• Thu, 31 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مادھوی پوری کے معاملے میں کانگریس لائو لشکر کیساتھ مودی سرکار پر حملہ آور

Updated: October 30, 2024, 10:31 AM IST | New Delhi

پارٹی صدر کھرگے نے ٹویٹس کی جھڑی لگادی ،راہل گاندھی نے ویڈیو جاری کرکے تلخ سوال پوچھے ، پارٹی ترجمان پون کھیڑا نے پریس کانفرنس کی

Controversial head of market regulatory body SEBI Madhavi Puri
مارکیٹ ریگولیٹری باڈی سیبی کی متنازع سربراہ مادھوی پوری

سیبی چیئرپرسن مادھوی پوری کے معاملہ پر کانگریس مودی سرکار پر لگاتار حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے یہ حملہ مزید بڑھ گیا ہے اور اس معاملے میں بنائے گئے راہل گاندھی  کے ویڈیوس نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ اس درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں براہ راست پی ایم مودی کو ہدف تنقید بنایا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’نریندر مودی جی، آپ اپنے ذریعہ مقرر کردہ چیئرپرسن کے ماتحت سیبی میں پیدا ہوئی سڑاندھ کو چھپا نہیں سکتے۔ مستقل ہو رہے انکشافات اس کی حالت کو ناقابل اعتماد بناتا ہے۔‘‘اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کھرگے نے پی ایم مودی پر سیبی کا تقدس پامال کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ آپ نے  برسوں کی  محنت سے بنائے گئے ہندوستانی مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے تقدس کو پامال کر دیا ہے جس سے کروڑوں چھوٹے اور درمیانے سرمایہ کاروں کی محنت سے کمائی گئی بچت خطرے میں پڑ گئی ہے۔
   کھرگے کے بعد کانگریس کے سینئرلیڈر اور ترجمان  پون کھیڑا نے پریس کانفرنس میں سیبی چیئرپرسن مادھوی پوری پر سنگین الزامات عائد  کئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے راہل گاندھی کے یوٹیوب چینل پر متعدد ویڈیوس میں مادھوی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کھیڑا نے سوال کیا کہ حکومت کو مادھوی کو بچانے کی مجبوری کیا ہے۔وہ کیوں ان پر کارروائی نہیں کر رہی ہے ؟ کانگریس پارٹی نے الزام لگایا کہ سیبی کے قواعد  اور ضوابط کے تحت مادھوی پوری  اور سیبی کے ایک اور افسر اننت نارائن نے اپنے عہدے کے ساتھ جڑے اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ پون کھیڑا کے مطابق، مادھوی  پوری کی ممبئی میں ایک جائیداد ہے جو انہوں نے گرین ورلڈ بلڈکون اینڈ انفرا نامی کمپنی کو کرایہ پر دی ہوئی ہے۔

پون کھیڑا کے مطابق  اس  مکان کے کرائے دار مکُل بنسل اور وپُل بنسل ہیں۔ کھیڑا نے ان دونوں افراد کا انڈیا بُلز سے تعلق ظاہر کیا جو سیبی کے زیرنگرانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعلق سے سیبی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے سیکشن ۴؍ ۷؍ اور ۸؍ کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ اسی معاملے میںکانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر  راہل گاندھی نے معروف صنعت کار گوتم اڈانی کو حکومت کی جانب سے دی جا رہی اجارہ داریوں پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے منگل کو ایک ویڈیو جاری کیا۔ ایکس پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا کہ مودی حکومت میں ’مونوپولی بچاؤ سنڈیکیٹ ‘یعنی گروہ چلایا جا رہا ہے اور اڈانی جس شعبہ میں بھی چاہیں اجارہ داری حاصل کر لیتے ہیں۔راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’مونوپولی بچاؤ سنڈیکیٹ! ایئرپورٹس میں مونوپولی، پورٹس میں مونوپولی، سیمنٹ میں مونوپولی، بجلی میں مونوپولی، دفاع میں بھی مونوپولی۔ اڈانی جو بھی سیکٹر چاہے، سنڈیکیٹ اسے مونوپولی یعنی اجارہ داری دلانے میں لگ جاتا ہے۔خیال رہے کہ راہل گاندھی نے گزشتہ روز بھی ویڈیو جاری کر کے اڈانی پر کارروائی نہ کرنے کے سلسلہ میں سیبی اور اس کی سربراہ مادھوی پوری پر حملہ کیا تھا۔ تازہ ویڈیو میں راہل گاندھی کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا کو سمجھاتے ہیں کہ کس طرح ’اڈانی ڈیفنس‘ کی ویب سائٹ پر اسرائیل کے ہتھیار نام بدل کر فروخت  کئے جارہے ہیں۔راہل گاندھی نے اڈانی ڈیفینس کی ویب سائٹ پر ظاہر کئے گئے ایک چھوٹے ہتھیار ’ابھے‘ کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں یہ اسرائیل کا ہتھیار ہے جس کا نام ’ٹاوور‘ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح اسرائیل کے ہتھیار خرید کر ان کے نام بدل د ئیے جاتے ہیں اور اس کے دم پر اڈانی ہتھیار فروخت کرنے والے نمبر شخص ون بن گئے۔‘‘راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ اڈانی کو اجارہ داری دینے کے  لئے مکمل نظام کو بائی پاس کیا جا رہا ہے۔ اتنا سب کچھ سننے کے بعد پون کھیڑا حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا بھی کچھ ہو سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس دو چیزوں سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے ایک تو قومی سلامتی اور دوسرا نوجوانوں کا مستقبل۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK