وزیر مملکت برائے ریلوے رونیت سنگھ بٹو نے راہل گاندھی کو ملک کانمبر ون دہشت گرد قرار دیا تھا، اس سے قبل بی جے پی ایم ایل اے یتنال کیخلاف بھی کیس درج ہوا ہے
EPAPER
Updated: September 19, 2024, 10:51 PM IST | New Delhi
وزیر مملکت برائے ریلوے رونیت سنگھ بٹو نے راہل گاندھی کو ملک کانمبر ون دہشت گرد قرار دیا تھا، اس سے قبل بی جے پی ایم ایل اے یتنال کیخلاف بھی کیس درج ہوا ہے
کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے سچائی پر مبنی بیانات سے بی جے پی لیڈران اتنے عاجز آگئے ہیں کہ انہوں نے ان کے خلاف اول فول بکنا شروع کردیا ہے اور مسلسل ان کی توہین کررہے ہیں۔ اسی سبب کرناٹک میں کانگریس پارٹی نے بنگلور کے ہائی گرائونڈس پولیس اسٹیشن میں مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے اور وزیر مملکت برائے فوڈ پروسیسنگ رونیت سنگھ بٹو کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی ہے۔ رونیت سنگھ بٹو نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی کے تعلق سے کہا تھا کہ ’’ راہل گاندھی ملک کے نمبر ون دہشت گرد ہیں کیوں کہ ملک کو مطلوب دہشت گرد ان کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور ان کی کھل کر حمایت کرتے ہیں۔ ‘‘ رونیت سنگھ نے یہ بھی کہا تھا کہ کانگریس پارٹی نے ماضی میں مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی اور ان کا استعمال بھی کیا لیکن جب وہاں کامیاب نہیں ہو سکی تو اب وہ سکھوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ یہاں بھی انہیں کامیابی نہیں ملے گی۔ واضح رہے کہ رونیت سنگھ بٹو ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل تک کانگریس پارٹی میں ہی تھے اور اسی کے ٹکٹ پر وہ ۳؍ مرتبہ رکن پارلیمان منتخب ہوئے تھے۔ لوک سبھا الیکشن کے وقت انہوں نے پارٹی بدل لی اور نئی حکومت میں انہیں ۲؍ وزارتوں سے نواز دیا گیا جس کا حق نمک وہ ادا کررہے ہیں۔
اس سے قبل بنگلور کی مذکورہ بالا پولیس اسٹیشن میں کرناٹک بی جے پی کے رکن اسمبلی بسوگوڑا پاٹل یتنال کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔ یتنال اس سے قبل بھی کئی اشتعال انگیز اور متنازع بیانات دے چکے ہیں اور تنازعات سے ان کا پرانا ناطہ ہے۔ راہل گاندھی کے تعلق سے انہوں نے انتہائی متنازع بیان دیا کہ وہ اپنے حسب و نسب کے بارے میں نہیں جانتے ہیں کیوں کہ ان کے والد ہندوستانی ہیں اور ماں اطالوی ہیں ۔ وہ دیسی پستول کی طرح ہیں جس کی بنیادی مینو فیکچرنگ کہاں ہوئی اس بارے میںکوئی نہیں جانتا۔ یتنال کے اس بیان کے بعد گزشتہ روز ہی کانگریس پارٹی اور دیگر نے اعتراض کرتے ہوئے شکایت درج کرائی تھی جسے پولیس نے باقاعدہ ایف آئی آر میں تبدیل کردیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ راہل گاندھی پر کئے گئے توہین آمیز تبصروںکے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا ۔ دہلی اورملک کے دیگرشہروں میں کئے گئے مظاہروں کی وجہ سے بی جے پی پر زبردست دبائو پڑا ہے۔ حالانکہ بی جے پی نے ان بیانات کے تعلق سے کوئی واضح موقف نہیں اپنایا ہے لیکن اس کے مختلف ترجمان اس سوال سے بچنے کی کوشش ضرور کررہے ہیں۔