کانگریس کی جانب سے ساکی ناکہ میں جبکہ دلت تنظیموں نے مالونی میں مورچہ نکالا، بھیم آرمی کا دادر میں مظاہرہ، کئی مظاہرین نے بابا صاحب کی رہائش گاہ کے باہر کھڑے رہ کر امیت شاہ کیخلاف اپنے غصے کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: December 23, 2024, 1:16 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Saki Naka/Dadar/Malvani
کانگریس کی جانب سے ساکی ناکہ میں جبکہ دلت تنظیموں نے مالونی میں مورچہ نکالا، بھیم آرمی کا دادر میں مظاہرہ، کئی مظاہرین نے بابا صاحب کی رہائش گاہ کے باہر کھڑے رہ کر امیت شاہ کیخلاف اپنے غصے کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ امیت ں شاہ کے ذریعے پارلیمنٹ میں کی گئی بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کے خلاف اتوار کو کانگریس کی جانب سے ساکی ناکہ میں اور مالونی میں دلت تنظیموں کی جانب سے مورچہ نکالا گیا۔ بھیم آرمی کی جانب سے دادر اسٹیشن کے باہر ساڑھے 4 بجے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے انتباہ دیا کہ امیت شاہ کو معافی مانگنی ہی ہوگی ورنہ ہم بی جے پی کو بابا صاحب کا فوٹو لے کر چلنے اور انہیں سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ تمام مظاہرین ہاتھوں میں مختلف نعروں والے پلے کارڈ اور بابا صاحب کی تصویر اٹھائے ہوئے نعرے بلند کررہے تھے۔
عوام کے سامنے معافی مانگیں
ساکی ناکہ پیننسولا ہوٹل کے پاس بڑی تعداد میں کانگریس کے کارکنان صبح ۱۱؍بجے جمع ہوئے اور یہاں سے کانگریس کے سینئر لیڈر محمد عارف نسیم خان کی سربراہی میں چاندیولی میں بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے تک مارچ کیا۔ یہاں بابا صاحب کے مجسّمے پر پُھول ڈال کر مظاہرہ ختم کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد عارف نسیم خان نے کہا کہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں اُن بابا صاحب کی توہین کی جنہوں نے ۱۴۰؍کروڑ ہندوستانی کو ایسا آئین دیا جو اُنکے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، ان کو وقار عطا کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں اقلیتوں اور خاص طور پر دلتوں پر مظالم بڑھ گئے ہیں، ان کو جگہ جگہ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عارف نسیم خان نے مزید کہا کہ امیت شاہ کو عوام کے سامنے معافی مانگنی چاہئے، بابا صاحب کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اِس موقع پر اُنہوں نے پربھنی، ناندیڑ اور پوائی کے جے بھیم نگر کا بھی حوالہ دیا۔ یہاں ماگسورگیہ سماج کے کئی خاندانوں کو بےگھر کردیا گیا ہے، یہ ظلم اور ناانصافی ہے۔
یہ ملک کی توہین ہے
بھیم آرمی کے قومی جنرل سیکریٹری اشوک کامبلے نے کہا کہ امیت شاہ نے جان بوجھ کر بابا صاحب کی توہین کی۔ سچائی یہ ہے کہ دل کی بات ان کی زبان پر آگئی۔ بی جے پی دلتوں سے، آدیواسیوں اور مسلمانوں سے نفرت کرتی ہے، یہ دیش کے وزیر داخلہ کے بیان سے پوری طرح واضح ہوگیا۔ مگر ہم بھی حکومت کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔ بھیم آرمی ممبئی کے صدر اویناش گروڈ نے کہا کہ یہ مورچہ نہیں امیت شاہ اور بی جے پی کو وارننگ ہے، اگر معافی نہیں مانگی تو مزید شدت سے ہم سڑکوں پر اتریں گے۔
محمد زاہد شیخ (بھیم آرمی اترممبئی ضلع صدر) نے کہا کہ امیت شاہ نے جان بوجھ کر یہ سب کیا ہے۔ وہ یہ جاننا چاہ رہے تھے کہ دلت سماج ان کی اس حرکت پر کیا رد عمل ظاہر کرتا ہے۔ ہم لوگوں نے بھی طے کیا ہے کہ جب تک امیت شاہ معافی نہیں مانگتے، ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
امیت شاہ کی موجودگی بابا صاحب کی دین ہے
دلت لیڈر رام داس بھیسارے(مالونی بودھ وہار انچارج) نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اتوار یہ مورچہ اس لئے نکالا تاکہ امیت شاہ کو یہ بتایا جائے کہ بابا صاحب کے ماننے والے ان کا اپمان برداشت نہیں کریں گے۔ خود امیت شاہ آج جس عہدے پر ہیں وہ بابا صاحب کی دین ہے اور ہمارا سنویدھان ہی ہمیں سورگ جیسا سکون اپنے دیش میں دیتا ہے۔ اس لئے ہم یہ بھی واضح کردینا چاہتے ہیں کہ جتنی جلد ہو وہ معافی مانگ لیں تو بہتر ہے ورنہ اور شدت سے احتجاج کیا جائے گا۔