رات میں امس ، لوگ نیند بھی پوری نہیں کر پارہےہیں ، زیادہ سےزیادہ درجۂ حرارت ۴۲ء۲؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا
EPAPER
Updated: April 10, 2025, 10:48 PM IST | Pune
رات میں امس ، لوگ نیند بھی پوری نہیں کر پارہےہیں ، زیادہ سےزیادہ درجۂ حرارت ۴۲ء۲؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا
لوگ گزشتہ چند روز سے شدید گرمی سے پریشان ہیں۔ دوپہر کے وقت گھر سے نکلنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ دوپہر میں تیزدھوپ اور رات میںامس کی وجہ سے لوگ مناسب نیند نہیں لے پا رہے ہیں۔ دوپہر کے وقت سڑکیں سنسان دکھائی دیتی ہیں۔ آگ اگلتے سورج نے ہر طبقے کا جینا محال کر دیا ہے۔ اس سیزن میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت منگل کو لوہ گاؤں میں۴۲ء۷؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ شیواجی نگر میں درجہ حرارت ۴۱ء۳؍ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اطلاع محکمہ موسمیات نے دی ہے۔ ہوا میں نمی کی کمی کے باعث درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ۲؍ روز میں درجہ حرارت میں معمولی کمی کی پیش گوئی کی ہے۔ اس بار اپریل کے دوسرے ہفتے ہی میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے دو تین دنوں سے شدید گرمی ہے۔ دن کی تیز دھوپ کو برداشت کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کیا کہنا ہے ؟
محکمۂ موسمیات کے سائنسداں ایس ڈی سنپ سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق ہوا میں نمی کی کمی اور صاف آسمان کی وجہ سے سورج کی کرنیں براہ راست زمین پر پہنچ رہی ہیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ درجہ حرارت میں یہ اضافہ اگلے دو روز تک اسی طرح جاری رہے گا۔ اس کے بعد درجہ حرارت میں معمولی کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اپریل میں جمعرات تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت محکمہ موسمیات میں۱۸۹۷ء میں ریکارڈ کیا گیا۔۱۸۹۷ء میں۴۳ء۳؍ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ۱۹۵۸ء میں۴۳ء۲؍ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور اب ۴۲ء۲؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیاہے۔
آبی ذخائر میں پانی کی سطح کم ہو گئی
شدید گرمی کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں پانی کی قلت کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔ ریاست کے بڑے، درمیانے اور چھوٹےآبی ذخائر اب نصف سے بھی کم رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے آنے والے ہفتوں کے لئے بے چینی بڑھ گئی ہے۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ پونے کے ڈیموں میں بھی پانی کی سطح سب سے کم ہوگئی ہےجس میں قابل استعمال پانی کا صرف۳۹ء۵۵؍ فیصد باقی رہ گیا ہے۔ یہ تعداد مراٹھواڑہ سے بھی کم ہے جو پانی کی کمی کے لئے جانا جاتا ہے۔
کملا نہرو اسپتال میں۶؍ بیڈ مختص کئے گئے
شہر میں درجہ حرارت۴۰؍ ڈگری سے اوپر چلا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر پونے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت نے تمام پرائیویٹ اور پی ایم سی اسپتالوں کو الرٹ رہنے کی اطلاع دی ہے۔ کملا نہرو اسپتال میں گرم لہروں سے متاثرافراد کیلئے۶؍ بستر مختص ہیں۔ درجہ حرارت بڑھنے سے لو لگنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو ہیٹ اسٹروک اور اس کے نتیجے میں پانی کی کمی موت کا سبب بن سکتی ہے۔