وزیر گلاب رائو پاٹل کے اہل خانہ کو لے جارہی گاڑی کے ہارن بجانے پر مقامی نوجوان سے ڈرائیور کی حجت کےبعد تنازع، معاملہ رفع دفع ہونے کے باجو د رات دیر گئے شرپسندوں نے جمع ہو کر علاقے میں پتھرائو کیا، توڑ پھوڑ مچائی اور کئی دکانوں میں آگ لگا دی
EPAPER
Updated: January 02, 2025, 9:54 AM IST | Sharjil Qureshi | jalgaon
وزیر گلاب رائو پاٹل کے اہل خانہ کو لے جارہی گاڑی کے ہارن بجانے پر مقامی نوجوان سے ڈرائیور کی حجت کےبعد تنازع، معاملہ رفع دفع ہونے کے باجو د رات دیر گئے شرپسندوں نے جمع ہو کر علاقے میں پتھرائو کیا، توڑ پھوڑ مچائی اور کئی دکانوں میں آگ لگا دی
نئے سال کی رات جلگائوں میں ذرا سی بات پر شر پسندوں نے پالدھی گائوں میں کہرام مچا دیا جو کہ ریاستی وزیر گلاب رائو پاٹل کے حلقہ انتخاب میں آتا ہے۔ اطلاع کے مطابق تنازع کی شروعات گاڑی کا ہارن بجانےپر ایک نوجوان سے ہوئی تکرار سے ہوئی جو اسی وقت ختم ہو گئی تھی لیکن بعد میں شر پسندوں نے منظم طریقے سے گائوں میں توڑ پھوڑ مچادی اور دکانوں میں آگ لگا دی۔ پولیس نے آدھی رات کو ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے کرفیو نافذ کر دیا۔
اطلاع کے مطابق ریاستی وزیر گلاب رائو پاٹل کے اہل خانہ ایک گاڑی میں سوار جلگائوں کے پالدھی گائوں کے کھاٹک محلے سے گزر رہے تھے۔ گاڑی کے آگے کچھ لوگ چل رہے تھے۔ ڈرائیور نے انہیں ایک طرف ہٹانے کیلئے ہارن بجایا۔ اس پر ایک نوجوان کی ڈرائیور سے حجت ہو گئی۔ بعض مقامی افراد کا یہ بھی کہنا ہے کہ گاڑی سے نوجوان کو دھکا لگا تھا۔ اسلئے وہ ناراض ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق وہ نوجوان مسلم تھا۔ اسے ڈرائیور سے حجت کرتا دیکھ شیوسینا کے کچھ کارکنان دوڑ کر آئے اور نوجوان کو دھمکانے لگے۔ تب مقامی نوجوان بھی جمع ہو گئے ۔دونوں گروہوں میں توتو میں میں ہوئی لیکن معاملہ رفع دفع ہو گیا۔
البتہ دیر رات کچھ شرپسند گرام پنچایت دفتر کے پاس جمع ہوئے اور اچانک انہوں نے پالدھی گائوں کے مکانا ت اور دکانوں پر پتھرائو شروع کر دیا۔ ساتھ ہی گاڑیوں کے ساتھ توڑ پھوڑ کی۔اس کےبعد دکانوں میں آگ لگانے لگے۔۱۱؍ دکانوں کو آگ لگائی گئی ہے۔یہ سبھی دکانیں مسلمانوں کی ہیں۔ ساتھ ہی ۴؍ گاڑیوں میں بھی آگ لگائی گئی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔
اس دوران جلگائوں کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیشوری ریڈی اپنی ٹیم کے ساتھ پالدھی گائوں پہنچے۔ پولیس کے آنے تک شرپسند فرار ہو چکے تھے ۔ا لبتہ پولیس نے ۷؍ لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ جبکہ تقریباً ۲۵؍ نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ انتظامیہ نے رات تقریباً ۳؍ بجےکرفیو نافذ کر دیا جو جمعرات کی رات ۸؍ بجے تک جاری رہے گا۔ بدھ کے روز پالدھی میں دکانیں بند نظر آئیں جبکہ پولیس کا سخت بندوبست تھا۔ پولیس اہلکار اہم راستوں پر سے کسی کو گزرنے نہیں دے رہے تھے۔ کوئی بھولا بھٹکا آجائے تو اسے دوسرے راستے سے جانے کی ہدایت دی جا رہی تھی۔
ایسا کہا جا رہا ہے کہ جس وقت ڈرائیور اور نوجوان کے درمیان حجت ہوئی اس وقت گاڑی میں گلاب رائو پاٹل کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔ حالانکہ اس تعلق سے پولیس کی جانب سے کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ نہ ہی اس پورے معاملے پر خبر لکھے جانے تک گلاب رائو پاٹل کا کوئی بیان سامنے آیا ہے۔ البتہ ضلع کلکٹر آیوش پرساد نے عوام سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی ہے ۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں اور پولیس کا سخت بندوبست ہے۔