Inquilab Logo

؍۱۲تا ۱۵؍سال کے طلبہ کوجلدازجلدٹیکہ لگانےکی ہدایت

Updated: June 23, 2022, 10:28 AM IST | saadat khan | Mumbai

میونسپل اسکول میں ایسے ۷۶؍ ہزار بچے ہیں۔شہر ومضافات میں ابھی تک ایک لاکھ ۲۵؍ہزار بچوںکو پہلا ٹیکہ اور تقریباً ۶۰؍ہزار بچوںکو دوسرا ٹیکہ دیاجاچکاہے

Vaccination of children between the ages of 5 and 6 is underway to protect them from code 1. (File photo)
کووڈ ۱۹؍ سے حفاظت کیلئے۱۲؍ سے ۱۵؍ سال تک کے بچوں کی ٹیکہ کاری جاری ہے۔ (فائل فوٹو)

بچوںکوکوروناوائرس سے بچانے کیلئے بی ایم سی نے ۱۲؍تا۱۵؍سال کے طلبہ کو جلد ازجلد ٹیکہ لگانے کی ہدایت دی ہے۔ میونسپل اسکولوں میں اس عمر کے تقریباً ۷۶؍ ہزار طلبہ ہیں۔بی ایم سی نے اسکولوں سے ان طلبہ کی تفصیلات طلب کی ہے۔شہر ومضافات میں ابھی تک  ایسے ایک لاکھ ۲۵؍ہزار بچوں کو پہلا ٹیکہ اور تقریباً ۶۰؍ہزار بچوں کو  دوسرا ٹیکہ دیا گیا ہے۔ تعلیمی تنظیموںکےمطابق وارڈ سطح پر  ٹیکہ کاری مہم جاری ہے۔ واضح رہےکہ گزشتہ دنوں بچوںمیں اومیکرون بی اے (۴) اور بی اے (۵) کی تشخیص کے بعد بی ایم سی نے ۱۲؍تا ۱۵؍سال کی عمر کےبچوںکوجلد ازجلد کووڈ ۱۹؍ کا ٹیکہ لگانےکی مہم تیز کرنےکافیصلہ کیا ہے ۔ اس لئے بی ایم سی نے ہیڈماسٹروں سے اسکولوںمیں زیر تعلیم اس عمر کے طلبہ کی تعداد کی تفصیلات مہیاکرنےکی ہدایت جاری کی ہےساتھ ہی مذکورہ عمرکےکتنے طلبہ نے پہلا اور دوسرا ٹیکہ لیا  ہے  اور کتنے طلبہ نے ابھی ایک بھی ٹیکہ نہیں لیاہے،اس کی بھی معلومات فراہم کرنےکیلئےکہاہے۔میونسپل اسکولوں کے علاوہ نجی اسکولوں کے مذکورہ عمرکے طلبہ کو بھی جلدازجلد ٹیکہ لگایاجائے گا۔ان تفصیلات کی بنیاد پر اسکولوںمیں ٹیکہ کاری کیمپ منعقدکرنےکا منصوبہ تیار کیاجارہا ہے۔ 
 اس تعلق سے میونسپل ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ایگزیکٹیو  آفیسر ڈاکٹر منگلا گومارے نے بتایا ہے کہ’’ بی ایم سی کے اسکولوںمیں مذکورہ عمر کے تقریباً ۷۶؍ہزار طلبہ ٹیکہ   کے اہل ہیں۔ گرمی کی تعطیلات کے دوران کتنے طلبہ نے ٹیکہ لگایا ہے،  اس کی اطلاع اکٹھاکرنی ہے ۔ اس کی بنیاد پر اسکولوں میں ٹیکہ کیمپ لگانےکامنصوبہ ہے۔وارڈ سطح پر ہیلتھ افسران کو ہدایت دی گئی ہےکہ وہ اسکولوںکا دورہ کرکے معلوم کریں کہ کونسے اسکول میںکتنے بچوںکوٹیکہ لگاناہے۔ ٹیکہ کیمپ کب اور کیسے منعقدکیاجائے ۔ اس کی منصوبہ بندی کرنےکی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’کیمپ کے دوران بی ایم سی کےہیلتھ افسران ٹیکہ سے متعلق پائی جانے والی جھجھک کو بھی دور کریں گے۔جو بچے ٹیکہ نہیں لگانا چاہتےہیں ، ان کے والدین اور سرپرستوں کی کائونسلنگ اور انہیں ٹیکہ کی اہمیت بتائی جائے گی۔ ‘‘
  بی ایم سی کے ایک افسرنے بتایاکہ ’’ نجی اسکولوںمیں بھی ٹیکہ کاری کیمپ لگایاجائے گا۔ اس لئے ان اسکولوں میں زیر تعلیم مذکورہ عمرکے بچوںکی تعداد اور دیگر تفصیلات بھی حاصل کی جائے گی۔ اس تعلق سے ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کو مکتوب روانہ کیاگیاہے۔ اطلاع کے مطابق ابھی تک مذکورہ عمر کے ایک لاکھ ۲۵؍ ہزار بچوں کو پہلا اور ۶۰؍ ہزار بچوںکو دوسرا ٹیکہ دیا گیاہے۔‘‘
 مہانگرپالیکاشکشک سبھا کے جنرل سیکریٹری کے کے سنگھ نے بتایاکہ ’’ ۱۲؍ سے ۱۵؍ سال کی عمرکےطلبہ کو ٹیکہ دینے کی کارروائی جاری ہے۔ وارڈسطح پر ٹیکہ لگایاجارہاہے۔ کسی وارڈ سے ٹیکہ نہ لگانےکی شکایت نہیں ملی ہے ۔بیشتر طلبہ اوروالدین ٹیکہ لگانے کیلئے آمادہ ہیں ساتھ ہی بی ایم سی کی طرف سے اس معاملہ میں تفصیلات طلب کی گئی ہے ۔ اسکول ہیڈماسٹر اس عمر کے کتنے طلبہ نے ٹیکہ لگایاہے اورکتنے طلبہ نےابھی ایک بھی ٹیکہ نہیں لیاہے ، اس کی معلومات اکٹھا کررہےہیں۔‘‘ مہاراشٹراسٹیٹ شکشک پریشد کے صدر شیوناتھ دراڈے کےمطابق ’’ٹیکہ کاری مہم جاری ہےلیکن کورونا کے  زیادہ کیسز سے طلبہ اور والدین میں بےچینی ہے،   اس کے باوجود بچے اسکول آرہےہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK