ہندوستان میں کوئلہ، خام تیل اور اسٹیل سمیت ۸؍ صنعتوں کی پیداوارمارچ میں۸ء۳؍ فیصدبڑھی۔
EPAPER
Updated: April 23, 2025, 2:02 PM IST | Agency | New Delhi
ہندوستان میں کوئلہ، خام تیل اور اسٹیل سمیت ۸؍ صنعتوں کی پیداوارمارچ میں۸ء۳؍ فیصدبڑھی۔
ہندوستان میں کوئلہ، خام تیل اور اسٹیل سمیت ۸؍ بنیادی صنعتوں (آئی سی آئی) کی پیداوار میں مارچ ۲۰۲۵ء میں صنعتی پیداوار کے اشاریہ کی بنیاد پر ایک سال پہلے کے اسی مہینے کے مقابلے میں۸ء۳؍ فیصد (عارضی) اضافہ ہوا۔ نظر ثانی شدہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر ۲۰۲۴ء میں ان ۸؍ صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر۱ء۵؍ فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ مالی سال (اپریل تا مارچ ۲۵۔۲۰۲۴ء) کے دوران ۸؍ بنیادی صنعتوں کی پیداوار میں پچھلے مالی سال کے مقابلے میں۴ء۴؍ فیصد (عارضی) اضافہ ہوا۔
وزارت تجارت و صنعت کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مارچ ۲۰۲۵ء میں سیمنٹ، کھاد، اسٹیل، بجلی، کوئلہ اور ریفائنری مصنوعات کی پیداوار ایک سال پہلے کے مقابلے زیادہ رہی جبکہ اسی عرصے کے دوران خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی۔ یہ ۸؍ صنعتیں انڈیکس آف انڈسٹریل پروڈکشن (آئی آئی پی) میں۲۷ء۴۰؍فیصد حصہ ڈالتی ہیں۔
وزارت کی پریس ریلیز کے مطابق مارچ میں کوئلے کی پیداوار میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں۶ء۱؍ فیصد اضافہ ہوا اور پورے مالی سال ۲۵۔۲۰۲۴ءکے دوران کوئلے کی پیداوار میں ۱ء۵؍ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارچ ۲۰۲۵ء میں خام تیل کی پیداوار میں۹ء۱؍ فیصد کی کمی ہوئی اور اپریل-مارچ، ۲۵۔۲۰۲۴ء کے دوران مجموعی پیداوار گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں۲ء۲؍ فیصد کم تھی۔
مارچ ۲۰۲۵ءمیں قدرتی گیس کی پیداوار میں ۷ء۱۲؍ فیصد کی کمی ہوئی جبکہ اپریل-مارچ ۲۵۔۲۰۲۴ء میں گیس کی پیداوار سالانہ بنیادوں پر ۱ء۲؍ فیصد کم رہی۔ مارچ ۲۰۲۴ء کے مقابلے مارچ ۲۰۲۵ء میں پیٹرولیم ریفائنری انڈسٹری کی پیداوار میں۲ء۰؍ فیصد اضافہ ہوا اور گزشتہ مالی سال میں اس کی پیداوار میں۸ء۲؍ فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا۔ مارچ ۲۰۲۵ءمیں کھادوں میں ۸ء۸؍ فیصد اضافہ ہوا اور اپریل-مارچ، ۲۵۔۲۰۲۴ء کے دوران۹ء۲؍ فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیل انڈسٹری کی پیداوار میں پچھلے سال مارچ کے مقابلے اس سال مارچ میں۷ء۱؍ فیصد اضافہ ہوا جبکہ اپریل-مارچ ۲۵۔۲۰۲۴ء میں اسٹیل کی پیداوار میں۶ء۷؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اس سال مارچ میں سیمنٹ کی پیداوار میں ۶ء۱۱؍ فیصد اضافہ ہوا اور اپریل تا مارچ ۲۵۔۲۰۲۴ء کے دوران مجموعی طور پر ۳ء۶؍ فیصد اضافہ ہوا۔ مارچ میں بجلی کی پیداوار میں ۲ء۶؍فیصد اضافہ ہوا جبکہ اپریل تا مارچ ۲۵۔۲۰۲۴ء کے دوران مجموعی طور پر بجلی کی پیداوار میں۱ء۵؍ فیصد اضافہ ہوا۔