مظاہرین کی بگڑتی ہوئی صحت کی جانب توجہ مبذول کرائی، مطالبات منظور کرنے کی اپیل کی، دوسری تنظیم نے ملک بھر میں طبی خدمات کو بند کردینے کی دھمکی دی
EPAPER
Updated: October 11, 2024, 11:44 PM IST | Kolkata
مظاہرین کی بگڑتی ہوئی صحت کی جانب توجہ مبذول کرائی، مطالبات منظور کرنے کی اپیل کی، دوسری تنظیم نے ملک بھر میں طبی خدمات کو بند کردینے کی دھمکی دی
آر جی کر میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل کے آبروریزی اورقتل کیس کے حوالے سے جونیئر ڈاکٹروں کی بھوک ہڑتال کے سلسل میں ڈاکٹروں کی قومی تنظیم ’انڈین میڈیکل اسوسی ایشن ‘ (آئی ایم اے) نے بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر مطالبات کو منظور کرلینے کی اپیل کی ہے۔ بھوک ہڑتال پر بیٹھے جونیئر ڈاکٹروں کی صحت کی جانب وزیراعلیٰ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے آئی ایم اے نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ان کےتمام مطالبات منظور کرنے کی اہل ہے۔ تنظیم کے صدر آر وی اشوکن کے مطابق آئی ایم اے مذکورہ جونیئر ڈاکٹروں کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ ان ڈاکٹروں کی بھوک ہڑتال کو ایک ہفتہ مکمل ہوچکاہے۔ اس بیچ ڈاکٹروں کی ایک اور تنظیم فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن نے ممتا بنرجی کو خط لکھ کر دھمکی دی ہے کہ اگر ہڑتالی ڈاکٹروں کو کوئی نقصان پہنچا تو پورے ملک میں طبی خدمات ٹھپ کردی جائیں گی۔
فیما کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم جونیئر ڈاکٹروں کی بگڑتی ہوئی صحت پر انتہائی فکر مند ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر آپ کے تہواروں میں مصروف ہونے کی تصویریں وائرل ہورہی ہیں ۔ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھیں، اہمیت کو تسلیم کریں اور فوری اور فیصلہ کن اقدام کریں۔ ان کی شکایات کو دور کرنے کے لیے جیسا کہ وقت ختم ہو رہا ہےاقدامات کریں۔ فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن ملک بھر سے ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کر تی ہے ۔ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ڈاکٹروں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔