Inquilab Logo

انڈین آئل نے سولر پینل سے چلنے والا کوکنگ سسٹم متعارف کروایا

Updated: June 23, 2022, 1:19 PM IST | Agency | New Delhi

صبح ،دوپہر اور رات کا کھانا بنانے کیلئے مشین کو الگ الگ طریقے سے استعمال کرنا ہوگا، مرکزی وزیر ہردیپ پوری کے ہاتھوں افتتاح

 It is claimed that Indian Oil`s move will reduce the budget of people`s kitchens.Picture:INN
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انڈین آئل کے اقدام سے عوام کے کچن کا بجٹ کم ہوگا ۔ تصویر: آئی این این

کھانا پکانے اور کچن کے دیگر کاموں کیلئے مختلف طریقوں کے آلات اور مشینیں بازار میں آ رہی ہیں۔ اب اسی تعلق سے  ملک کی مشہور آئل کمپنی انڈین آئل نے بھی نیا اقدام کیا ہے۔ انڈین آئل کی نئی ایجاد سے نہ صرف کھانا پکانے میں آسانی ہوگی بلکہ اس سے گیس کی بھی بچت ہوگی اور دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پیسے بھی بچیں گے۔   بدھ کو انڈین آئل نے یہاں اپنے شمسی توانائی سے چلنے والے `سوریہ نوتن انڈور سولر کوکنگ سسٹم کی نمائش کی جس کے تحت بغیر کسی خرچ کے  چار افراد کے کنبہ کیلئے مکمل ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا  کھانا آسانی سے پکایا جا سکتا ہے۔  انڈین آئل کارپوریشن کے چیئرمین مادھو ویدیا نے مرکزی پیٹرولیم اور گیس کے وزیر ہردیپ پوری اور دیہی ترقی کے وزیر گری راج سنگھ کی موجودگی میں `سوریہ نوتن انڈور سولر کوکنگ سسٹم  کی نمائش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سسٹم میں کھانا پکانے کا آلہ باورچی خانے میں نصب کیا جائے گا اور سولر پینل کھلی جگہ پر رکھا جائے گا جس سے سورج طلوع ہونے کے دوران سولر پینل شمسی توانائی کو جذب کر کے سسٹم میں محفوظ کر لے گا، جس کا کھانا پکانے کے دوران استعمال کیا جائے گا۔  ویدیا نے کہا کہ سوریہ نوتن کے تین قسم کے ماڈل ہوں گے۔ سورج چمکنے پر سوریہ نوتن ایل کام کرے گا، سوریہ نوتن ایل ڈی سے دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا پکایا جاسکے گا اور سوریہ نوتن ایل ڈی بی سے ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا تیار کیا جاسکے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے اس انڈین آئل کی اس ایجاد کا پورا کریڈٹ وزیراعظم نریندر مودی کے نام کر دیا۔ انہوں نے  کہا کہ انڈین آئل کارپوریشن نے یہ انقلابی آلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حوصلہ افزائی سے تیار کیا ہے۔ اس سے نہ صرف نامیاتی ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ کاربن کے اخراج میں بھی نمایاں کمی لائی جاسکے گی۔ مودی حکومت کی `اجولا یوجنا کے بعد یہ حکومت کا ایک اور انقلابی قدم ہوگا، جس سے لوگوں کو کھانا پکانے میں مدد ملے گی۔ اس سے پیسے کی بھی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر اس کی تیاری سے اس کی قیمت میں نمایاں کمی آئے گی اور یہ عام لوگوں کی رسائی میں آ جائے گا۔ پرائیویٹ سیکٹر سے بھی اس کی تیاری میں دلچسپی کی امید ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک میں اس کے وسیع پیمانے پر استعمال کے بعد بیرون ملک سے بھی اس کی مانگ آئے گی۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کوکنگ سسٹم سے پیسے بھی بچیں گے جس کی وجہ سے خواتین کا گھریلو بجٹ اب مستحکم ہوگا۔  اس بات میں کتنا دم ہے اس کا اندازہ اس کوکنگ سسٹم کے بازار میں آجانے کے بعد ہی ہو سکے گا۔  فی الحال ماہرین کا کہنا ہے کہ سولر پینل کی وجہ سے اس کوکنگ سسٹم  میں گیس کی بچت ہوگی یہ تو لازمی سی بات ہے۔ فی الحال موصول ہونے والی اطلاعت میں اس کوکنگ سسٹم کی قیمت نہیں معلوم ہو سکی ہے۔ اگر یہ عوام کے بجٹ کے مطابق بازار میں دستیاب ہو تو یقینی طور پر اس کی وجہ سے پیسوں کی بچت میں مدد مل سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK