پیپلز پارٹی نے نوجوانوں کیلئے بیروزگاری بھتہ، ہر بچے کیلئے تعلیم کو یقینی بنانے اورتنخواہیں ۵؍ سال میں دگنی کردینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کا اعلان کیا
EPAPER
Updated: December 28, 2023, 7:34 AM IST | Islamabad
پیپلز پارٹی نے نوجوانوں کیلئے بیروزگاری بھتہ، ہر بچے کیلئے تعلیم کو یقینی بنانے اورتنخواہیں ۵؍ سال میں دگنی کردینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کا اعلان کیا
پاکستان میں ۸؍ فروری کے عام انتخابات کیلئےہر گزرتے دن کے ساتھ ہلچل تیز ہوتی جارہی ہے۔ ایک طرف جہاں الیکشن کمیشن پرچہ نامزدگیوں کی جانچ میں مصروف ہے وہیں سیاسی لیڈر ووٹروں کو رجھانے کی مہم میں جٹ گئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے فرزند بلاول بھٹو نے گڑھی خدابخش میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کئی اہم اعلانات کرڈالے۔
انہوں نے عمران خان کی بے دخلی کے بعد بننے والی اپوزیشن پارٹیوں کی اتحادی حکومت کو جس میں پیپلز پارٹی بھی شامل تھی، کو ہی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام لگایا کہ اتحادی پارٹیوں کو ملک میں مہنگائی کم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی پارٹی کی جانب سے وعدہ کیا کہ حکومت بننے پر غریبوں کو۳۰۰؍ یونٹ تک بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ بلاول نے کہا کہ ہربچے کیلئے تعلیم تک رسائی اور ۵؍ سال کی میعاد میں تنخواہوں کو دگنا کرناترجیح ہوگی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے غریبوں کیلئے ۳۰؍ لاکھ گھر بناکر دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ بلاول بھوٹو نے بیروزگار نوجوانوں کو رجھانے کی کوشش کرتے ہوئے ’’یوتھ کارڈ‘‘ کے ذریعے نوجوانوں کو ایک سال تک مالی امداد دینے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پورے ملک میں صحت کا مفت نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے گرین اینرجی کے فروغ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کسان کارڈ بھی لانے کا وعدہ کیا ۔