وزیر اعظم مودی نے ممبئی میں واقع انڈین نیوی ڈاک یارڈ میں ۳؍جنگی جہازوں، آئی این ایس سورت، نیل گری اور آئی این ایس واگھ شیر کو قوم کے نام وقف کیا
EPAPER
Updated: January 15, 2025, 10:38 PM IST | Mumbai
وزیر اعظم مودی نے ممبئی میں واقع انڈین نیوی ڈاک یارڈ میں ۳؍جنگی جہازوں، آئی این ایس سورت، نیل گری اور آئی این ایس واگھ شیر کو قوم کے نام وقف کیا
وزیراعظم مودی نے ممبئی میں واقع انڈین نیوی ڈاک یارڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہندوستان کی سمندری طاقت کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ۳؍ جنگی جہازوں کو قوم کے نام وقف کیا۔ ان جہازوں میں آئی این ایس سورت، آئی این ایس نیل گری اور آئی این ایس واگھ شیر شامل ہیں، جو `میک ان انڈیا مہم کا حصہ ہیں اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بڑھائیں گے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ یہ تینوں جہاز `میک ان انڈیا کے تحت تیار کئے گئے ہیں اور ان کا مقصد ملک کی سلامتی میں نئی طاقت کا اضافہ کرنا ہے۔ یہ جہاز دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے خطرات سے علاقے کی حفاظت میں مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدم سے ہندوستانی بحریہ کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور دنیا میں ہندوستان کی بحری طاقت کا پیغام جائے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ایک ڈِسٹرائر، ایک فریٹ اور ایک آبدوز کو ایک ساتھ کمیشن کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آئی این ایس سورت ہندوستانی بحریہ کا جدید ترین گائیڈڈ میزائل ڈِسٹرائر ہے۔ یہ ۱۵؍بی زمرہ کا چوتھا اور آخری جہاز ہے جو دنیا کے سب سے جدید اور طاقتور ڈِسٹرائرس میں شمار ہوتا ہے۔اس جہاز سے بیک وقت ۱۶؍برہموس میزائل فائر کئے جا سکتے ہیں۔آئی این ایس نیل گری اسٹیلتھ فریٹ کا پہلا جہاز ہے، جو ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز ڈیزائن بیورو کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے۔ اس میں سمندر میں موجود آبدوزوکو ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت ہے۔آئی این ایس واگھ شیر ہندوستانی بحریہ کی چھٹی اور آخری اسکورپین کلاس سب میرین ہے جو فرانس کے نیوی گروپ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔