ایم سی اے سے ان دونوں شخصیات کا قدیم رشتہ رہا ہے، وانکھیڈے اسٹیڈیم کے۵۰؍ویں یومِ تاسیس کےموقع پر انہیں ان کی خدمات کے عوض ایوارڈ دیا گیا۔
EPAPER
Updated: February 06, 2025, 1:22 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ایم سی اے سے ان دونوں شخصیات کا قدیم رشتہ رہا ہے، وانکھیڈے اسٹیڈیم کے۵۰؍ویں یومِ تاسیس کےموقع پر انہیں ان کی خدمات کے عوض ایوارڈ دیا گیا۔
جنوبی ممبئی کے قلب چرچ گیٹ میں واقع عالمی شہرت یافتہ خوبصورت وسیع و عریض وانکھیڈے اسٹیڈیم کے ۵۰؍ویں یومِ تاسیس کےموقع پر گزشتہ دنوں منعقد ہونےوالی شاندار تقریب میں ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن( ایم سی اے) کے انتظامیہ کمیٹی کے اعلیٰ عہدیداران اوراراکین کو اعزاز سے نوازاگیا، جن میں معروف کرکٹر لال چندراجپوت، ملند ریگے وغیرہ کے علاوہ ایم سی اے سے گزشتہ۳۹؍سال سے وابستہ سابق اسسٹنٹ کمشنرآف پولیس اقبال شیخ اور ۲۰؍برس سےایم سی اے کیلئے خدمات پیش کرنےوالے جاوید رضوی کی بھی تہنیت کی گئی۔
۱۹؍جنوری ۱۹۷۴ءکووانکھیڈے اسٹیڈیم کا افتتاح عمل میں آیا۔ اسی کی مناسبت سے ۵۰؍سال کی تکمیل پر گولڈ ن جبلی تقریب کا شاندار انعقادکیاگیاجس میں ایم سی اے کے صدر اجنکیا نائیک، نائب صدر سنجے نائیک، سیکریٹری ابھے ہڈپ، خزانچی ارمان ملک، جوائنٹ سیکریٹری دیپک پاٹل اور سابق صدر وجے پاٹل کے علاوہ معروف کرکٹر سنیل گاوسکر، سنجے منجریکر، وسیم جعفر، راجو کلکرنی، چندرکانت پنڈت، لال چند راجپوت، شوبھا پنڈت، اور اروندھتی گھوش موجودتھے۔ سبکدوش اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس اقبال شیخ(پولیس میڈل فارگلینٹری، پولیس جمخانہ کےسابق جوائنٹ سیکریٹری اورممبئی پولیس کرکٹ کلب کے سابق اعزازی سیکریٹری) کو ایم سی اےکےمختلف عہدوں پر فائز ہونےکابھی شرف حاصل رہا۔ و ہ ۲؍مرتبہ ایم سی اے کی مختلف کمیٹیوں کا الیکشن بھی جیت چکےہیں۔ ایم سی اےکیلئے متعدد قسم کی خدمات پیش کرنےکے عوض مذکورہ گولڈن جبلی تقریب میں انہیں اعزاز سے نوازاگیا۔ اقبال شیخ کو بحیثیت اعلیٰ پولیس آفیسر وانکھیڈے اسٹیڈیم پر ہونے والے اہم میچوں کی حفاظتی ڈیوٹی بخوبی انجام دینے کیلئے متعدد مرتبہ مختلف اعزاز سےبھی نوازا گیاہے۔
اقبال شیخ اعزا ز قبول کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
جاویدرضوی نے بھی رضوی کالج باندرہ کی کرکٹ ٹیم کو ایم سی اے سے جوڑنے میں اہم کردار نبھایاہے ساتھ ہی ایم سی اے کے مختلف عہدوں پر فائز رہ چکےہیں۔ ایم سی اے کی مختلف کمیٹیوں کیلئے اپنی خد مات پیش کرچکےہیں۔ انہیں بھی ان کی خدمات کیلئے ایم سی اے نے مذکورہ تقریب میں اعزاز سے نواز ا۔