سپریم کورٹ نے پٹیشن بامبے ہائی کورٹ بھیج دی ۔ ۲۱؍ مارچ کوعرضداشت پرسماعت کرنے کی ہدایت دی ۔ دیگر ہاکرس کی عرضی بھی زیر سماعت
EPAPER
Updated: March 03, 2025, 10:45 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
سپریم کورٹ نے پٹیشن بامبے ہائی کورٹ بھیج دی ۔ ۲۱؍ مارچ کوعرضداشت پرسماعت کرنے کی ہدایت دی ۔ دیگر ہاکرس کی عرضی بھی زیر سماعت
قلابہ کے ہاکرس کی تنظیم کی پٹیشن پر سپریم کورٹ نے بی ایم سی کو ان کے خلاف آئندہ حکم تک کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن پیر کو سپریم کورٹ نے اس پٹیشن کو حتمی سماعت کیلئے بامبے ہائی کورٹ بھیج دیا ہے ساتھ ہی یہ بھی وضاحت کی ہے کہ عدالت عظمیٰ نے ہاکرس کوراحت دیتے ہوئے جو حکم جاری کیا تھا، اس پر ۳؍ ماہ تک عمل کیا جائے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے ہاکرس کے معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے مفاد عامہ کی ایک پٹیشن پر سماعت شروع کردی ہے جس میں ہاکرس کی وجہ سے سڑکوں اور راستوں پر گاڑیوں کی آمدورفت اور پیدل چلنے کی جگہ نہ ملنے کی بات کی جارہی تھی اور اسی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی میں بھی اضافہ ہوگیا تھا۔ اسی پٹیشن پر سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے جنوبی ممبئی میں واقع چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی) پر ڈی این روڈ سے قلابہ تک تمام ہاکرس کو فٹ پاتھ سے ہٹانے کا حکم دے دیا تھا۔
اس حکم کےخلاف ’قلابہ کازوے ٹورزم ہاکرس اسٹال یونین‘ نے ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرکے مطالبہ کیا تھا کہ بی ایم سی بغیر لائسنس والے ہاکرس کو کاروبار نہیں کرنے دے رہی ہے جبکہ۲۰۱۴ء میں ہاکرس کے تعلق سے جو ایکٹ بنایا گیا ہے، اسے نافذ کیا جائے تو انہیں لائسنس مل سکتا ہے۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ہاکرس کے سروے میں انہیں لائسنس کا اہل پایا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا کہ جب تک یہ ایکٹ نافذ نہیں ہوجاتا تب تک ہاکرس کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔ لیکن ہائی کورٹ نے اس بات کو قبول نہیں کیا جس پر اس تنظیم نے اس حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور عدالت عظمیٰ نے انہیں راحت دیتے ہوئے بی ایم سی کی کارروائی پر روک لگا دی تھی۔
قلابہ کی تنظیم کو راحت ملنے پر ممبئی کے ہاکرس کی دیگر چند تنظیمیں سپریم کورٹ کے متذکرہ حکم نامہ کی کاپی کے ساتھ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی ہیں تاکہ انہیں بھی بی ایم سی کی کارروائی سےراحت مل سکے تاہم ہائی کورٹ نے اب تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں سنایا ہے۔
چونکہ بامبے ہائی کورٹ میں ہاکرس کی تنظیموں کی عرضی پر سماعت جاری ہے اس لئے پیر کو جب سپریم کورٹ میں قلابہ کے ہاکرس کی پٹیشن پر دوبارہ سماعت ہوئی تو ججوں نے اس پٹیشن کو سماعت کیلئے ہائی کورٹ بھیج دیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب ہائی کورٹ اس معاملے پر سماعت کرکے ان کے تعلق سے حتمی فیصلہ سنائے گی۔ اگر فیصلہ ہاکرس کے خلاف ہوتا ہے تو وہ دوبارہ سپریم کورٹ جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کو سپریم کورٹ نے قلابہ والوں کی پٹیشن ہائی کورٹ بھیجتے وقت یہ وضاحت کردی ہے کہ جنوری میں ہاکرس کو راحت دیتے ہوئے جو حکم جاری کیا گیا تھا، اس پر۳؍ ماہ تک عمل درآمد ہوگا اور ہائی کورٹ کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ۲۱؍ مارچ کو ان ہاکرس کی عرضداشت پر سماعت کرے۔
ہاکرس کی دیگر تنظیموں کی عرضی پر پچھلی سماعت کے دوران ہائی کورٹ میں شکایت کی گئی تھی کہ جن ہاکرس کے پاس ڈومیسائل سرٹیفکیٹ نہیں ہے، انہیں ہاکرس کے الیکشن میں ووٹ دینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اس پر عدالت نےبی ایم سی سے وضاحت طلب کی تھی کہ کیا مہاراشٹر میں روزگار کمانے کیلئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے؟
عدالت نے یہ بھی پوچھا تھا کہ اگر ہاکرس کی فہرست کی جانچ مکمل کرنے کے بعد ان کا دوبارہ الیکشن کرانا ہو تو اس کیلئے کتنا وقت درکار ہوگا۔ اس معاملے پر اسی ہفتے دوبارہ سماعت کا امکان ہے۔