• Sun, 17 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مشرقی ودربھ میں بارش کا زور بڑھا، سینکڑوں دیہات کا رابطہ منقطع، انتباہ جاری

Updated: July 25, 2024, 10:02 AM IST | Ali Imran | Nagpur

کھنی ندی میں سیلاب، ضلع کے مختلف ڈیم کی کھڑکیاں کھولی گئیں ، ندی نالوں کی سطح بڑھی

A bridge can be seen under water during heavy rains
شدید بارش کے دوران ایک پل زیر آب دیکھا جاسکتا ہے

 گزشتہ ۵؍ دنوں سے ناگپور سمیت مشرقی ودربھ میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہے۔ بیشتر مقامات پر شہر کی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ بھنڈارہ، گوندیا، گڈچرولی، چندرپور، ایوت محل، وردھا ضلع میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے کناروں پر بسے دیہاتوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ مسلسل بارش سے کئی دیہات کا بڑے شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ بھنڈارہ کی پین گنگا ندی خطرے کی سطح کو عبور کر چکی ہے۔ مدھیہ پردیش میں بھی بھاری بارش ہونے کی وجہ سے سنجے جھیل، پجاری ٹولہ اور دھاپیواڑہ ڈیم سے بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے بھنڈارہ  سے گزرنے والی پین گنگا ندی سیلابی کیفیت میں بہہ رہی ہے۔اس  ندی نے  ۲۴۵ء۵۰؍ کے خطرے کے نشان کو عبور کر لیا ہے۔ فی الحال کرادھا پل سے ۳؍ فٹ اوپر پانی بہہ رہا ہے۔ انتظامیہ نے ندی کنارے آباد شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ 
 ضلع میں گزشتہ ۸؍ دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ سیلابی پانی گھروں میں داخل ہونے سے سینکڑوں لوگوں کے مکانات میں موجود اشیائے  خوردنوش کا نقصان ہوا ہے۔ کھیت کھلیان زیر آب آنے کی وجہ سے فصلیں بھی برباد ہوچکی ہیں۔ بھنڈارہ کلکٹر اور ریسکیو ٹیم اس سیلابی صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔ اس دوران نقصان کے تخمینے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ گھوسی خورد ڈیم سے بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جا رہا ہے اور کئی دیہات کا رابطہ اب بھی منقطع ہے۔ انتظامیہ اور این جی اوز کی جانب سے مدد فراہم کی جارہی ہے۔  چندرپور ضلع میں اب تک سالانہ اوسط کے لحاظ سے۵۸؍ فیصد بارش ہو چکی ہے۔ گزشتہ۵؍ دنوں سے ضلع میں بارش سے زرعی فصلوں کو پہنچے نقصان کا پنچنامہ جاری ہے۔ مسلسل بارش کے باعث ایرائی ڈیم کے تمام۷؍ دروازے۰ء۵؍ میٹر تک کھل گئے ہیں۔  پجاری ٹولا ڈیم کے۱۳؍ دروازے اور سر پور ڈیم کے۷؍ دروازے کھولے گئے۔گوندیا ضلع میں گزشتہ۵؍ دنوں سے ہو رہی مسلسل بارش کی وجہ سے دیوری تعلقہ کے سرپور اور سالیکسا تعلقہ میں پجاری ٹولا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔   کالیسرار ڈیم کی کھڑکیاں کھلنے کا امکان ہے جس سے باگھ ندی میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اسلئے سالیکسا تعلقہ کے۱۴؍ گاؤں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ۵؍ دنوں سے ایوت محل ضلع میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ کیلاپور تعلقہ میں خونی ندی کا پل زیر آب آنے سے مانڈوی تا پاٹن بوری راستہ بند کر دیا گیا ۔  ضلع میں اب تک کل اوسط بارش۴۹۵ء۵؍ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK