• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مختلف ریاستوں میں روایتی انداز سے یوم آزادی کا جشن منایا گیا

Updated: August 16, 2024, 11:11 AM IST | Bangalore

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے حصولیابیوں کا ذکر کیا۔ کرناٹک کی حکومت کا سماجی انصاف اور معاشی مساوات پر زوربھوپال کے لال پریڈ گراؤنڈ میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب۔

Bangalore: Karnataka Chief Minister Siddaramaiah in the main event. Photo: PTI
بنگلور:مرکزی تقریب میںکرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا۔ تصویر : پی ٹی آئی

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ہر طبقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے اور پالیسیاں بنائی ہیں اور انہیں زمینی سطح پر نافذ کیا ہے۔سورین نے جمعرات کو یہاں یوم آزادی کے موقع پر رانچی کے مورہ آبادی گراؤنڈ میں قومی پرچم لہرایا اور پھر پریڈ کی سلامی لی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے حکومت کی حصولیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے ۴؍برس میں ہماری حکومت نے ہر گاؤں اور ہر گھر تک پہنچ کر  عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہم نے جھارکھنڈ کی ثقافتی شناخت اور جھارکھنڈی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے یہاں کی مٹی سے جڑی روایات کو دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ جھارکھنڈ کے قبائلیوں، پسماندہ طبقات اور دلتوں کو ان کا حق دلاکر انہیں یہ یقین دلایا ہے کہ جھارکھنڈ کی ترقی میں ان کا بھی حصہ ہے لیکن اس ترقی کی راہ میں کئی چیلنجز بھی آئے۔
 سورین نے کہا کہ ہماری حکومت کے قیام کے فوراً بعد ہی کورونا وبا نے زندگی اور معیشت کو بری طرح متاثر کیا۔ اس خوفناک آفت کے برے اثرات سے نکلنے میں ہمیں ڈیڑھ سے دو سال لگے۔  اسی طرح مفاد پرستوں سے متاثر کچھ ترقی مخالف عناصر کے ذریعہ جھارکھنڈ کی ترقی کی راہ میں بار بار  رکاوٹیں کھڑی کرنے کی  کوشش بھی کی گئی، لیکن عوام کے  اعتماد اور بھروسے کی بدولت ہم نے ہر مشکل اور رکاوٹ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ مخالفین اپنے منصوبوں میں کامیاب نہ ہو سکے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اگر ارادوں میں مضبوطی، دل میں یقین اور نیتوں میں ایمانداری ہو تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو نہیں جھکا سکتی۔ اپنے حقوق اور عزت کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنا ہماری روایت رہی ہے۔

 کرناٹک کے وزیر اعلی سدارمیا نے جمعرات کو ریاستی حکومت کی۵؍ ضمانتوں کو ریاست کی فلاحی پالیسیوں کی بنیاد قرار دیا ۔ سدارمیا نے یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے  اپنے خطاب میں کہا کہ   پانچ ضمانتیں(گریہ لکشمی، شکتی، گریہ جیوتی، انا بھاگیہ اور یووا ندھی) لاکھوں خاندانوں کو مالی راحت اور مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے سماجی انصاف اور معاشی مساوات کیلئے حکومت کے عزم  کا اعادہ کیا۔ سدارمیا نے کہا کہ ہم ان افراد کو غلط ثابت کرنے کیلئے پرعزم ہیں جنہوں نے ان اقدامات کی پائیداری پر شک کیا تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ پروگرام صرف عارضی حل نہیں پیش کرتے ہیں بلکہ ایک   مثالی معاشرے کی تشکیل کیلئے لازمی ہیں۔ سدارمیا نے ہائی ویز، دیہی سڑکوں اور پلوں کی جاری تعمیر کے بارے میں تفصیل سے بتایا جو ریاست میں  رابطے کو بڑھانے اور ترقی کو فروغ دینے کیلئے اہم ہیں۔ سدارمیا نے ’برانڈ بنگلورو‘ کا تصور بھی متعارف کرایا جو شہر کی عالمی حیثیت کو بڑھانے اور مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے آئندہ عالمی سرمایہ کاروں کی کانفرنس’ انویسٹ کرناٹکا۲۰۲۵ء‘ کا بھی اعلان کیا جس کا مقصد ریاست میں قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ کرناٹک کے وزیراعلیٰ نے مرکز اورریاست تعلقات میں درپیش چیلنجز کا بھی تذکرہ کیا اور ریاستوں کو مالی امداد فراہم کرنے میں تاخیر پر مرکزی حکومت پر تنقید کی۔کرناٹک کے شاعر کویمپو کے متاثر کن الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ ذات پات، مذہب اور لسانی اختلافات سے بالاتر ہو جائیں۔ انہوں نے ایک مضبوط اور زیادہ خوشحال ہندوستان کی تعمیر کیلئے اتحاد اور اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔

 مدھیہ پردیش میں یوم آزادی کا جشن روایتی انداز سے منایا گیا۔  یوم آزادی کی مرکزی تقریب کا اہتمام راجدھانی بھوپال کے لال پریڈ گراؤنڈ میںکیا گیا۔اس موقع پر مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے پرچم کشائی کی اور پریڈ کی سلامی لی۔ انہوں نے سجے ہوئے رتھ پر سوار ہو کر پریڈ کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سدھیر سکسینہ ان کے ساتھ تھے۔ پریڈ کے بعد رسمی فائرنگ کی گئی۔ تقریب میں بہادری کے تمغے تقسیم کئے گئے۔
 قبل ازیں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے احاطے میں قومی پرچم لہرایا۔ اس کے بعد وہ  بی جےپی کے ریاستی دفتر پہنچے جہاں انہوں نے ریاستی صدر وشنودت شرما اور ریاستی تنظیم کے جنرل سیکریٹری ہیتا نند کے ساتھ پرچم کشائی کی۔ یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعلیٰ شوریہ اسمارک بھی پہنچے،جہاں انہوں نے شہداء کے میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔
یوم آزادی کے موقع پر گورنر ہاؤس میں ایک باوقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں گورنر منگو بھائی پٹیل نے تقریب میں پرچم کشائی کی۔ کھلے آسمان پر ترنگے غبارے چھوڑ کر جشن آزادی منایا۔ تقریب میں پولیس بینڈ نے قومی دھن بجائی۔ اس موقع پر منگو بھائی پٹیل نے راج بھون سکریٹریٹ کے افسران اور ملازمین کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ بچوں اور ملازمین میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ 
 اسمبلی اسپیکر نریندر سنگھ تومر نے مورینا کے ضلع سطح کے مرکزی پروگرام میں پرچم کشائی کی، مشترکہ پریڈ کی سلامی لی اور وزیر اعلیٰ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ پروگرام کے دوران اسکول کے طلبہ کی جانب سے  مختلف  پروگرام پیش کئے گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK