا گیا۔اس موقع پر مولانا محمد اختر رضا مصباحی نے کہا کہ آج ہر شخص پریشان ہے، مسائل کا شکار ہے۔ اگر اس کی وجہ پر غور کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ آقاؐ کی تعلیمات سے دوری اس کی بنیاد ہے۔ اگر ہم آپؐ کے دامن سے وابستہ ہوجائیں اور سچی غلامی پیش کریں تو تمام مسائل حل ہوجائیں گے اور ہم سرخرو ہوسکتے ہیں۔
مقامی رکن اسمبلی اسلم شیخ نے کہا کہ آپ نے مساوات کی تعلیم دی، پڑوسیوں کے حقوق سمجھائے لیکن ہم نے اسے چھوڑ دیا جس کا نتیجہ ہمارے سامنے ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنااحتساب کریں ۔
وکھرولی
وکھرولی کےجلوس میں سنی مسجد کے امام مولانا فیروز البخت قادری نے شرکاء کو پیغام دیا کہ آج ہر شخص پریشانی کا رونا روتا ہے، حالات کا شکوہ کرتا ہے مگر اپنے عمل پر نگاہ نہیں ڈالتا ۔ حالات کا تعلق ہمارے اعمال سے ہے، اس لئے ہمیں اپنی اصلاح کرنی ہوگی ۔
انہوں نے معاشرے میں پھیلی برائیوں کی بھی نشاندہی کی اور کہا کہ ان برائیوں کے خاتمے کیلئے ہر شخص کو اپنی استطاعت کے مطابق کوشش کرنی ہوگی۔
دیگر علاقوں میں بھی جلوس نکالا گیا
اسی طرح ماہم ، کرلا، گوونڈی ، میراروڈ اور دیگر علاقوں میں بھی جلوس کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی ۔مذکورہ تمام علاقوں میں جلوس کے دوران پولیس کا سخت پہرہ تھا۔