وزیرداخلہ امیت شاہ کی یقین دہانی، ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن کو نشانہ بنایا جنہوں نے ۸؍ سیٹوں کی کمی کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 12:13 PM IST | Agency | Coimbatore
وزیرداخلہ امیت شاہ کی یقین دہانی، ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن کو نشانہ بنایا جنہوں نے ۸؍ سیٹوں کی کمی کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بدھ کو ڈی ایم کے پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوک سبھا کے حلقوں کی مجوزہ حد بندی کے تحت تمل ناڈو سمیت ملک کی جنوبی ریاستوں میں لوک سبھا کی ایک بھی نشست کم نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ جنوبی ریاستوں نے آبادی پر کنٹرول کی پالیسی پر شمالی ہند کے مقابلے میں بہتر عمل کیا ہے ۔اس لئے نئی حد بندی میں اندیشہ ہے کہ یاتو جنوبی ہند کی سیٹیں کم ہوں گی یا پھر شمالی ہند کی سیٹیں بڑھ جائیں گی۔چونکہ لوک سبھا کی سیٹوں کا تعین آبادی کے لحاظ سے ہوتا ہے اس لئے د ونوں ہی صورتوں میں پارلیمنٹ میں میں جنوبی ہند کی نمائندگی کم ہونے کا اندیشہ ہے۔
تاہم وزیر داخلہ نے سیٹیں کم ہونے کی تردید کی ہے۔ امیت شاہ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کوئمبٹور، رامناتھ پورم اور ترووناملائی میں ضلعی دفاتر کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ’’ حد بندی کے عمل کے تحت تمل ناڈو سمیت جنوبی ریاستوں میں ایک بھی نشست کم نہیں ہوگی اور اس کے بجائے نشستوں کی تعداد بڑھے گی۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ’’تمل ناڈو میں ڈی ایم کے کی بدعنوان اور ملک دشمن حکمرانی کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘‘ انہوں نے دہلی میں بی جےپی کی کامیابی کو تاریخی آغاز قراردیا۔ دوسری طرف اسٹالن نے لوک سبھا کی سیٹوں کیلئے پارلیمانی حلقوں کی نئی حد بندی کو جنوبی ہند کے سر پر لٹکتی ہوئی مہلک تلوار قرار دیا ہے اور اس مسئلہ پر بات چیت نیز ریاستوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ریاستی سطح پر ۵؍ مارچ کو آل پارٹی اجلاس بھی طلب کیا ہے۔