• Sat, 15 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان- امریکہ کا باہمی تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

Updated: February 15, 2025, 2:27 PM IST | Agency | Washington

وزیراعظم نریندرمودی اور امریکی صدر ٹرمپ کی اوول آفس میں ملاقات۔ اہم امور پر تبادلہ خیال۔ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم۔

At the end of the meeting in the Oval Office, Prime Minister Modi and President Trump are showing signs of victory. Photo: PTI
اوول آفس میں ملاقات کے اختتام پروزیراعظم مودی اور صدر ٹرمپ فتح کا نشان دکھارہے ہیں۔ تصویر:پی ٹی آئی

امریکہ کے ۲؍ روزہ دورے پر وزیراعظم نریندرمودی نے  جمعرات کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے اوول آفس میں ملاقات کی۔ اس کے بعدانہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے  بات چیت کی۔ دونوں لیڈران نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کو خوش آمدید کہتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا، ہمارے درمیان بہت اچھی دوستی ہے جس میں مزید قربت آئے گی۔ جبکہ ہندوستانی وزیراعظم  نے صدر ٹرمپ کی امریکہ کے قومی مفادات میں پالیسیوں اور یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے کوشش کی حمایت کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ میرے بہت اچھے دوست ہیں۔ ایک طویل عرصے سے ہمارے درمیان شاندار تعلقات رہے ہیں۔‘‘ مودی نے کہا،ہم دونوں باہمی اعتماد اور ایک ہی جوش کیساتھ اشتراک کیا ہے۔‘‘ وزیرِاعظم مودی نے کہا،دنیا سمجھتی تھی کہ اس (یوکرین جنگ کے) پورے عمل میں ہندوستان کسی نہ کسی طرح ایک غیر جانبدار ملک ہے۔ لیکن یہ سچ نہیں ہےکیونکہ ہندوستان امن کا طرف دار ہے۔‘‘
تجارت بڑھانے پر اتفاق
 صدر ٹرمپ کے مطابق امریکہ اور ہندوستان آئندہ ہفتوں میں تجارت بڑھانے پر مذاکرات شروع کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس بات کا عندیہ دیا کہ ہندوستان امریکہ سے بہت زیادہ تیل اور گیس خریدے گا۔ ان کے بقول، ہمارے پاس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ تیل اور گیس ہے اور ہندوستان کو اس کی ضرورت ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے بھی کہا کہ امریکہ اور ہندوستان نے ۲۰۳۰ء تک اپنی دو طرفہ تجارت کو دوگنا سے زیادہ۵۰۰؍ ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔   وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستان امریکہ سے تقریباً ۷۰؍ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کرتا ہے جبکہ ۲۰۲۳ء میں اس کی امریکہ کو درآمدات۱۲۰؍ارب ڈالر رہی تھی۔ ٹرمپ نے کہا، ہم طویل عرصے سے جاری تفاوت کو دور کرنے کیلئے  بات چیت شروع کریں گے جن کا گزشتہ چار سالوں میں خیال رکھا جانا چاہیے تھا۔‘‘ مودی نے کہا ہے کہ بہت جلد ایک معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ہندامریکہ دفاعی تعاون
 ٹرمپ نے دفاع کے شعبے میں امریکہ اور ہندوستان کے تعاون کے حوالے سے کہا کہ واشنگٹن جلد ہی ہندوستان کو ’’کئی ملین ڈالزر‘‘ کے فوجی ساز و سامان کی فروخت میں اضافہ کرے گا۔ ٹرمپ نے کہا اس سال سے ہم ہندوستان کے لئے کئی ارب ڈالر کی فوجی فروخت میں اضافہ کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہندوستان کو ایف ۳۵؍لڑاکا طیاروں کی فروخت سمیت دفاعی فروخت میں اضافے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا،  بالآخر ہندوستان کو ایف ۳۵؍ اسٹیلتھ جنگی جہاز فراہم کرنے کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔‘‘
اہم مسائل میں تعاون کی یقین دہانی
 امریکی صدر نےوزیراعظم  مودی کے ساتھ چار گھنٹے کی میٹنگ کے بعد اشارہ دیا کہ وہ ہندوستان کی طرف سے خالصتانی دہشت گردوں کی حوالگی کی جانب قدم اٹھانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو بنگلہ دیش کے مسئلہ پر مناسب قدم اٹھانے کا مشورہ بھی دیا۔ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے متعلق  ٹرمپ نے کہا کہ’’ یہ کافی شدید رہی ہیں اوراگر میں مدد کر سکتا ہوں تو میں مدد کرنا پسند کروں گا کیوں کہ اسے روک دیا جانا چاہیے۔ یہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے۔‘‘
اہم معاہدے کون سے ہیں؟
باہمی تجارت کو ’مشن ۵۰۰‘ کے تحت ۲۰۳۰ء تک  ۵۰۰؍ بلین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف بنایا گیا ہے۔
دفاعی شعبے میںہند امریکہ شراکت داری کے ۱۰؍سالہ منصوبے کا معاہدہ اسی سال طے پائےگا
دفاعی سازو سامان اور اسلحہ کی فروخت بڑھائی جائے گی
ڈیفنس ٹریڈ، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پرزوں کی فراہمی کا معاہدہ ہوگا
خلاء، ایئر ڈیفنس ، میزائل میری ٹائم اور زیر سمندر تکنیک کے تعاون کو بڑھایا جائے گا
ملٹی سیکٹر باہمی تجارت معاہدہ ۲۰۲۵ء کے اختتام تک کیا جائے گا۔ 
یو ایس انڈیا ٹرسٹ انشیٹیو کے تحت بھرتی ہوئی تکنیک کے اشتراک کو بڑھایا جائیگا

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK