فرانسیسی محکمۂ انصاف کےاہلکاروں نے مسافروں سے ۲؍ دن تک پوچھ تاچھ کے بعدانہیں جانے کی اجازت دی ،پیر کی شام طیارہ ممبئی کیلئے روانہ ہوچکا تھا۔
EPAPER
Updated: December 26, 2023, 9:10 AM IST | Agency | Paris
فرانسیسی محکمۂ انصاف کےاہلکاروں نے مسافروں سے ۲؍ دن تک پوچھ تاچھ کے بعدانہیں جانے کی اجازت دی ،پیر کی شام طیارہ ممبئی کیلئے روانہ ہوچکا تھا۔
متحدہ عرب امارات سے ۳۰۳؍ ہندوستانی مسافروں کو لے کر نکارا گو لے جانے والے ایئربس کوفرانس میں انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں روک لیاگیاتھا۔ دودن تفتیش کے بعدہندوستانی مسافروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔ بتایا گیا ہےکہ پیر کی شام طیارہ ممبئی کیلئے روانہ ہوگیاتھا۔ جمعرات کو جب یہ طیارہ مشرقی فرانس کے ایک چھوٹے سے ہوائی اڈے واتری پر ایندھن بھرنے کیلئے رُکا توایک گمنام اطلاع کی بنیاد پر اس کے تمام مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ یہ شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ طیارے کے مسافروں میں انسانی اسمگلنگ کے ممکنہ متاثرین بھی شامل ہیں۔فرانسیسی حکام کے مطابق ان میں۲۱؍ ماہ کا ایک بچہ ہے جبکہ کئی نابالغ بھی شامل ہیں۔ طیارے کو گراونڈ کرنے کے بعد اس کے مسافروں کو پہلے طیارے میں رکھا گیا لیکن پھر انہیں ٹرمینل بلڈنگ میں منتقل کردیا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق طبی عملے اور رضاکارو ں نے انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کیں۔
تحقیقات کے بعد کیا ہوا؟
فرانسیسی محکمۂ انصاف کے حکام نے مسافروں سے ۲؍ دن تک پوچھ تاچھ کی۔ بعد میں اتوار کے روز فرانسیسی استغاثہ نے طیارے کو روانہ ہونے کی اجازت دے دی جس کے پیر کی شام تک ممبئی پہنچنے کی توقع تھی۔یہ طیارہ رومانیہ کی چارٹرڈ کمپنی لیجینڈ ایئرلائنز چلارہی ہے۔کمپنی کی ایک وکیل لیلیانا باکایوکو نے خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ طیارہ پیر کے روز زیادہ سے زیادہ ممکنہ مسافروں کے ساتھ ممبئی جانے والا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز تقریباً ۲۸۰؍ مسافر فرانسیسی ایئرپورٹ سے روانہ ہوسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عملے کے ۱۵؍اراکین کو پوچھ گچھ کے بعد سنیچر کو رہا کردیا گیا تھا اور ایئرلائنز نے بھی انسانی اسمگلنگ کے واقعے میں اپنے کسی بھی کردار سے انکار کیا ہے۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق فرانس میں ہندوستانی سفارت خانے کو مسافروں سے قونصلر رسائی حاصل ہوگئی تھی۔قونصل خانہ نےصورت حال کا جائزہ لیا اور ہندوستانی مسافروں کی مدد کیلئے فرانسیسی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا۔