• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

قول و فعل میں تضاد سے سیاست دانوں پر اعتماد کم ہوا ہے، اساتذہ سے راج ناتھ سنگھ کا خطاب

Updated: January 08, 2025, 1:02 PM IST | Agency | Agra

وزیر دفاع نے اپنے خطاب میںکہا :میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ آنے والے ڈھائی سال میں ہندوستانی معیشت دنیا کی سرفہرست ۳؍ معیشتوں میں شامل ہوگی۔

Defense Minister Rajnath Singh speaking. Photo: PTI
وزیردفاع راج ناتھ سنگھ خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو کہا کہ سیاست میں قول و فعل میں تضاد ہونے کی وجہ سے سیاست دانوں پر اعتماد کم ہوا ہے۔آگرہ مفید عام انٹر کالج میں سیکنڈری ایجوکیشن گروپ(شرما گروپ) ریاستی سمیلن میں اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان میں رہ کر کسی کو گمراہ نہیں کرنا چاہئے۔ قول و فعل میں تضاد سے سیاست دانوں نے اپنا اعتماد کھویا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  میںیقین نہیں دلاتا لیکن کوشش پوری کرتا ہوں۔
وزیر دفاع نے اس سے قبل تین روزہ سمیلن کا مشعل جلا کر افتتاح کیا۔ ٹیچروں کی پرانی پنشن بحال کرنے کے مطالبے پر وزیر دفاع نے کہا،’’آپ کے جو مطالبات ہیں۔ اس کے سلسلے میں وزیر اعلی سے ملئے۔ اگر مناسب مطالبہ ہے تو غور ضرور کیا جائے گا۔فیصلہ یوپی حکومت کو کرنا ہے۔ میں بھی وزیر اعلیٰ سے مل کر بولوں گا۔ مطالبہ جائز ہے تو یوگی ضرور پورا کریں گے۔‘‘
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا،’’ ٹیچروں پر سماج اور قوم کی تعمیر کی ذمہ داری ہے۔ وقت کے ساتھ ان کے کردار میں تبدیلی آئی ہےلیکن جدید ذرائع سے ثقافت اور تہذیب کی تعلیم نہیں دی جاسکتی ہے۔ اس کے لئے عقل اور رہنمائی ٹیچر ہی پیدا کرتا ہے۔‘‘
 مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے ٹیچروں سے خطاب کرتے  ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا،’’ٹیچروں  کا کردار بتانے کی ضرورت نہیں، کرشن بھی ٹیچر تھے۔ سیاست میں آنے سے پہلے میں بھی ٹیچر تھا۔ بھلے ہی اب ٹیچر نہیں ہوں۔ پڑھانے  کا سلسلہ ٹوٹا ہے لیکن پڑھائی جاری ہے۔‘‘ ا نہوں نے کہا،’’کمپوٹرائزیشن کے عہد میں نوجوانوں کو معلومات کی کمی نہیں ہے۔ انہیں ایک کلک میں اطلاعات مل رہی ہیں۔ ایسے میں ٹیچروں کے کردار  پر سوال اٹھ رہا ہے۔ لیکن اطلاع دینے اور تعلیم دینے میں کافی فرق ہے۔ صحیح متبادل کا انتخاب عقل سے ہوتا ہے۔ جو ٹیچر پیدا کرتا ہے۔ آپ کسی بچے کا مستقبل بناتے ہیں تو قوم کا مستقبل بناتے ہیں اور امید ہے آپ اپنی ذمہ داری ضرور نبھائیں گے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں میں ثقافتی شعور بھی بیدار کرنا ہوگا۔‘‘
 ملک کی ترقی پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا،’’ملک نے ہر شعبے میں ترقی کی ہے۔ میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ آنے والے ڈھائی سال میں ہندوستانی معیشت  دنیا کی سرفہرست۳؍ معیشتوں میں شامل ہوگی۔ فی الحال ہندوستانی معیشت۱۱؍ویں سے ۵؍ویں مقام پر پہنچ چکی ہے۔ یہ لگاتار بڑھ رہی ہے۔ ہندوستان کا قد بیرون ممالک میں کافی بڑھا ہے۔بین الاقوامی اسٹیج پر ہندوستان کی بات کو اب سنجیدگی سے سنا جاتا ہے۔‘‘ سمیلن میں مرکزی وزیر اور مقامی ایم پی پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK