• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوگیندر یادو کے پروگرام میں ونچت بہوجن اگھاڑی کے کارکنان کا ہنگامہ،توڑ پھوڑ، کرسیاں اٹھاکر پھینک دی

Updated: October 22, 2024, 11:01 AM IST | Agency | Akola

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے پیش نظر ریاست میں ’بھارت جوڑ ابھیان‘ مہم چلانے والے سیاسی اور سماجی کارکن یوگیندر یادو کو اکولہ میں ونچت بہوجن اگھاڑی کے کارکنان کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔

Yogendra Yadav during the commotion. Photo: Agency
ہنگامے کےدوران یوگیندر یادو۔ تصویر :ایجنسی

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے پیش نظر ریاست میں ’بھارت جوڑ ابھیان‘ مہم چلانے والے سیاسی اور سماجی کارکن یوگیندر یادو کو اکولہ میں ونچت بہوجن اگھاڑی کے کارکنان کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی تقریر کے دوران ونچت کارکنان نے ہنگامہ کھڑا کر دیا حتیٰ کہ انہیں اپنی تقریر روکنی پڑی۔ یوگیندر یادو پیر کو اکولہ کے ضلع پریشد کرمچاری بھون میں ’جمہوریت کا تحفظ اور ہمارا حق رئے دہندگی‘ عنوان سے تقریر کر رہے تھے۔ 
یاد رہے کہ یوگیندر یادو ایک انتخابی سیاست کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اس وقت مہاراشٹر میں اپنی تنظیم’بھاروت جوڑو ابھیان‘ ریاست کی مقامی تنظیم مہاراشٹر ڈیموکریٹک فرنٹ کے اشتراک سے پوری ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے پہلے اورنگ آباد میں بعض مقامات پر خطاب کیا تھا جہاں اپنی تقریروں میں اس بات پر زور دیا تھا کہ تیسری پارٹیوں کو ووٹ نہ دیا جائے  تاکہ ووٹوں کی تقسیم نہ ہو۔ یاد رہے کہ بیشتر مقامات پر ان کا نشانہ مجلس اتحادالمسلمین یا پھر پرکاش امبیڈکر کی ونچت بہوجن اگھاڑی رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ونچت بہوجن اگھاڑی میں یوگیندر یادو کے تئیں ناراضگی تھی۔ ونچت کے کارکنان اسٹیج پر چڑھ کر یوگیندر یادو سے بحث کرنےلگے کہ آپ کے پروگرام کا عنوان ہے ’جمہوریت کا تحفظ اور ہمارا حق رائے دہندگی‘ ہے، لیکن آپ نے اپنی تقریر میں ’جمہوریت کی کون سی بات کی؟   
ونچت کارکنان نے اسٹیج پر چڑھ کر یوگیندر یادو کے ہاتھ سے مائیک چھین لیا اور نعرے لگائے لگے ’’یہاں آئین کی کون سی بات کی گئی جواب دو!‘‘ منتظمین نے فوراً یوگیندر یادو کو گھیر لیا اور انہیں بچانے لگے۔ منتظمین کی ونچت کارکنان سے حجت بھی ہوئی لیکن یوگیندر یادو کو اپنی تقریر ادھوری چھوڑی پڑی اور ان کا پروگرام ختم ہو گیا۔ اس دوران کچھ کارکنان نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ ہال میں رکھی ہوئی کرسیوں کو ادھر اُدھر پھینک دیا۔ 
 یہ جمہوریت پر حملہ ہے 
اس حملے کے بعد یوگیندر یادو کا پروگرام تو ختم ہو گیا لیکن انہوں نے بعد میں میڈیا سے بات کی اور اس حملے کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا ’’ میں نے تقریباً ۱۰۰؍ مقامات پر خطاب کیا ہے لیکن کہیں بھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ وہ کون لوگ ہیں جنہیں ہمارے بولنے کا خوف ہے؟ بے خوف ہونا ہی ہمارا مشن ہے۔ میں اکولہ میں تقریر کرنے دوبارہ آئوں گا۔‘‘ یوگیندر یادو نے کہا ’’  پرکاش امبیڈکر ایسے آدمی نہیں ہیں کہ  اس واقعے کی حوصلہ افزائی کریں۔ ونچت کے کارکنان نے جس کسی کے کہنے پر بھی یہ حملہ کیا ہو، یہ حملہ پرکاش امبیڈکر کو بھی شرمندہ کرنے والا ہے۔‘‘ سماجی کارکن نے کہا ’’ بھارت جوڑو ابھیان‘ ملک کی مختلف تنظیموں کی متحدہ مہم ہے۔ ہمارا مقصد الیکشن لڑنا نہیں ہے۔  آئین ہی ہمارا امیدوار ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’سوال پوچھنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ ہم ان کے جواب دینے کیلئے بھی تیار تھے لیکن وہ لوگ سننے ہی کیلئے تیار نہیں تھے۔  انہوں نے آئین پر حملہ کیا ہے۔ ہنگامہ کرنا، کسی پر حملہ کرنا یہ مہاراشٹر کی تہذیب نہیں ہے۔ یہ جمہوریت پر حملہ ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK