• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دو ہزار چوبیس میں بی جے پی کو شکست دی جائے اور پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا دوبارہ افتتاح کروایا جائے

Updated: May 28, 2023, 10:24 AM IST | Mumbai

آج دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح ہونے جا رہا ہے جبکہ اپوزیشن کی تقریباً تمام بڑی پارٹیوں نے اس کی افتتاحی تقریب کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

Prakash Ambedkar, head of Vinchat Bahujan Aghari
ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر

آج دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں  پارلیمنٹ کی نئی عمارت  کا افتتاح  ہونے جا رہا ہے جبکہ اپوزیشن کی تقریباً تمام بڑی پارٹیوں نے  اس کی افتتاحی تقریب کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔  اپوزیشن کے بائیکاٹ کے باوجود حکومت اس نئی عمارت کا افتتاح  صدر جمہوریہ کے بجائے وزیر اعظم کے ہاتھوں کروانے پر بضد ہے۔ اس تعلق سے  آئین کے معمار بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے سر براہ پرکاش امبیڈکر نے   اپوزیشن پارٹیوں سے کہا ہے کہ وہ ۲۰۲۴ء  میں بی جے پی کو شکست دیں اور اقتدار میں آنے کے بعد نئے سرے سے صدر جمہوریہ کے ہاتھوں اس عمارت کا افتتاح کروائیں۔
   پرکاش امبیڈکر نے بی جے پی حکومت پر ’منو واد ‘ ( چھوت چھات پر عمل پیرا ہونے کا الزام لگایا۔   انہوں نے  ٹویٹر پر اپنا ایک ویڈیو بیان جاری کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو میں کہی ہوئی باتوں کو متن کی شکل میں بھی پوسٹ کیا۔  اپنے بیان میں پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ کی نئی، وسیع عمارت کا افتتاح ہونے جا رہا ہے اور بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ اس وقت مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے۔ ‘‘  پرکاش امبیڈکر  کے مطابق  ’’ بی جے پی اور آر ایس ایس ویدک دھرم کو مانتی ہیں  اور ویدک دھرم میں خواتین اور آدیواسیوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔ صد ر جمہوریہ دروپدی مرمو ایک آدیواسی خاتون ہیں۔  یہی وجہ ہے کہ وہ اس نئی عمارت کا افتتاح صدر جمہوریہ سے کروانے سے گریزکر رہی ہے۔‘‘  دلت لیڈر نے کہا’’  بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریات میں خواتین اور آدیواسی یہ دونوں انسان ہی نہیں ہیں۔ اس کا عملی نمونہ آج دکھائی دے رہا ہے۔  دروپدی مرمو صدر جمہوریہ ہوتے ہوئے بھی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح نہیں کر سکتیں۔ ‘‘ 
     ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’’بی جے پی صدر جمہوریہ کے بجائے  پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح’ اپنے آدمی‘نریندر مودی کے ہاتھوں کروا رہی ہے، ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔  ‘‘ پرکاش امبیڈکر کا کہنا تھا کہ ’’ اس کے ذریعے ملک بھر کے آدیواسیوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ان کی اس ملک میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ‘‘  پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ ’’ میں ملک کے تمام آدیواسیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ۲۰۲۴ء میں بی جے پی کو شکست دینے کے بعد اقتدار میں آنے کے بعد  اس عمارت کا افتتاح دوبارہ کریں گے۔ اس وقت یہ کام صدر جمہوریہ کے ہاتھوں ہوگا۔‘‘  یاد رہے کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں  تقریباً تمام بڑی پارٹیوں نے  شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں کانگریس، ترنمول کانگریس، شیوسینا، عام آدمی پارٹی، جے ڈی یو اور  آرجے ڈی جیسی پارٹیاں شامل ہیں۔ پرکاش امبیڈکر کی پارٹی ونچت بہوجن اگھاڑی نے آئندہ انتخابات کیلئے ادھو ٹھاکرے کی شیوسیناکیساتھ اتحاد کر رکھا ہے۔ بہت ممکن ہے کہ وہ مہا وکاس اگھاڑی  میں شامل ہو جائیں ۔

parliment Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK