ان کے ساتھ اجیت پوار بھی حلف لیں گے لیکن ایکناتھ شندے کے حکومت میں شامل ہونے پر سسپنس برقرار، پریس کانفرنس میں تینوں لیڈر ساتھ ہی نظر آئے۔
EPAPER
Updated: December 05, 2024, 9:57 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ان کے ساتھ اجیت پوار بھی حلف لیں گے لیکن ایکناتھ شندے کے حکومت میں شامل ہونے پر سسپنس برقرار، پریس کانفرنس میں تینوں لیڈر ساتھ ہی نظر آئے۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں حیرت انگیز اور غیر متوقع اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے کے ۱۱؍ دن بعد بالآخر بدھ کو مہا یوتی کی جانب سے دیویندر فرنویس کو اگلا وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان کردیا گیا ۔ یہ اعلان حلف برداری کی تقریب سے محض ایک روز قبل کیا گیا ہے ۔ حکومت کی تشکیل دینے کی کارروائی ضروری کارروائی جس میں گورنر کو حمایت کا خط اور گورنر کی جانب سے حکومت سازی کی دعوت کی تمام سرگرمیاں چند گھنٹوں میں پوری کرلینے کے بعدمہا یوتی کی تینوں اہم پارٹیوں کے لیڈروں دیویندر فرنویس ، ایکناتھ شندے اور اجیت پوار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیاکہ دیویندر فرنویس ہی مہاراشٹر کےاگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
پریس کانفرنس میں اتحاد کا مظاہرہ
اس پریس کانفرنس میں مختلف قلمدانوں کی تقسیم اور کتنے لیڈران حلف لیں گے اس بارے میں نہیں بتایا گیا بلکہ یہ کہا گیا کہ جلد ہی اس بارے میں مطلع کردیا جائے گا۔ اس سے قبل منعقدہ پریس کانفرنس میں تینوں لیڈروں نے اس بات کا یقین دلایاکہ جس طرح ہم نے ڈھائی برس تک کسان اور عوام کی فلاح و بہبودکو ملحوظ رکھتے ہوئے کام کیا ہے اسی طرح اگلے۵؍ سال بھی کریں گے اور مہاراشٹر کو نمبر ون ریاست بنائیں گے۔
دن بھر کی ہلچل
نئی حکومت تشکیل دینے کیلئے بدھ کی صبح سے ہی ممبئی میں زبردست سیاسی ہلچل تھی ۔ صبح مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن کی نگرانی میں ممبئی کے ودھان بھون کے سینٹرل ہال میں بی جےپی کی کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں بغیر کسی مخالفت کے دیویندر فرنویس کو وزیر اعلیٰ بنانے کی تجویز منظور ہو گئی۔ اس کے بعد فرنویس اور اجیت پوار نے وزیر اعلیٰ شندے کی سرکاری رہائش گاہ ورشا پر میٹنگ کی ۔ دوپہر ساڑھے ۳؍بجے تینوں لیڈروں نے گورنر سے ملاقات کی اور نئی حکومت تشکیل دینے اور دیویندر فرنویس کو وزیر اعلیٰ بنانےکا دعویٰ پیش کیا۔ گورنرسی پی رادھا کرشنن نے جمعرات یعنی ۵؍ دسمبر کو شام ساڑھے ۵؍بجے آزاد میدان میں حلف برداری کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت دیتے ہوئے نئی حکومت قائم کرنے کیلئے مہایوتی کو باقاعدہ دعوت دی۔
فرنویس نے شکریہ ادا کیا
گورنر جوشی سے ملاقات کے بعد شندے ، فرنویس اور اجیت پوار نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ پریس کانفرنس میں فرنویس نے مہا یوتی کے لیڈروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں وزیر اعلیٰ بنانے کی حمایت کی۔انہوں نے رام داس اٹھاؤلے اور جن سوابھیمان پارٹی کے ساتھ ساتھ انہیں حمایت دینے والے آزاد امیدواروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ فرنویس نے یہ بھی کہا کہ کتنے لوگ حلف لیں گے اس کی معلومات جلد ہی دے دی جائے گی۔ سبھی فیصلے ہم سب نے مشترکہ طور پر کئے ہیں ۔ رہی بات وزیر اعلیٰ یا نائب وزیر اعلیٰ کی تو یہ سب تکنیکی انتظامات ہیں حقیقت یہی ہے کہ ہم تینوں مہا یوتی کی سرکار میں مل کر ہی فیصلہ کریں گے ۔
ایکناتھ شندے سے درخواست کی
دیویندر فرنویس نے اس دوران ایکناتھ شندے سے درخواست کی کہ وہ حکومت میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایکناتھ شندے سرکار میں شامل ہوں گے اور ہم اجیت پوار کیساتھ مل کر بہتر سرکار دینے کی کوشش کریں گے۔
اجیت پوار کی وضاحت
اجیت پوار نے پریس کانفرنس میں اپنا خطاب شروع کرتے ہی پہلے صفائی دی کہ وہ دہلی امیت شاہ سے ملاقات کرنے نہیں بلکہ ان کی راجیہ سبھا رکن بیوی سونیترا کو ملنے والے ۱۱؍ جن پتھ کے بنگلہ کی تزئین کاری کیلئے آرکیٹیک کو لے کر وہاں گئے تھے۔ اس کے علاوہ انتخابی نشان کے تعلق سے سپریم کورٹ میں جو سماعت جاری ہے اس سلسلے میں ان کے وکیل سے بھی ملاقات کرنے گئے تھے۔اس کے باوجود میڈیا میں افواہ پھیلائی گئی کہ مَیں امیت شاہ سے ملنے گیا تھا۔
سبھی کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم
اجیت پوار نے کہا کہ ہمیں تجربہ ہے اور ہم کسانوں اور سبھی مذاہب کے لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔ہمیں عوام نے ۲؍ تہائی سے زیادہ اکثریت دی ہے اس لئے اب کسی کے ناراض ہونے فکر کرنے کی ہمیں ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ ہم سرکار کی ذمہ داری ادا کرنے کا کام کریں گے اور انتخابی منشور میں جو اعلانات کئے گئے ہیں انہیں ہر قیمت پر پورا کریں گے۔ جس طرح یشونت راؤ چوہان نے مہاراشٹر کو نمبرون بنایا تھا ہم بھی وہی کریں گے۔