• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ویسٹرن ریلوے میں رواں مالی سال ۲؍ ارب روپے جرمانہ وصول کرنے کا ہدف

Updated: October 22, 2024, 10:43 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

تہواروں کے سیزن میں ٹکٹ چیکروں کو خاص طور پر تیار کیا جارہا ہے۔ ایک سینئر افسر کے مطابق یہ ٹارگیٹ پورا کرلیا جائے گا۔

Ticket checkers have been ordered to strictly check those traveling without tickets. Photo: INN
بغیرٹکٹ سفر کرنے والے افراد کی سختی سے جانچ کرنے کا ٹکٹ چیکروں کو حکم دیا گیا ہے۔ تصویر : آئی این این

ویسٹرن ریلوے میں بلاٹکٹ سفر کرنے والوں سے جرمانہ وصول کرنے کے لئے ۲؍ ارب روپے کاہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں ممبئی سینٹرل ڈویژن کو ایک ارب روپے سے زائد وصول کرنا ہے ۔ اس لئے طویل مسافتی اور لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والوں کی سختی سے جانچ کرنے کا ٹکٹ چیکروں کو حکم دیا گیا ہے۔ انہیں بہرصورت یہ نشانہ پورا کرنا ہے۔ ریلوے کے ایک سینئر افسر کے مطابق ٹارگیٹ پورا کرلیا جائے گا۔
 رواں سال میں اب تک ممبئی سینٹرل ڈویژن میں تقریباً ۳۵؍ کروڑ روپے وصول کئے گئے ہیں جو طے شدہ نشانے سے ۲۵؍ فیصد کم ہے، حالانکہ ابھی مالی سال پورا ہونے میں۶؍ ماہ باقی ہے۔ اس لئے کام بہتر ہو اور ٹکٹ چیکروں کے چھٹی پر رہنے پر بھی کام متاثر نہ ہو، اس کے لئے ٹیم بنا کر انہیں ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ 
ٹکٹ چیکروں کو مستعد کرنے کی ضرورت اس لئے بھی پیش آئی کہ لوکل ٹرینوں کی طرح طویل مسافتی ٹرینوں میں بھی بلا ٹکٹ سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ کچھ وقت سے ریزرو ڈبوں سے ویٹنگ لسٹ والے مسافروں کو بھی اتارا جارہا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ جرمانہ وصول کئے جانے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اسی لئے یہ نیا ٹارگیٹ مقرر کیا گیا ہے۔
ویسٹرن ریلوے میں۲۴-۲۰۲۳ء  میں بلا ٹکٹ مسافروں سے۱۷۴؍ کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا تھا جو  اس وقت مقرر کئے گئے۱۴۰؍ کروڑ روپے سے ۲۴؍ فیصدر زیادہ تھا۔ چونکہ اب تہواروں کا سیزن شروع ہو گیا ہے، لاکھوں لوگ اس دوران سفر کریں گے۔ اس لئے ٹکٹ چیکر  اسٹاف کو ابھی سے تیار کیا جارہا ہے۔ 
جو نشانہ مقرر کیا گیا ہے، اس میں۱۰۱ء۸۰؍ کروڑ روپے ممبئی سینٹرل ڈویژن کو وصول کرنا ہے جو جرمانہ کی مجموعی رقم سے۵۰؍ فیصد سے بھی زائد ہے ۔ 
ایک افسر نے انقلاب کو  بتایا کہ یہ ٹارگیٹ پورا کر لیا جائے گا اس لئے کہ اس سے پہلے والے سال میں ٹکٹ چیکر اسٹاف نے اپنی محنت سے مقررہ نشانے سے ۳۴؍ کروڑ روپے زائد جمع کرائے تھے۔ چنانچہ بہت زیادہ دشواری نہیں ہوگی۔ 
ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ اب تک کئی مرتبہ ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کی جانب سے مہم چلائی گئی تھی ۔ اس میں رواں مہینے تک۶۸ء۴۵؍ کروڑ روپے وصول کئے گئے ہیں۔ اس میں۲۲ء۷۰؍ کروڑ روپے لوکل ٹرین میں بلا ٹکٹ سفر کرنے والوں سے وصول کئے گئے ہیں۔‌ انہوں نے مزید بتایا کہ الگ الگ معاملات میں ایک لاکھ ۳۸؍ہزارکیس  درج کئے گئے اور۶؍ کروڑ ۱۴؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
اسی طرح ویسٹرن ریلوے میں لوکل سیکشن پر۸۰؍ ہزار کیس پکڑے گئے اور ۲؍ کروڑ۶۹؍لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ اس کے علاوہ اے سی لوکل ٹرینوں میں غیر قانونی طریقے سے سفر کرنے والوں کو روکنے کیلئے مختلف مواقع پر کی گئی جانچ میں اپریل سے اب تک۲۵؍ہزار ۵۰۰؍ مسافروں پر جرمانہ عائد کیا گیا اور ان سے۹۴؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ 
ریلوے کی جانب سے مسافروں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ جرمانہ وصول کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ قانونی طریقے سےٹکٹ لے کر سفر کرنا ایک ذمہ دار شہری کی پہچان ہے اور ہر مسافر کو اس کا ثبوت دینا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK