• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان: مرکزی بجٹ ۲۵۔۲۰۲۴ء کے ۱۳؍ اہم نکات

Updated: July 23, 2024, 8:39 PM IST | New Delhi

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج پارلیمنٹ میں مالی سال ۲۵۔۲۰۲۴ء کا بجٹ پیش کیا۔ بجٹ کے چند اہم اعلانات یہ ہیں۔ 

Nirmala Sitharaman presenting the budget. Photo: PTI
نرملا سیتا رمن بجٹ پیش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

(۱) مرکز نے انکم ٹیکس کے نئے نظام کیلئے سلیب تبدیل کئے ہیں جس کے تحت ۳؍ لاکھ روپے تک کی سالانہ آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں عائد کیا جائے گا۔ ۳؍ سے ۷؍ لاکھ سالانہ آمدنی پر ۵؍ فیصد، ۷؍ سے ۱۰؍ لاکھ روپے تک ۱۰؍ فیصد اور ۱۰؍ سے ۱۲؍ لاکھ روپے تک ۱۵؍ فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ ۱۲؍ سے ۱۵؍ لاکھ روپے تک کی آمدنی پر ۲۰؍ فیصد اور اس سے زائد پر ۳۰؍ فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ 

(۲) نرملا سیتا رمن نے یہ بھی اعلان کیا کہ نئے ٹیکس نظام کے تحت تنخواہ دار افراد کیلئے اسٹینڈرڈ ڈی ڈکشن کی حد ۵۰؍ ہزار سے بڑھا کر ۷۵؍ ہزار روپے کردی جائے گی۔ 

(۳) پنشن والوں کیلئے فیملی پنشن کی کٹوتی ۱۵؍ ہزار روپے سے بڑھا کر ۲۵؍ ہزار روپے کر دی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تبدیلیوں کے نتیجے میں ایک تنخواہ دار ملازم انکم ٹیکس میں ۱۷؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے تک کی بچت کر سکے گا۔

(۴) مرکز نے آندھرا پردیش اور بہار کیلئے مالی مدد اور کئی بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کا اعلان کیا۔ یاد رہے کہ بی جے پی نے اپنے این ڈی اے کے دیگر ارکان کے علاوہ بہار کی حکمراں جماعت جنتا دل (متحدہ) اور آندھرا پردیش کی تیلگو دیشم پارٹی کی مدد سے مرکز میں حکومت بنائی ہے۔ مرکز نے آندھرا پردیش کیلئے سماجی اور بنیادی ڈھانچے کے فنڈز کا اعلان کیا۔

(۵) حکومت نے تلنگانہ کے دارالحکومت امراوتی کی ترقی کیلئے ۱۵؍ ہزار کروڑ روپے کی مالی امداد بھی مختص کی ہے۔ 

(۶) بہار کیلئے سیتا رمن نے پٹنہ پورنیا ایکسپریس وے، بکسر بھاگلپور ہائی وے، بودھ گیا راجگیر ویشالی دربھنگہ میں سڑک کے رابطے کو بہتر بنانے اور بکسر میں دریائے گنگا پر ۲۶؍ ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے ایک اضافی دو لین پل کی تعمیر کا اعلان کیا۔ 

(۷) وزیر نے کہا کہ ہندوستان کے مالی خسارے کا ہدف مالی سال ۲۵۔۲۰۲۴ء کیلئے جی ڈی پی کے ۹ء۴؍ فیصد تک کر دیا گیا ہے جو فروری میں عبوری بجٹ میں ۱ء۵؍ فیصد کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ مالی خسارہ اس وقت ہوتا ہے جب حکومت کے اخراجات کسی مالی سال میں حاصل ہونے والی آمدنی سے زیادہ ہوں۔

(۸) سیتا رمن نے کہا کہ مرکز گھریلو اداروں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے ۱۰؍ لاکھ روپے تک کے قرضوں کیلئے مالی مدد فراہم کرے گا۔ 

(۹) انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ حکومت پانچ سال کی مدت کیلئے ٹاپ ۵۰۰؍ کمپنیوں میں ایک کروڑ نوجوانوں کو ۱۲؍ ماہ کی انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گی۔ حکومت تمام رسمی شعبوں میں افرادی قوت میں نئے داخل ہونے والے تمام افراد کو ایک ماہ کی اجرت بھی فراہم کرے گی۔ پہلی بار ملازمت کرنے والے ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ کی تین قسطوں میں ۱۵؍ ہزار روپے تک کی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس اہلیت کی حد ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ہوگی۔

(۱۰) زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کیلئے مرکز نے ۵۲ء۱؍ لاکھ کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ 

(۱۱) اس بجٹ میں موبائل فونز، موبائل پرنٹڈ سرکٹ بورڈ اور چارجرز سمیت متعدد مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی کی شرح میں بھی کمی کی گئی ہے۔

(۱۲)  مرکز نے کینسر کے علاج کی تین ادویات کو کسٹم ڈیوٹی سے مکمل طور پر مستثنیٰ کر دیا ہے۔ 

(۱۳) جوہری توانائی، قابل تجدید توانائی، خلائی، دفاع، ٹیلی کمیونیکیشن اور ہائی ٹیک الیکٹرانکس جیسے شعبوں کیلئے لیتھیم، کاپر، کوبالٹ اور نایاب زمین جیسی معدنیات بھی کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK