ماہرین معاشیات کے مطابق امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ نہیں ہوگی۔ بازار زیادہ دیر تک غیرمستحکم نہیں رہ سکتے۔
EPAPER
Updated: March 01, 2025, 1:04 PM IST | Agency | Mumbai
ماہرین معاشیات کے مطابق امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ نہیں ہوگی۔ بازار زیادہ دیر تک غیرمستحکم نہیں رہ سکتے۔
جمعہ کو مارکیٹ تقریباً۹؍ ماہ کی کم ترین سطح پر بند ہوا ہے۔ نفٹی نے۸؍ ماہ میں انٹرا ڈے کی سب سے بڑی گراوٹ دیکھی ہے۔ مڈ کیپ اور اسمال کیپ انڈیکس میں زبردست فروخت ہوئی۔ آئی ٹی، آٹو، پی ایس ای انڈیکس سب سے زیادہ گرے ہیں۔ اس مہینے نفٹی مڈ کیپ میں تقریباً۱۱؍ فیصد کی کمی آئی ہے۔جمعہ کو سینسیکس۱۴۱۴؍پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ ۷۳۱۹۸؍ پر بند ہوا۔ نفٹی۴۲۰؍ پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ۲۲۱۲۵؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس کے باوجود ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ مارچ میں ہندوستان کے بازاروں میں بہتری آئے گی کیونکہ مارکیٹ غیرمستحکم نہیں رہ سکتا۔
دی سٹریٹس کے فنڈ منیجر اور ٹریڈنگ اسٹریٹجسٹ کنال رامبیا نے کہا کہ امریکہ کے حالیہ ٹیرف کے اعلانات نے غیر یقینی صورتحال میں اضافہ کیا ہے، ہندوستانی بازار مہنگی قیمتوں کی وجہ سے گر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت اسٹاک کا انتخاب بہت اہم ہے۔ اس وقت، کسی کو بنیادی طور پر مضبوط کمپنیوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جو اپنی بلندی سے۴۰۔۵۰؍ فیصد نیچے دستیاب ہیں۔ یہ چیز اگلے ۶؍ سے ۸؍ مہینوں میں خریداری کے بہتر مواقع پیش کر سکتی ہے۔
جیوجیت فائنانشل سروسیز کے وی کے وجے کمار نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ غیر یقینی صورتحال کو پسند نہیں کرتے۔ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد سے غیر یقینی صورتحال بڑھ رہی ہے۔ ٹرمپ کے ٹیرف کے اعلانات کا سلسلہ مارکیٹ پربار ڈال رہاہے اور چین پر اضافی۱۰؍ فیصد ٹیرف کا تازہ ترین اعلان مارکیٹ کے نقطہ نظر کی تصدیق کرتا ہے کہ ٹرمپ اپنی صدارت کے ابتدائی مہینوں کو ٹیرف کے ساتھ دوسرے ممالک کو ڈرانے اور پھر امریکہ کے حق میں سودے بازی کیلئے استعمال کریں گے۔ موجودہ بحران کے باوجود وجے کمار کا خیال ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا امکان نہیں ہے۔ وہ توقع کرتے ہیں کہ مارچ میں ہندوستانی بازاروں میں بہتری آئے گی۔
منیش سونتھالیا ایم کے انوسٹمنٹ منیجرس کے سی ای او نے کہاکہ نفٹی ۲۲۰۰۰؍کے آس پاس رہے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر نفٹی اس سے نیچے آتا ہے تو امید ہے کہ خریدار واپس آئیں گے۔ مارکیٹ میں قیمت ہے، لیکن ہم نہیں جانتے کہ یہ کہاں ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار مسلسل فروخت کر رہے ہیں۔ ایسی صورت حال میں جیسے جیسے مارکیٹ مزید نچلی سطح پر پہنچے گا، قدر تیزی سے واضح ہو جائے گی۔ ۲۲؍ہزارکی سطح نفٹی کیلئے ایک اہم سطح ثابت ہوگی۔