کانگریس نے ۴۸؍ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ، کئی بڑے نام شامل ، اجیت پوار نے ذیشان صدیقی اور نواب ملک کی بیٹی ثناء ملک کو ٹکٹ دیا ، ملند دیورا آدتیہ ٹھاکرے کیخلاف میدان میں اتریں گے۔
EPAPER
Updated: October 26, 2024, 10:01 AM IST | Mumbai
کانگریس نے ۴۸؍ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ، کئی بڑے نام شامل ، اجیت پوار نے ذیشان صدیقی اور نواب ملک کی بیٹی ثناء ملک کو ٹکٹ دیا ، ملند دیورا آدتیہ ٹھاکرے کیخلاف میدان میں اتریں گے۔
مہاراشٹر میں ۲۰؍ نومبر کو ایک ہی مرحلے میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ہلچل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پارٹیوں کی جانب سے امیدواروں کی فہرست کے اعلان کے ساتھ ہی کئی اہم لیڈروں کو ٹکٹ بھی دئیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں بدھ کو ۳۸؍ امیدواروںکی پہلی فہرست جاری کرنے کے بعد اجیت پوار کی این سی پی کی جانب سے جمعہ کو امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی گئی۔۷؍ امیدواروں پر مشتمل اس دوسری فہرست میں سابق وزیر نواب ملک کی بیٹی ثناء ملک اور کانگریس سے اجیت پوار کے خیمے میں شامل ہونے والے بابا صدیقی مرحوم کے بیٹے ذیشان صدیقی کا نام شامل ہے۔ اس طرح اب تک کل ۴۵؍ امیدواروں کے نام این سی پی نے جاری کردئیے ہیں۔ ذیشان صدیقی کو باندرہ ( ایسٹ ) اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس حلقے میں انہوں نے گزشتہ الیکشن کانگریس کے ٹکٹ پر جیتا تھا۔ جمعہ کو دوسری فہرست جاری کئے جانے سے قبل ذیشان صدیقی نے اجیت پوار کی پارٹی میں بھی شمولیت اختیار کرلی۔
نواب ملک کی بیٹی کو اجیت پوار کی این سی پی کا ٹکٹ
مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت میں وزیر رہے نواب ملک کی بیٹی کو این سی پی (اجیت پوار) کی دوسری فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔ انہیں انوشکتی نگر(مانخورد) سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ دوسری فہرست میںبھی نواب ملک کا نام شامل نہیں کیا گیا اور اس پر تجسس اب بھی قائم ہے کہ نواب ملک کس کے ٹکٹ پر چناؤلڑیں گے ۔ اس سلسلے میں ثناء ملک سے استفسار کرنے پر انہوںنے بتایاکہ میرے والد نواب ملک الیکشن ضرور لڑیں گے لیکن کہاں سے اور کس کے ٹکٹ پر اس بارے میں ’ویٹ اینڈ واچ‘۔ نواب ملک کے تعلق سے اجیت پوار سے پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ’’ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۲۹؍ اکتوبر ہے اور تب تک اس بارے میں کچھ نہ کچھ فیصلہ کرلیا جائے گا۔
کانگریس کی پہلی فہرست میں ۴۸؍ نام
ایم وی اے کی اہم پارٹیوں میں سے ایک کانگریس نے ۴۸؍ امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کی ہے۔ اس میں ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور کئی دیگر سینئر لیڈران کے نام شامل ہیں۔ فہرست کے مطابق ۲۵؍ موجودہ اراکین اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ ولاس رائو دیشمکھ کے ۲؍ بیٹوںامیت دیشمکھ کو لاتورشہر اوردھیرج دیشمکھ کو لاتوردیہی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ایکناتھ گائیکواڑ کی دوسری بیٹی جیوتی گائیکواڑ کو دھاراوی سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ نانا پٹولے ان کے موجودہ اسمبلی حلقہ ساکولی سے امیدوار ہیں جبکہ پرتھوی راج چوہان بھی ان کی موجودہ سیٹ کراڈ جنوب سے میدان میں ہیں۔