• Thu, 13 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کی تحقیقات ہائی کورٹ کے ججوں سے کروائی جائے‘‘

Updated: February 13, 2025, 11:46 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے درج فہرست ذات کے شعبے کے صدر سدھارتھ ہتّی امبیرے کا مطالبہ ،۳؍ مارچ کو منترالیہ کے گھیراؤ کا انتباہ بھی دیا۔

Bombay High Court. Photo: INN.
بامبے ہائی کورٹ کی عمارت۔ تصویر: آئی این این۔

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے درج فہرست ذات کے شعبے کے صدر سدھارتھ ہتّی امبیرے نے  مطالبہ کیا ہے کہ پربھنی میں  سومناتھ سوریہ ونشی کے قتل کی تحقیقات ہائی کورٹ کے موجودہ ججوں کے ذریعے کرائی جائےاور قصوروارپولیس اہلکاروں پر قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں نوکری سے برطرف کیا جائے، سومناتھ اور وجے کے خاندانوں کو ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے  ۔ انہوں نے یہ بھی دھمکی دی ہے کہ اگر ان مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا اور امبیڈکر وادیوں کو انصاف نہ دیا گیا تو۳؍مارچ کو مہاراشٹر بھر کے امبیڈکر وادی تحریک کے کارکنان اور آئین سے محبت کرنے والے لوگ منترالیہ کا گھیراؤ کریں گے۔
  اس ضمن میں سدھارتھ ہتّی امبیرے نے بدھ کو مراٹھی پترکار سنگھ میں   پریس کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جس میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے ترجمان اور سلم سیل ممبئی کے صدر سریش چندر راج ہنس، درج فہرست ذات کے شعبہ ممبئی کے صدر کچرو یادو، جنرل سیکریٹری مہندر منگیکر، رمیش کامبلے، راج والمیکی اور دیگرعہدیدار موجود تھے۔
  سدھارتھ نے کہا کہ ’’پربھنی میں آئین کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرین پرامن طریقے سے احتجاج کر رہے تھے لیکن پولیس نے نہ صرف ان پر لاٹھی چارج کیا بلکہ کومبنگ آپریشن کے ذریعے سیکڑوں امبیڈکر وادیوں کو بے رحمی سے مارا  پیٹا اور کئی بے قصور شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ امبیڈکر وادی نظریات کے حامل نوجوان سومناتھ سوریہ ونشی کو بھی گرفتار کرکے  تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ان کی موت   ہو گئی لیکن اس معاملے میں حکومت نے پولیس اہلکاروں کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہیں کی۔  انہوں نے مزید کہا کہ پربھنی میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے کے سامنے موجود آئین کے مجسمے کی بے حرمتی کی گئی تھی۔ اس کے خلاف شروع کی گئی تحریک کے بعد نوجوان وکیل سومناتھ سوریہ ونشی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مظالم کی وجہ سے نہ صرف سوریہ ونشی بلکہ امبیڈکر وادی تحریک کے سینئر رہنما وجے واکونڈے کی بھی موت ہو گئی۔ اس واقعے کو دو ماہ گزر چکے ہیں لیکن ان دونوں خاندانوں کو اب تک انصاف نہیں ملا ہے۔ حکومت صرف تحقیقات کے نام پر پولیس کو تحفظ دے رہی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اس معاملے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کومبنگ آپریشن کے دوران جن امبیڈکر وادیوں  کے خلاف مقدمے درج کئے گئے ہیں، انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔ سومناتھ سوریہ ونشی اور وجے واکونڈے کے خاندانوں کو فی کس  ایک کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جائے اور ان کے خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے۔ متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل اور اٹروسٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ پولیس تشدد میں زخمی ہونے والوں کو بھی معاوضہ دیا جائے۔
  سدھارتھ ہتّی امبیرے نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر فوری طور پر امبیڈکر وادیوں کو انصاف نہ دیاگیا تو۳؍ مارچ کو  منترالیہ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK