۲۷؍ اپریل تک تمام ویزا منسوخ ہو جائیں گے، ملک چھوڑنے کی وارننگ کے بعد اٹاری اور واگھہ بارڈر پر پاکستانی شہریوں کی بھیڑ۔
EPAPER
Updated: April 25, 2025, 10:37 AM IST | Agency | New Delhi
۲۷؍ اپریل تک تمام ویزا منسوخ ہو جائیں گے، ملک چھوڑنے کی وارننگ کے بعد اٹاری اور واگھہ بارڈر پر پاکستانی شہریوں کی بھیڑ۔
پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد ہندوستان کے شدید اور انتہائی سخت ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی کے تحت حکومت ہند نے اگلی اطلاع تک پاکستان کے لئے ویزا خدمات کو معطل کردیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو اب ہندوستان کا ویزا جاری نہیں کیا جائے بلکہ وہ تمام ویزے جو اب تک جاری کئے گئے تھے وہ ۲۷؍ اپریل تک ہی برقرار رہیں گے جبکہ میڈیکل ویزا کی مدت اب صرف ۲۹؍ اپریل ہو گی۔ یعنی اس کے بعد ہندوستانی سرزمین پر ایک بھی پاکستانی نہیں رہے گا۔ اسے فوری طور پر ہندوستان چھوڑنا ہو گا۔ وزارت خارجہ نے اس کے ساتھ ہی پاکستان میں موجود اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر وہاں سے واپس آجائیں۔ ساتھ ہی یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ وہ اب پڑوسی ملک کا سفر کرنےسے احتراز کریں کیوں کہ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو نہایت کم سے کم سطح پر لایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ مودی حکومت نے گزشتہ روز ہی ملک میں موجود پاکستانی شہریوں کو ۴۸؍گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کی سخت وارننگ دی تھی جس کی وجہ سے انٹیلی جنس اور سیکوریٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ سے ان تمام پاکستانی شہریوں کا ڈیٹا طلب کیا ہے جو اس وقت ملک میں ہیں۔ ۴۸؍ گھنٹے بعد ہندوستان میں مقیم پاکستانی شہریوں کو زبردستی واپس بھیجنے کے لئے کارروائی شروع کی جائے گی۔ ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امیگریشن اور فارین رجسٹریشن دفاتر سے پوچھا گیا ہے کہ کتنے پاکستانی شہری بھارت میں ہیں اور ان کی لوکیشن کیا ہے۔ قواعد کے مطابق پاکستانی شہریوں کو واگھہ-اٹاری بارڈر، ریلوے اسٹیشنوں یا ہوائی اڈوں پر امیگریشن حکام کے پاس اپنی تفصیلات درج کرانی ہوتی ہیں، جس میں ان کی رہائش کا پتہ بھی شامل ہوتا ہے۔ تمام امیگریشن دفاتر اگلے ۲۴؍ گھنٹوں میں اپنی رپورٹ مرکزی حکومت کو پیش کر دیں گے۔