• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سونامرگ سرنگ کا افتتاح، عمر عبداللہ نے مودی کوریاستی درجہ کا وعدہ بھی یاد دلایا

Updated: January 13, 2025, 10:52 PM IST | Srinagar

وزیراعلیٰ نے جموں کشمیر کیلئے مرکز کے ترقیاتی کاموں  پر وزیراعظم کی ستائش کی

Prime Minister Modi, Chief Minister Omar Abdullah, Transport Minister Nitin Gadkari and Lieutenant Governor Manoj Sinha after the inauguration of the tunnel. (Photo: PTI)
وزیراعظم مودی ، وزیراعلیٰ عمر عبداللہ، وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سرنگ کے افتتاح کےبعد ۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں۶ء۵؍ کلومیٹر طویل  زیڈ موڑسونا مرگ سرنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وعدے وفا کرتے ہیں۔ جس پر جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ  عمر عبداللہ نے  خطہ کیلئے مرکز کے ترقیاتی کاموں  پروزیراعظم کی ستائش کی مگر انہیں جموں کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی کا وعدہ بھی یاد دلایا۔ اس کا جواب   وزیراعظم نے افتتاحی تقریب کے بعد منعقدہ عوامی ریلی میں دیا اور کہاکہ ’’میں نے جتنے وعدے کئے ہیں ان سب کو پورا کیا جائے گا۔‘‘ مودی  ریاستی درجہ کی بحالی  کا ذکر کئے بغیر  کہا کہ ’’صحیح وقت پر تمام صحیح چیزیں ہوں گی۔‘‘
 اس موقع پر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج  سنہا اور سڑک، ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے افتتاح کے بعد سرنگ کا دورہ کیا اور انجینئرس  نیز  مزدروں  سے بات چیت کی۔  ۲۷؍سو کروڑ روپوں کی لاگت سے تیارہونےوالی  اس سرنگ  سے سری نگر  اور سونا مرگ  کے درمیان سال بھر بلا تعطل رابطہ قائم رہ سکے گا۔اس  مقامی تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
   افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ’’ `آپ نے یہاں یوگا ڈے کے موقع پر دلی کی دوری کو دور کرنے، جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے نیزجموں کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے تین وعدے کئے تھے ان میں سے ۲؍کو آپ نے پورا کیا اب ریاستی درجے کی بحالی کے تیسرے وعدے کو پورا کرنا ہے۔‘‘نریندر مودی نے بظاہر اسی کے جواب میں کہا کہ ’’ `آپ کو یقین کرنا ہوگا کہ یہ مودی ہے جو اپنے تمام وعدوں کو پورا کرتا ہے۔‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’جموں کشمیر ملک کا تاج ہے اور میں اس تاج کو خوبصورت اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہوں۔‘‘
 نریندر مودی نے `جموں و کشمیر  کے حالات کو پُرامن قراردیتے ہوئے کہا کہ ’’ امن کا ماحول چھایا ہوا ہے جس کے  مثبت اثرات کو شعبہ سیاحت پردیکھا جا رہا ہے۔کشمیر ترقی کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کو بہت جلد ٹرین کے ذریعے ملک کے ساتھ جوڑا جائے گا اور اس  تعلق سے یہاں لوگوں میں کافی جوش و خروش ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے ان ۷؍لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو گزشتہ سال اکتوبر میں یہاں زیڈ موڑ سرنگ کے قریب ایک حملے میں مارے گئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK