• Fri, 21 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

طلبہ کی سہولت کی خاطر مالیگائوں میں ’اسٹوڈنٹ اسٹریٹ‘ کا افتتاح

Updated: February 19, 2025, 11:04 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

۵؍ تعلیمی اداروں کے درمیان واقع راستہ کافی عرصے سے بند تھا،نقش ونگار اور سجاوٹ کے بعد طلبہ کیلئے کھول دیا گیا۔

Butterfly painting and Malegaon Municipal Commissioner Ravinder Jadhav. Photo: INN
تتلی کی پینٹنگ اور مالیگائوں میونسپل کمشنر رویندر جادھو۔ تصویر: آئی این این

مالیگائوں میں ایک روز قبل’ اسٹوڈنٹ اسٹریٹ ‘ کا افتتاح عمل میں آیا۔ میونسپل اُردو اسکول نمبر۱۴؍کے میدان اور شہری انتظامیہ کے واٹرفلٹرپلانٹ کمپائونڈ کے درمیان واقع راستہ طویل عرصے سے بند پڑا ہوا تھا۔ اس راستے کے جاری ہونے سےاولڈ آگرہ روڈ اور امام احمد رضا روڈکے درمیان کم وقت میں آنے جانے کی سہولت ہوگئی ہے۔ میونسپل اُردو اسکول نمبر ۱۴؍ اور ۶۳؍، جے اے ٹی کیمپس، اے ٹی ٹی کیمپس اور پیرا ڈائزایجوکیشن کیمپس میں زیرتعلیم ہزاروں طلبہ کیلئے یہ راستہ کارآمد ثابت ہوگا۔ 
 افتتاحی تقریب کے دوران مذکورہ حلقے کے سابق رُکن بلدیہ محمد مستقیم نے کہا کہ امام احمد رضا روڈ، اولڈ آگرہ روڈ اور رفیع احمد قدوائی روڈایک دوسرے لگے ہوئے ہیں۔ اسٹوڈنٹ اسٹریٹ سےٹریفک نظام کو قابو میں رکھنے میں آسانی ہوگی۔ اسٹریٹ سے ہزاروں طلبہ اورعام راہگیرپیدل آجاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اِس سے قبل راستے کا کوئی نام نہیں تھا۔ اسے اسٹوڈنٹ اسٹریٹ کا نام اِسلئے دیا گیا ہےکہ یہاں جے اے ٹی، اے ٹی ٹی، پیراڈائز اور میونسپل اُردو اسکول کےطلبہ کی آمدورفت زیادہ ہوگی۔ اسٹوڈنٹ اسٹریٹ شہید عبدالحمید روڈ اور شمالی مالیگائوں سے آنے والے راہگیروں ، طلبہ اور اساتذہ کیلئے مختص ہے۔ 
 میونسپل کمشنر؍ایڈمنسٹریٹررویندرجادھونے کہا کہ۳۰؍لاکھ روپے خرچ کرکے اس راستے کو ازسرنوپختہ تعمیر کیاگیا ہے۔ راستے کےدونوں جانب حفاظتی دیواریں ہیں۔ ان دیواروں پر سائنس دانوں ، ماہرین ریاضی والجبرااور علمی شخصیات کی تصویریں بنائی گئیں۔ طلبہ میں کھیل کود کے جذبات اُبھارنے کیلئے اسپورٹس سے متعلق پینٹنگز بھی ہیں۔ اس راستے کو بامعنی بنانے کی کوشش شہری انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے۔ اسکی ستائش شہریوں کی جانب سے ہونی چاہئے۔ 
 اِس موقع پراہم شخصیات میں شانِ ہند(صدر سماج وادی پارٹی، مالیگائوں )، سحرش رائدہ(زینب انگلش میڈیم اسکول)، بے نظیر راحمہ (جے اے ٹی گرلزاسکول)، انصاری نہال احمد(چیئرمن جےاےٹی کیمپس )، عبدالرشید حاجی احمد(سابق نائب میئر)، خان رضوان اللہ (سابق رکن بلدیہ )، عبدالباقی راشن والا، ابواللیث انصاری، شعبان شاہ اور نصر فاؤنڈیشن کے عہدےداران واراکین شامل تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK