• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈینگو اور چکن گنیا کےمریضوں کی تعداد میں اضافہ

Updated: December 30, 2024, 10:26 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ریاستی محکمہ صحت کےمطابق ان امراض سےہونےوالی اموات میں کمی آئی ہے،سب سے زیادہ ممبئی متاثرلیکن بخار کے مریضوں کی تعداد میں کمی آئی

A BMC official is busy fogging.
بی ایم سی کا ایک اہلکار فاگنگ میں مصروف ۔ ( تصویر ،انقلاب: ستیج شندے)

موسم سرما کے بخار اور ڈینگو کے مریض عام طور پر مانسون کے دوران بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں لیکن موسم اور ماحول میں تبدیلی سے ۲۰۲۴ءمیں پورے سال ان امراض کے مریض پائے گئےساتھ ہی چکن گنیا کےمریضوںکی تشخیص کا بھی سلسلہ جاری ہے اور ا س کے مریضوں کی تعداد میں بھی گزشتہ سال کے مقابلہ اضافہ ہوا ہے ۔ ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے لیکن موسم سرما کے بخار کے مریضوں کی تعداد اوران امراض سے ہونے والی اموات میں کمی آئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق ان امراض سے سب سے زیادہ ممبئی کے شہری متاثر ہوئے ہیں ۔ 
 واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے موسم سرما  کے بخار سے بچنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات سے کچھ حد تک کامیابی مل رہی ہے۔ محکمہ صحت عامہ کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق ۲۰۲۴ء میں ریاست میں موسم سرما کے بخار کے ۱۵؍ ہزار ۶۷۰؍ مریض پائے گئے ہیںجن میں سے ۱۸؍افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سال اس بخار کے ۱۹؍ ہزار ۹۶۸؍ کیسز سامنے آئے تھے اور ۲۳؍افراد کی موت ہوئی تھی لہٰذا گزشتہ سال کے مقابلے امسال اس کےمریضوں کی تعداد میں تقریباً۴؍ ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے ۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ موسم سرما کے بخار کے ممبئی میں سب سے زیادہ ۷؍ہزار ۸۰۶؍ مریض پائے گئے ہیں ۔ممبئی کے بعد گڈچرولی میں ۶؍ہزار ۵۷۶؍ مریض ملے ہیں ۔ 
 ڈینگوکےمریضوںمیںاضافہ مگر اس 
سے ہونے والی اموات میں کمی آئی 
 ڈینگو کے تعلق سے گزشتہ سال کے مقابلے ا مسال ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا ہے لیکن مرنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ ریاست میں ۲۰۲۴ء میں ڈینگو کے ۱۹؍ ہزار ۱۶۰؍ کیسز سامنے آئے ہیں ۔ ۲۶؍افراد کی موت ہوئی ہے۔ گزشتہ سال ڈینگو کے ۱۹؍ہزار ۳۴؍کیسز درج کئے گئے تھے اور ۵۵؍افراد کی موت ہوئی تھی ۔ ڈینگو کے ۱۲۶؍مریض بڑھے ہیں لیکن اس سے ہونے والی ہلاکتوں میں کمی آئی ہے۔ ڈینگو سے سب سے زیادہ ۵؍افراد کی موت ممبئی میں ہوئی ہے ۔
  دریں اثناء  ڈینگو کے سب سے زیادہ کیسز ممبئی میں ۵؍ہزار ۸۵۱؍ درج کئے گئے ۔علاوہ ازیں کولہاپور، ناسک، رائے گڑھ ، پال گھر، ستارہ، ناگپور اور چندر پور میں بالترتیب ایک ہزار ۲۳۸؍، ایک ہزار ۱۹۵، ۷۳۷، ۵۶۵، ۵۴۲،  ۴۴۶؍اور ۴۲۵؍ مریض پائے گئے۔
  چکن گنیا کے مریضوں میں اضافہ
 ریاست میں چکن گنیا کے مریضوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست میں جنوری سے اب تک چکن گنیا کے ۵؍ ہزار۷۵۷؍کیسز پائے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال ایک ۷۰۲؍سامنے آئے تھے۔۲۰۲۴ءمیں چکن گنیا کے سب سے زیادہ کیسز ناگپورمیں ایک ہزار ۸۸؍ پائے گئے ۔ اس کےبعد پونےاور ممبئی میں بالترتیب ۷۵۱؍اور ۷۳۵؍ مریض ملے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK