لگاتار بارش کے سبب پانی اتنی تیزی سے بڑھ گیا کہ ترکی کے سیلاب زدہ شہر بساکسیہر میں کئی افراد ایک لائبریری کے اندر پھنس گئے ۔قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے۱۲؍سو سے زائد افراد سرگرم ہیں
EPAPER
Updated: September 07, 2023, 10:14 AM IST | istanbul
لگاتار بارش کے سبب پانی اتنی تیزی سے بڑھ گیا کہ ترکی کے سیلاب زدہ شہر بساکسیہر میں کئی افراد ایک لائبریری کے اندر پھنس گئے ۔قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے۱۲؍سو سے زائد افراد سرگرم ہیں
: ترکی ، یو نا ن اور بلغاریہ میں کئی مہینے بعد غیر معمولی بارش کے بعد تینوں ممالک سیلاب کی زد میں ہیں جس سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس دوران۱۲؍ افراد کی موت ہوگئی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق ترکی کے صوبہ استنبول میں کئی مہینے بعد بدھ کو پہلی بار موسلادھار بارش ہوئی جس سے کئی اضلاع میں سیلاب آ گیا اور۴؍فراد ہلاک ہو گئے۔ملک کے شمالی اضلاع ارناوتکوئی اور بساکسیہر اور استنبول نیو ایئرپورٹ کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق منگل کی شام۶؍ بجے کے قریب بارش شروع ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے پہلے ہی شمالی اضلاع میں شدید بارش کی وارننگ جاری کر دی تھی۔مقامی میڈیا کے مطابق شمالی علاقے میں واقع بساکسیہر سب وے اسٹیشن شدید بارش کے باعث زیر آب آ گیا اور کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوا ہے۔
ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی نے اطلاع دی ہے کہ سیلاب زدہ شہر بساکسیہر میں کئی افراد ایک لائبریری کے اندر پھنسے ہوئے ہیں جو امدادی کارکنوں کے پہنچنے کے انتظار میں ہیں۔ بساکسیہر اور ککسیکیمیس کی میونسپلٹیوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب آنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے یورپی حصے میں کرکلاریلا شہر میں سیلاب سے تقریباً ۴؍ افراد لاپتہ ہیں۔
وزارت دفاع نے متاثرین کی مدد کیلئے ایک فوجی گروپ بھیجا ہے۔استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو نے کہا کہ حکام کو اتنی بارش کی توقع نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے۱۲؍سو سے زائد افرادکام کر رہے ہیں۔
پڑوسی ممالک یونان اور بلغاریہ میں موسلادھار بارش سے اموات ہوئی ہیں۔ ہزاروں افراد متاثر ہیں۔ دونوں ممالک میں جابجاپانی جمع ہے۔ خبر لکھے جانے تک اے پی نے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ۱۲؍بتائی ہےلیکن یہ نہیں بتایا ہےکہ کہاں کتنی اموات ہوئی ہیں؟