Inquilab Logo

دہانوکرواڑی تا دہیسرمیٹرو ٹرین سروس کا وزیر اعلیٰ کے ہاتھوںافتتاح

Updated: August 16, 2022, 9:06 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میٹرو ایندھن اور وقت کی بچت کیلئے بہترین متبادل ہے:ایکناتھ شندے،’میٹرو۲؍ اے ‘کے تزئین کردہ ڈبوں کی نقاب کشائی بھی کی گئی

Metro-2A is being inaugurated. The train was painted tricolor.
میٹرو-۲؍ اے کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ ٹرین کو ترنگے کا رنگ دیا گیا تھا۔ (تصویر:سمیر مارکنڈے)

آزادی کے امرت مہوتسو  کے موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ممبئی کے شہریوں کو میٹرو ریل کا تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے مغربی مضافات میں واقع دہانو کرواڑی تا دہیسر (مشرق)  میٹرو  ۲؍ اے  خدمات کا ہری جھنڈی دکھا کر افتتاح کیا ساتھ ہی میٹرو کے تزئین کردہ ڈبوں کی  آن لائن نقاب کشائی بھی کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ میٹرو ریل سروس ممبئی میں آلودگی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ایندھن اور مسافروں کا وقت بچانے کیلئے  پبلک ٹرانسپورٹ  نظام میں  بہترین متبادل ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کا میٹروریل  پر بھروسہ ہے اور سفر میں بالکل تاخیر نہ ہونا اس سروس کی کامیابی ہے۔          
   اس تقریب  میں محکمہ شہری ترقیات کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری بھوشن گگرانی، ایم ایم آر ڈی اے کے کمشنرایس وی آر سرینیواس موجود تھے۔           وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ’’ اپریل میں پہلے مرحلے میں شروع ہونے والے `میٹرو ۲؍ اے روٹ پر ۳۸؍ لاکھ مسافر آرام دہ سفر کر چکے ہیں۔ آج تک ایک بھی ٹرین تاخیر سے نہیں چلی اور نہ ہی کوئی سروس منسوخ ہوئی ہے۔ اب اس میٹرو ریل کی خدمات بڑھنے سے مسافروں کو مزید سہولت ہوگی۔ ‘‘
  ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں میٹروریل کے مختلف کام جاری ہیں اور میٹرو قدم بہ قدم آگے بڑھ رہی ہے۔ اس لئے میٹرو کے ذریعے مسافروں کو آرام دہ اور خوشگوار سفر کرنے کیلئےوزیراعلیٰ نے ہدایات دیں کہ میٹروریل بھی بہتر معیار کی خدمات فراہم کرے اور آنے والے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کرے۔ انہوں نے دہانوکرواڑی میں میٹرو کے اہلکاروں، ڈرائیوروں اور مسافروں سے بات چیت کی اور انہیں آزادی کے امرت مہوتسو کیلئے نیک خواہشات بھی  پیش کیں۔            
 اس دوران کئی مسافروں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس میٹرو منصوبے سے بہت خوش ہیں، ہمارا وقت بچتا ہے۔ اسکول کے پرنسپل نے آنند نگر سے آرے تک میٹرو چلانے کے لئے حکومت کا شکریہ ادا کیا جس میں آنند نگر کے ۱۴۲؍طلبہ کو لے جایا گیا تھا۔
 • وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دوسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد۲ ؍ اے اندھیری ( مغرب ) تک اور   لائن ۷؍گودولی تک بڑھائی جائے گی جس سے لاکھوں مسافروں کو فائدہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK