ممبئی ڈویژن کانتیجہ ۹۳ء۶۶؍فیصد،کارکردگی کے معاملے میں لڑکیوں نے لڑکوںپر سبقت حاصل کی، گزشتہ سال کےمقابلے امسال ریاست کا مجموعی رزلٹ ۳ء۱۱؍فیصد کم آیاہے
EPAPER
Updated: June 03, 2023, 10:44 AM IST | Mumbai
ممبئی ڈویژن کانتیجہ ۹۳ء۶۶؍فیصد،کارکردگی کے معاملے میں لڑکیوں نے لڑکوںپر سبقت حاصل کی، گزشتہ سال کےمقابلے امسال ریاست کا مجموعی رزلٹ ۳ء۱۱؍فیصد کم آیاہے
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن نے ایس ایس سی امتحان ۲۰۲۳ء کارزلٹ جمعہ کو دوپہر ایک بجے جاری کیا۔ ریاست کا مجموعی نتیجہ ۹۳ء۸۳؍ فیصد رہا۔ ایچ ایس سی کے ساتھ ایس ایس سی امتحان میں بھی کوکن ڈویژن ۹۸ء۱۱؍فیصد کے ساتھ ۹؍ ڈویژن میں ٹاپ رہا۔ ممبئی ڈویژن کا رزلٹ ۹۳ء۶۶؍فیصد رہا۔ ایچ ایس سی کے طرح ایس ایس سی امتحان میں بھی لڑکیوںنے لڑکوں پر بازی ماری۔ گزشتہ سال کےمقابلے امسال ریاست کا مجموعی رزلٹ ۳ء۱۱؍فیصد کم آیاہے۔
امسال مجموعی نتیجے میں معمولی کمی آئی
اسٹیٹ بورڈ کے چیئرمین شرد گوساوی نے ایس ایس سی رزلٹ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ ’’ گزشتہ سال کےمقابلے امسال ایس ایس سی کامجموعی رزلٹ ۳ء۱۱؍فیصد کم آیاہے۔ لیکن امسال بھی لڑکیوں نے لڑکوںکےمقابلےمیں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ۔لڑکیوں کا رزلٹ ۹۵ء۸۷؍فیصد اور لڑکوںکا رزلٹ ۹۲ء۰۵؍فیصد آیاہے۔ انہوںنے امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکبا د پیش کی ۔ جو طلبہ کامیاب نہیں ہوسکے ہیں ۔انہیں ازسرنو طریقے سے امتحان کی تیاری کرنےکا پیغام دیا۔ ‘‘
کوکن ڈویژن سرفہرست
واضح رہےکہ ۲۰۲۳ءمیں ۱۵؍لاکھ ۲۹؍ہزار ۹۶؍طلبہ نےایس ایس سی امتحان دیاتھا جن میں سے ۱۴؍لاکھ ۳۴؍ہزار ۸۹۸؍ طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ اس طرح مجموعی رزلٹ ۹۳ء۸۳؍ فیصد آیاہے۔جن میں سے ممبئی ڈویژن سے امتحان دینےوالے طلبہ کا رزلٹ ۹۳ء۶۶؍فیصد ہے۔ کوکن ڈویژن نے ۹۹ء۱۱؍ فیصد کے ساتھ ۹؍ڈویژن میں اوّل پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ناگپور ڈویژن کاسب سے کم ۹۲ء۰۵؍فیصدرزلٹ رہا۔کوکن ڈویژن میں سندھو درگ ضلع کا رز لٹ سب سے بہتر ۹۸ء۵۴؍فیصد آیاہے۔ دوسرے نمبر پر رتناگیری ( ۹۷ء۹۰؍ فیصد) ہے۔
امسال صدفیصد سے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد۱۵۱؍ ہے
۱۰۰؍فیصد مارکس سے کامیابی حاصل کرنےوالے طلبہ کی تعداد ۱۵۱؍ ہے ۔ جن میں سب سے زیادہ لاتور کے ۱۰۸؍طلبہ ہیں۔ اورنگ آباد کے ۲۲؍ امرائوتی کے ۷؍ ممبئی کے ۶؍ پونے کے۵؍اور کوکن کے ۳؍طلبہ نے صدفیصد نمبرات سے کامیابی درج کروائی ہے۔ ۶۶؍ہزار ۵۷۸؍ طلبہ کو۹۰؍فیصد سے زیادہ مارکس سے کامیابی ملی ہے۔ ۴؍لاکھ ۸۹؍ہزار ۴۵۵؍طلبہ نے ۷۵؍فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کیاہے۔ ایک لاکھ ۷۳؍ہزار ۵۸۶؍ طلبہ کواسپورٹس اور ثقافتی سرگرمیوںمیں حصہ لینے کی وجہ سے اضافی مارکس دیئےگئےہیں۔
پرائیویٹ اُمیدوار کے طورپر امتحان دینےوالے ۲۰؍ہزار ۵۷۴؍طلبہ میں سے ۱۵؍ہزار ۲۷۷؍ کوکامیابی ملی ہے ۔ ان کانتیجہ ۷۴ء۲۵؍فیصد رہا۔ تمام ۹؍ڈویژن سے ۸؍ہزار ۳۱۲؍ معذور طلبہ نے امتحان دیاتھاجن میںسے ۷؍ہزار ۶۸۸؍ طلبہ کو کامیابی ملی ہے۔ ان کا رزلٹ ۹۲ء۴۹؍فیصد آیاہے۔
مہاراشٹر کا ایس ایس سی رزلٹ گزشتہ کچھ برسوںسے کم زیادہ ہورہاہے۔۲۰۲۰ءمیں ۹۵ء۳۰؍فیصد نتیجہ آیاتھا۔ جو ۲۰۲۱ءمیں بڑھ کر ۹۹ء۵؍فیصدہوگیاتھا۔ بعدازیں ۲۰۲۲ءمیں یہ رزلٹ گرکر ۹۶ء۹۴؍فیصد پر آگیاتھااورامسال ۹۳ء۸۳؍فیصدآیاہے۔