Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کرایے میں اضافہ مگر کم فاصلے پر جانے والے مسافروں کی پریشانی ختم نہیں ہوئی

Updated: March 03, 2025, 10:40 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوراب بھی انہیں ان کی منزل تک پہنچانے سے انکار کررہے ہیں۔ آر ٹی او اور ٹریفک پولیس نے ہیلپ لائن نمبر اور ای میل پر اس کے خلاف شکایت کرنے کی اپیل کی۔

A traffic policeman is taking action against a rickshaw driver who refused to take passengers to their destination. Photo: INN
مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے سے انکار کرنے والے ایک رکشا ڈرائیور پر ٹریفک پولیس اہلکار کارروائی کررہا ہے۔ تصویر: آئی این این

ٹیکسی اور رکشا کے کرایہ میں اضافہ تو ہوگیا لیکن مسافروں کی پریشانی کم نہیں ہورہی ہے خاص طورپر کم فاصلے والے مسافروں کو جنہیں ڈرائیور ان کی منزل تک پہنچانے سے انکار کردیتے ہیں۔ اسی لئے آر ٹی او اور ٹریفک پولیس نے من مانی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف ای میل اور ہیلپ لائن نمبروں پر شکایت کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ ان پر کارروائی کی جاسکے۔ 
 اکثر ریلوے اسٹیشنوں کے اطراف ٹیکسی اور رکشا اسٹینڈ پر موجود ڈرائیوران مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے سے انکارکردیتے ہیں جونزدیک جانا چاہتے ہیں۔ سنیچر کو گرانٹ روڈ ریلوے اسٹیشن سے اتر کر ایک حاتون نے سیفی اسپتال جانے کی درخواست کی لیکن یکے بعد دیگرے کئی ڈرائیوروں نے انکار کردیا جس کی وجہ سے اس نے جب وہاں موجود پولیس اہلکار سے مدد لی تب جاکر ایک ٹیکسی ڈرائیور اسے اسپتال تک لے جانے پر تیار ہوا۔ مذکورہ مسافر کے ساتھ پیش آنے والا مسئلہ نیا نہیں ہے بلکہ اکثر ممبئی سینٹرل، مہالکشمی، ماہم، کرلا، گھاٹکوپر، اندھیری اور جوگیشوری ریلوے اسٹیشنوں کے باہر روزانہ مسافروں کو کم فاصلہ کیلئے ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کی من مانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو انہیں ان کی منزل تک پہنچانے سے انکار کردیتے ہیں۔ 
 اس سلسلہ میں آر ٹی آئی رضا کار انل گلگلی نے کہاکہ ’’زیادہ کرایہ ادا کرنے سے بچنے کیلئے اکثر مسافر کالی پیلی ٹیکسی اور رکشا سے سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔ اکثر مسافر اپنی منزل مقصود پر جلد پہنچنے کیلئے ٹیکسی یا رکشا کو ترجیح دیتے ہیں اور بس کے ذریعہ سفر اس لئے نہیں کرتے کیونکہ طویل قطار لگانا پڑتی ہے اور گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہنا پڑتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ آر ٹی او اور ٹریفک پولیس نے ہیلپ لائن نمبر تو جاری کیا ہے لیکن اس پر فوری کارروائی نہیں ہوتی اور نہ ہی فوری طور پر مسافروں کا مسئلہ حل ہوتا ہے۔ اس کیلئے آر ٹی او کو اس ضمن میں مزید کوئی اور ٹھوس لائحہ عمل تیار کرنا چاہئے۔ 
 اس سلسلہ میں سماجی رضا کار اور وکیل گاڈفرے پیمینٹا نے اس نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’آر ٹی او اور ٹریفک پولیس کو شکایت کے لئے ہیلپ لائن نمبر اور ای میل کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ اس ضمن میں بیداری مہم چلانا چاہئے ساتھ ہی اخبارات، ٹی وی اور ایف ایم ریڈیو پر مسافروں کو ان کی منزل تک لے جانے سے انکار کرنے والے ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں کی شکایت کیلئے تفصیلات فراہم کرنا چاہئے۔ ‘‘
  اس ضمن میں آر ٹی او اور ٹریفک پولیس نے کہا کہ شہرو مضافات میں باندرہ ٹرمنس، چرچ گیٹ، ممبئی سینٹرل اور اسی طرح شہر کے دیگر ریلوے اسٹیشنوں پر کم فاصلے کی سواری کو لے جانے سے انکار کرنے سے متعلق موصولہ شکایتوں پر گزشتہ سال ٹریفک پولیس نے۳۹؍ ہزار ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف جرمانہ عائدکیا تھا جبکہ آر ٹی او نے ڈیڑھ ہزار رکشا ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی تھی۔ 
  اس سلسلہ میں ایک بار پھر فوری راحت کیلئے تاڑدیو آر ٹی او اسپیشل اسکواڈ کے ہیلپ لائن نمبر 9076201010 پر فون کرکے مدد لینے یا اسی نمبر وہاٹس ایپ یا پھر ایس ایم ایس یا mh01taxicomplaint@gmail.com پر شکایت کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسی طرح مشرقی مضافات میں 9152240303 وہاٹس ایپ یا پھر mh03autotaxicomplaint@gmail.com اور مغربی مضافات میں شکایت کیلئے وہاٹس ایپ نمبر 9920240202 یا 8591944747 کے علاوہ mh02autotaxicomplaint@gmail.com یا mh47autotaxicomplaint@gmail.com پر شکایت کی جاسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK