Inquilab Logo Happiest Places to Work

اوپر اُٹھنے والے ملک کے پہلے سمندری ریلوے بریج کا افتتاح

Updated: April 07, 2025, 11:09 AM IST | Chennai

رامیشورم جزیرہ کوتمل ناڈو کی سرزمین سے جوڑنے والے سمندری ریلوے پل کا مودی نے بذریعہ ریموٹ کنٹرول افتتاح کیا ، مذکورہ بریج اوردیگر پروجیکٹ ملاکرریاست کو ۸۳۰۰؍ کروڑ کی سوغات۔

Both ends of the bridge were raised open as the Coast Guard ship departed. Photo: PTI.
کوسٹ گارڈ کے جہاز کی روانگی کے وقت بریج کے دونوں سرے کھل کراوپر اٹھ گئے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

نئی تعلیمی اور سہ لسانی پالیسی پر تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن اور مرکزی حکومت کے درمیان تنازع جاری ہے۔ اس دوران وزیر اعظم مودی اتوار کو رامیشورم پہنچے جہاں انہوں پامبن میں ملک کے پہلےورٹیکل (عمودی)لفٹ ریلوے بریج کا افتتاح کیا جبکہ ہندی کے تنازع پرتمل ناڈو حکومت پر تنقیدیں بھی کیں۔ اس دوران وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن ان کا استقبال کرنے نہیں آئے۔ وزیر اعظم مودی نے رامیشورم میں ایشیا کے پہلے عمودی لفٹ ریلوے پل اور دیگر اسکیموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نےبڑے جلسہ سے خطاب کیا۔ 
پام بن بریج کا افتتاح 
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو رام نومی کے موقع پر رامیشورم جزیرےکو تمل ناڈو کی سرزمین سے جوڑنے والے نئے تعمیر شدہ پام بن پل کا افتتاح کیا۔ مودی نے رامیشورم اور تامبرم کے درمیان ایک نئی ٹرین سروس کو بھی جھنڈی دکھائی اور مختلف نئے پروجیکٹوں کا آغاز کیا۔ اس کے علاوہ جب مودی نے کوسٹ گارڈ کے جہاز کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تو بریج کے دونوں سرے کھل کر اوپر اٹھ گئے۔ اسے مودی نے ریموٹ سے آپریٹ کیا ۔ یہ ملک کا پہلا ورٹیکل لفٹ ریلوے پل ہے۔ رامیشورم کو سرزمین سے جوڑنے والا پام بن پل نہ صرف نقل و حمل کو فروغ دے گا بلکہ ا سے عالمی سطح پر ہندوستانی انجینئرنگ کے کمال کے طورپربھی د یکھا جارہا ہے۔ یہ بہ یک وقت ایک اہم ٹرانسپورٹ لنک اور ثقافتی علامت دونوں کے طور پر کام کرے گا اور اس راستے سے بڑے بحری جہازوں سے گزرتے وقت اس پل کو اوپر اٹھایاجا سکے گا۔ اس کی تعمیر میں ۵۵۰؍ کروڑ کی لاگت آئی ہے۔ پرانا پام بن پل ایک زمانے میں پام بن جزیرے کی یاترا کرنے والے تیرتھ یاتریوں کیلئے ایک اہم لنک کے طور پر کام کرتا تھا۔ 
 نئے پام بن پل کے افتتاح کے ایک حصے کے طور پر وزیر اعظم نے رامیشورم - تمبرم ایکسپریس کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو رامیشورم اور تمبرم کے درمیان ریل رابطے کو بڑھا دے گی۔ نئے پام بن پل کے علاوہ، وزیر اعظم نے تمل ناڈو میں سڑکوں کے متعدد منصوبوں کا بھی افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ بریج اور مذکورہ دیگرپروجیکٹ ملا کرمودی نے تمل ناڈوکو ۸۳۰۰؍ کروڑ کی سوغات دی ہے۔ اسٹالن اس پروگرام میں بھی شریک نہیں ہوئے۔ 
تمل ناڈو کا کوئی لیڈرتمل میں دستخط نہیں کرتا 
وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے تمل ناڈو کے کئی لیڈروں کے خطوط موصول ہوتے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ تمل میں کسی لیڈر کے دستخط نہیں ہوتے۔ تمل زبان پر فخر کرنے کیلئے ان لوگوں کو مقامی زبان میں دستخط کرنے چاہئیں۔ واضح رہےکہ ڈی ایم کے حکومت تمل ناڈو میں ہندی کو نافذ نہیں کرنا چاہتی اوروہ گزشتہ ۲؍ ماہ سے تمل ناڈو حکومت نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ریاست میں سہ لسانی پالیسی کے نفاذ کی مخالفت کر رہی ہے۔ 
تمل زبان میں میڈیکل کورس شروع کیاجائے: مودی 
وزیر اعظم نے رامیشورم میں کہا کہ تمل ناڈو میں ۱۴۰۰؍ سے زیادہ جن اوشدھی مراکز ہیں ۔ ادویات یہاں ۸۰؍فیصد ڈسکاؤنٹ پر دستیاب ہیں۔ اس سے تمل ناڈو کے لوگوں کے ۷؍ ہزار کروڑ روپے بھی بچ گئے۔ ملک کے نوجوانوں کو ڈاکٹر بننے کیلئے بیرون ملک جانے پر مجبور نہ کیا جائے۔ اس کیلئے تمل ناڈو کو گزشتہ برسوں میں ۱۱؍ میڈیکل کالج ملے ہیں۔ اب غریب سے غریب کے بیٹے اور بیٹیاں بھی ڈاکٹر بن سکتے ہیں۔ میں تمل ناڈو حکومت سے کہنا چاہوں گا کہ تمل زبان میں میڈیکل کورس شروع کیا جائے تاکہ غریب خاندانوں کے بیٹے اور بیٹیاں جو انگریزی نہیں جانتے وہ بھی ڈاکٹر بن سکیں ۔ تمل ناڈو حکومت کے ذریعے بار بار لگائے جانے والے اس الزام کومسترد کرتے ہوئے کہ مرکز نے کچھ نہیں کیا اور تمل ناڈو کو نظر انداز کیا گیا، وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گزشتہ تمام حکومتوں میں ریاست کو زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے مقابلے این ڈی اے حکومت میں تمل ناڈو کیلئے مختص فنڈ میں تین گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ ۱۰؍سال میں ریلوے پروجیکٹوں کیلئے مختص رقم میں ۷؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK