پرشانت کورٹکر کی بی جے پی تمام بڑے لیڈران کے ساتھ تصویر ہے ، مراٹھا کارکنان کا پرشانت کے خلاف احتجاج
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 5:25 PM IST | Mumbai
پرشانت کورٹکر کی بی جے پی تمام بڑے لیڈران کے ساتھ تصویر ہے ، مراٹھا کارکنان کا پرشانت کے خلاف احتجاج
ایک روز قبل معروف تاریخ داں اور محقق اندر جیت ساونت کو فون کرکے گالی گلوج کرنے والے پرشانت کورٹکر کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ حالانکہ پولیس نے اسکے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ پرشانت کا کہنا ہے کہ اس کی آواز کا کسی نے غلط استعمال کیا ہے۔ اس دوران مراٹھا سماج میں سخت بے چینی ہے۔ سمبھاجی بریگیڈ نامی تنظیم نے کورٹکر کے منہ پر کالک پوتنے والے کو ایک لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے تو ناگپور میں مراٹھا کارکنان نے کورٹکر کے گھر کے باہر احتجاج کیا ہے۔
بی جے پی سے قریبی تعلقات ؟
اس دوران پرشانت کورٹکر کے فیس بک اکائونٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے بی جے پی سے قریبی تعلقات ہیں۔ فیس بک پر اس نے الگ الگ مواقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، مرکزی وزیر نتن گڈکری اور مہاراشٹر کے سابق گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ساتھ تصویریں شیئر کی ہیں۔ اس نے جب اندرجیت ساونت کو دھمکی دی تھی تو یہی کہا تھا کہ ’’یہ مت بھولنا کے تم ایک برہمن وزیر اعلیٰ کے اقتدار میں کام کر رہے ہو ‘‘ اس کا اشارہ دیویندر فرنویس کی طرف تھا جو برہمن ہیں۔ پولیس کا اب تک اس کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنا بھی کئی سوال کھڑے کر رہا ہے۔
اس دوران بدھ کی صبح سکل مراٹھا مہاسنگھ کے سیکڑوں کارکنان ناگپور کے بیسا مارگ پر واقع منیش نگر میں پرشانک کورٹکر کی رہائش گاہ پہنچے اور یہاں احتجاج کرنے لگے۔ کارکنان کا مطالبہ تھا کہ کورٹکر عوام کے سامنے آکر معافی مانگے، بصورت دیگر پولیس پرشانت کورٹکر کوفوری طور پر گرفتار کرے۔ حالات کشیدہ ہوتے دیکھ پولیس نے مظاہرین کو سمجھانے کی کوشش کی۔ کچھ دیر بعد کشیدگی کم ہوئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پرشانت کورٹکر کو کسی بڑی سیاسی پارٹی کی حمایت حاصل ہے اور وزارت داخلہ سے اسکے قریبی تعلقات ہیں۔ یاد رہے کہ پولیس نے پرشانت کورٹکر کے گھر کے باہر سیکوریٹی لگا رکھی ہے۔
اس سے قبل سمبھاجی بریگیڈ نامی تنظیم نے شولاپور میں پرشانت کورٹکر کے خلاف احتجاج کیا۔ تنظیم کے کارکنان نے ضلع کلکٹر کے دفتر کے باہر جمع ہو کر پرشانت کورٹکر کی تصویر پر جوتے مارے۔ ساتھ ہی بریگیڈ کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ جو کوئی پرشانت کورٹکر کے منہ پر کالک پوت کر اس کا جلوس نکالے گا اسے ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ سمبھاجی بریگیڈ کا کہنا ہے کہ پرشانت کورٹکر نے اپنی دھمکی میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا بھی نا م لیاہے۔ اس لئے وزیر اعلیٰ کو چاہئے کہ اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کروائیں۔ ساتھ ہی تنظیم نے مراٹھا خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ چھترپتی شیواجی کے وقار کی خاطر میدان میں اتریں اور جہاں کہیں پرشانت کورٹکر دکھائی دے اس کی پٹائی کریں۔