Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران : بندرگاہ پر ٹھوس میزائل ایندھن کے سبب دھماکہ ہوا

Updated: April 28, 2025, 12:31 PM IST | Agency | Tehran

جان گنوانے والوں کی تعدا د ۲۸؍ جبکہ زخمیوں کی تعداد ۸؍ سو سےز ائد ہوگئی، ایران کے صدر نےمتاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ایران کی شاہد رجائی بندرگاہ پر دھماکہ ٹھوس میزائل ایندھن کی وجہ سے ہوا۔نیو یارک ٹائمز نے اتوار کو پاسداران انقلاب اسلامی سے وابستہ ایک شخص کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ایران کے بندر عباس شہر میں شاہد ر جائی بندرگاہ پر سنیچر کو ہونے والے طاقتور دھماکے کے پیچھے ٹھوس میزائل ایندھن میں استعمال ہونے والا سوڈیم پرکلوریٹ ہو سکتا ہے۔ دھماکے کے بعد ارنا نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ یہ کیمیکلز کے غلط طریقے سے رکھے جانے کی وجہ سے ہوا ہے۔ 
 دریں اثناء  اتوار کو دھماکہ میں مرنے والوںکی تعداد ۲۸؍تک پہنچ گئی ہے جبکہ ۸۰۰؍ سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دھماکہ صوبائی دارالحکومت بندر عباس میں شاہد ر جائی کی بندرگاہ پر ہوا جس کے بعد امدادی ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا،اور بندرگاہ کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔  اتوار کو نیم  سرکاری فارس نیوز ایجنسی کو  تہران کے فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان جلال مالکی نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی بڑی آگ پر تقریباً قابو پا لیا گیا تھا، حالانکہ ابھی بھی آگ کے شعلے بکھرے ہوئے تھے جسے انہوں نے ’تشویش ناک نہیں‘ قرار دیا۔  بندر عباس کے گورنر احمد پویافر نے سنیچر کو  اعلان کیا کہ دھماکے اور اس کے نتیجے میں فضائی آلودگی کی وجہ سے شہر بھر کے تمام تعلیمی مراکز اتوار کو بند رہیں گے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشن کے ترجمان حسین ظفری نے فارس نیوز کو بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ بندرگاہ پر ایک کنٹینر میں موجود کیمیائی مادے دھماکے کی وجہ بنے ہوں لیکن ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ موہجرانی نے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل کرنے سے پہلے واقعہ کی وجہ کے بارے میں کسی بھی جلد بازی کی قیاس آرائیوں کیخلاف خبردار کیا۔  انہوں نے مزید کہا کہ اب تک جس چیز کی تصدیق ہو چکی تھی وہ یہ تھی کہ بندرگاہ کے ایک کونے میں ممکنہ طور پر کیمیائی مادے کے حامل کنٹینرز موجود تھے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دھماکے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انہوں نے دھماکے اور اس کی وجوہات کی تحقیقات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK