• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلسطینی خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی عالمی سطح پر شدید مذمت

Updated: September 09, 2023, 11:27 AM IST | Inquilab News Network | Ramla

اقوام متحدہ کااظہارِ تشویش ۔ او آئی سی کا تحقیقات کرکے سخت کارروائی کا مطالبہ ۔ اسرائیل میں حقوق انسانی کی ۲؍تنظیموں نے اپنی رپورٹ میں اسرائیلی فوجیوں کی درندگی کی اطلاع دی تھی۔

Israeli soldiers have been accused of harassing Palestinian women during raids. Photo: INN
اسرائیل کے فوجیوں پر چھاپہ کے دوران فلسطینی خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تصویر:آئی این این

 راملہ ، اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں سے پتہ چلا کہ جولائی میں اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران گھر میں موجود فلسطینی خواتین کو تلاشی کے نام پر برہنہ ہونے پرمجبور کیا تھا۔ اس واقعہ کی عالمی سطح پرشدید مذمت کی جارہی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیلی فوج کے ذریعے فلسطینی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل معافی اقدام قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ نے بھی اس پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔
اسرائیل میں انسانی حقوق کی تنظیم’بی سیلیم‘ کی جانب سے کی گئی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ گزشتہ جولائی میں ۲؍ مسلح اسرائیلی فوجیوں نے گشت کے دوران  حملہ آور کتوں   کے ساتھ الخلیل میں ایک خاندان کی۵؍ فلسطینی خواتین کو الگ الگ کرکے مکمل طور پر برہنہ کرکے تلاشی لینے پر مجبور کیا تھا۔خواتین کے بیانات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے دھمکی دی کہ اگر وہ حکم نہ مانیں گی تو ان پر کتے  چھوڑ دیں گے۔ ۱۰؍ جولائی کو نصف شب کے بعد ایک مشن پریہ فوجی تھے۔ اس مشن میں تقریباً ۵۰؍ فوجیوں نے حصہ لیاتھا۔ اس تعلق سےتفصیلی خبر گزشتہ روز ’دی ٹائمس آف اسرائیلی‘ نامی انگریزی اخبار میں بھی شائع ہوچکی ہے جس میں اسرائیل میں حقوق انسانی کی تنظیم ’بی سیلیم ‘ اور’ہاریٹرز‘ کی ہی رپورٹ بھی حوالہ دیاگیاہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مذکورہ متاثرہ خاندان کے سب سے بڑے بیٹے کی بیوی جسے چھاپے میں گرفتار کیا گیا تھا، نے دعویٰ کیا کہ ۲؍ ہزار این آئی ایس (۵۲۲؍ ڈالر) نقد بھی چوری کرلئے گئے، یہ دعویٰ ہے کہ فوج کے ترجمان کے مطابق سرکاری شکایت درج ہونے تک اس کی اطلاع نہیں دی گئی اور نہ ہی تفتیش کی گئی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج کے ذریعے فلسطینی خواتین کے ساتھ اس وحشیانہ برتاؤ پر اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ  اسرائیلی فوج کا فلسطینی خواتین کو ہراساں کرنے کا واقعہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے۔ تنظیم نے عالمی برادری اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم کا نوٹس لیں اور فلسطینی خواتین کے ساتھ ہونے والے اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کراتے ہوئے  مجرموں کے خلاف مقدمہ چلائیں ۔
اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی خواتین کے ساتھ توہین آمیز سلوک اور انہیں ہراساں کئے جانے کے واقعے پر عالمی سطح پربھی مذمت جاری ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کے بعداقوام متحدہ نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی۔ اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نےایک بیان میں کہا کہ ’’ہم ہرطرح کے تشدد اور ہراسانی کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی خواتین کی ہراسانی کے واقعہ کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ اس واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئےاور قصور وار فوجیوں کو اس کی سزا ملنی چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK