• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبرا اور تلوجہ میں جلوس ِ عیدمیلادالنبیؐ جوش وخروش سے نکالا گیا

Updated: September 19, 2024, 9:53 AM IST | Mumbai

عاشقان رسول کے نعرۂ تکبیر اور نعرۂ رسالت سے فضا گونج اٹھی۔ جلوس میں شامل ٹرکوں پر دلکش جھانکیاں توجہ کا مرکز رہیں

A police officer congratulating Moin Mian during the rally
ممبرامیں جلوس کے دوران معین میاں کو ایک پولیس افسر مبارکبادیتے ہوئے

: ممبرا میں عید میلادلنبیؐ  کا ۴۴؍ واں جلوس روایتی انداز  اور تزک و احتشام کے ساتھ بدھ کو نکالا گیا ۔ اس جلوس میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ جلوس میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ٹرکوں پر الگ الگ دلکش و خوبصورت جھانکیاں بھی بنائی گئی تھیں جو قابل دید تھیں۔ کئی افراد نے ان جھانکیوں کے ساتھ تصویریں بھی لیں۔ جلوس کی صدارت حضرت معین الدین اشرف (معین میاں)  نے کی۔ جلوس میں شریک خواتین و حضرات نے درود شریف کا ورد کیا  اور لاؤڈ اسپیکروں پر نعت خوانی بھی جاری رہی۔ عید میلاد کے جلوس کیلئے تھوڑے تھوڑے فاصلے پر اسٹیج بھی لگائے گئے تھے جہاں سے شرکاء کو پانی اور شربت وغیرہ تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر ممبرا سے کوسہ تک پورے شہر کو سجایا گیا تھا اور جگہ جگہ لائٹنگ کا خصوصی اہتمام کیاگیا ہے۔ جلوس بامبے کالونی میں واقع غریب نواز مسجد سے شروع ہوکر، ممبراریلوے اسٹیشن سے ہوتے ہوئے،سیلیش نگر ، ممبرا پولیس اسٹیشن، سونا جی نگر، شمشاد نگر، شنکر مندر، قسمت کالونی ،تنور نگر  سے لوٹ کر حضرت فخر الدین شاہ بابا درگاہ روڈ  پر اختتام کوپہنچا۔جلوس میں مختلف سماجی اور سیاسی پارٹی کے لیڈروں نے بھی شرکت کی جن میں براداران وطن بھی شامل تھے۔
  اسی طرح تلوجہ کے فیز-ون  علاقے میں بدھ کو عیدمیلاد النبیؐ کا جلوس نہایت ہی جوش و خروش سے نکالا گیا جس میں بڑی تعداد میں عاشقان رسول ؐ نے شرکت کی۔یہ جلوس مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا  فیز-۲؍ میں اختتام پذیر ہوا ۔ اس دوران جگہ جگہ شرکاء کیلئے شربت،  پانی اور ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔فیز- ون میں مسجد عائشہ کے ذمہ دار افروز شیخ کی طرف سے تمام شرکاء کیلئے دوپہر کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ جلوس میں نعرۂ تکبیر اللہ اکبر ،نعرۂ رسالت ، نبی کا دامن نہیں چھوڑیں گے،نبی کی آمد مرحبا ،حضور کی آمد مرحبا  جیسے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔  اس موقع پر پولیس کا سخت حفاظتی بندوبست تھا ۔ اعلیٰ افسران شروع سے آخر تک جلوس کی نگرانی پر مامور تھے ۔اس موقع پر علماء نے شرکائے جلوس کوآپؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے ، ہر حال میں نماز کی پابندی کرنے اور خرافات سےبچنے کی تلقین کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK