• Thu, 07 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

الیکشن کے دن ووٹنگ کا عمل تیز ی سے مکمل کرنے کی ہدایت

Updated: November 05, 2024, 11:29 PM IST | Mumbai

تھانے ضلع الیکشن آفیسر کی یقین دہانی۔ ووٹروں سے پولنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی تاکہ عوام کی پسند کی حکومت تشکیل پا سکے، بے خوف پولنگ کروانے کا یقین دلایا

Election Officer and District Collector Ashok Shangare explaining the details of the election in the press conference. (Photo: Iqbal Ansari)
الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر اشوک شنگارے پریس کانفرنس میں الیکشن کی تفصیل بتاتے ہوئے۔(تصویر : اقبال انصاری)

 لوک سبھا الیکشن میں متعدد پولنگ مراکز پر سست پولنگ کے سبب ووٹروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا اور گھنٹوں لمبی قطار میں کھڑا ہونا پڑا تھا ،اس طرح کی پریشانی اسمبلی انتخابات میں نہ ہوں اس کیلئے الیکشن ڈیوٹی پر تعینات سبھی اہلکاروں کو ووٹرز کی شناخت کرنے اور دیگر جانچ تیزی سے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ یقین دہانی تھانے ضلع کے الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر اشوک شنگارے نے نمائندۂ انقلاب کے ایک سوال کے جواب میں کرائی ۔تھانے ضلع کے الیکشن آفیسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نڈر ہو کر بڑھ چڑھ کر اپنے جمہوری حق کا استعمال کریں تاکہ عوام کی پسند کی حکومت قائم ہو سکے ۔ انہوں نے ووٹروں کی سہولت کیلئے تھانے ضلع میں ۳۳۷؍کثیر منزلہ عمارتوں کے احاطے پولنگ اسٹیشن قائم کرنے کابھی یقین دلایا۔
  واضح رہے کہ ۲۰؍ نومبر کو مہاراشٹر اسمبلی کی ۲۸۸؍ سیٹووںکیلئے پولنگ ہو گی اور ۲۳؍ نومبر کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
  تھانے ضلع کے الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر اشو شنگارے نے منگل کو ضلع کلکٹر آفس میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی جس میں انہوںنے الیکشن کی تیاریوں کے تعلق سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ انہوں نےبتایاکہ ’’لوک سبھا الیکشن میں ہمیں متعدد شکایتیں موصول ہوئی تھیں کہ پولنگ بہت دھیمی کی گئی جس کی وجہ سے ووٹروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس کی جانچ کرنے پر پتہ چلا کہ کچھ پولنگ اسٹیشنوں میں بینک کے اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اور وہ اپنے بینک کے طریقے سے ایک ایک ووٹر کی جانچ کرنے کے بعد جب تک پہلا ووٹر بوتھ سے باہر نہیں جاتا تھا دوسرے ووٹر کو نہیں چھوڑتے تھے۔لیکن اب سبھی اسٹاف کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ووٹرز کی شناخت کرنے میں تیزی لائیں اور جب پہلا ووٹر ایک ٹیبل سے دوسرے ٹیبل پر جائے تو اگلے ووٹر کو پہلے ٹیبل پر چھوڑ ے اس طرح پولنگ میں تیزی آئے گی۔‘‘
کثیر منزلہ عمارت میں ۳۳۷ ؍پولنگ اسٹیشن 
 الیکشن آفیسر نے بتایا کہ’’ عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ شہری علاقوں میں ووٹر اپنا جمہوری حق ادا کرنے میں کوتاہی برتتے ہیں اور عدم توجہی کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔ اس لئے ایک جانب جہاں ووٹروں کو ان کےحق رائے دہی کیلئے بیداری پیدا کرنے کیلئے مختلف طریقے سے مہم چلائی جارہی ہے وہیں دوسری جانب کثیر منزلہ عمارت کی ۳۳۷؍ سوسائٹیوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہاں کے اور آس پاس کے ووٹروں کو کہیں اور نہ جانا پڑے اور وہ اپنی سوسائٹی کے پولنگ سینٹر پر ہی پولنگ کر سکیں۔‘‘
۸؍ کروڑ نقدی سمیت ۱۳؍ کروڑ کا سامان ضبط
 الیکشن افسر نے بتایاکہ’’ ۱۵؍ اکتوبر کو ضابطہ اخلاق نافذ کیا گیا ہے ، اس کے بعد سے نقدی، نشہ آور ادویات اور قیمتی اشیا کی تقسیم جیسی سرگرمیوں پر سختی سے نگاہ رکھی جارہی ہے ۔ ۱۵؍ اکتوبر تا۵؍ نومبر تھانے ضلع میں متعدد چھاپہ ماری اور جانچ کے دوران ۱۳؍کروڑ ۲۶؍ لاکھ ۹۶؍ ہزار ۸۷۱؍ روپے کا ساز و سامان ضبط کیاگیا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے ۲۰۹؍ معاملات درج کئے گئے ہیں ۔ ضبط کی گئی اشیاء میں ۸؍کروڑ ۸۲؍لاکھ ۵۳؍ ہزار ۸۷۱؍ روپے (نقدی) بھی شامل ہیں۔
کلیان (ویسٹ) میں سب سے زیادہ امیدوار 
 تھانے الیکشن آفیسر نے بتایا کہ ’’اسمبلی الیکشن میں تھانے ضلع میں کل ۱۸؍ اسمبلی حلقے ہیں جن میں مجموعی طو رپر ۳۳۴؍ امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا جن میں سے  ۹۰؍  امیدواروں نے اپنا نام واپس لے لیااور اب ۲۴۴؍ امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ ۲۴؍ امیدوار کلیان( ویسٹ) اسمبلی حلقہ میں جبکہ سب سے کم ۷؍ امیدوار بھیونڈی(گرامین) اسمبلی حلقہ میں ہیں۔
ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ میں ۱۱؍ امیدوار
 ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ میں کل ۱۱؍ امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ ان میں این سی پی (شرد پوار) کے امیدوار جتیندر اوہاڑ، این سی پی(اجیت پوار) کی جانب سے نجیب ملا، ایم آئی ایم کی جانب سے سیف پٹھان(سرفراز خان) ، راشٹریہ علما کونسل کے امیدوار عامر انصاری،سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(ایس ڈی پی آئی) سے سرفراز شیخ  شامل ہیں۔

thane Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK