• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ملک میں قانون کی حکمرانی ہے یا بی جے پی کے غنڈوں کا راج؟‘‘

Updated: September 17, 2024, 9:35 AM IST | Mumbai

شیوسینا(شندے) رکن اسمبلی سنجے گائیکواڑ کا راہل گاندھی کی زبان کاٹ کر لانے والے کو ۱۱؍ لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان

Sanjay Gaikwad is famous for his controversial statements (file photo).
سنجے گائیکواڑ اپنے متنازع بیانات کیلئے مشہور ہیں( فائل فوٹو)

شیو سینا(شندے)  کے رکن اسمبلی سنجے گائیکواڑ  اپنی بدزبانی اور غیر اخلاقی رویے کیلئے بدنام ہیں، انہوں نے پیر کو لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی زبان کاٹنے والے کو ۱۱؍لاکھ روپے  انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس پر کانگریس برہم ہے اور اس نے وزیر اعلیٰ  اور وزیر داخلہ سے گائیکواڑ کے خلاف  کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ ایکناتھ شندے اپنی  حکومت کاموقف واضح کریں۔
 زبان کاٹنے پر ۱۱؍ لاکھ روپے کا انعام 
 بلڈانہ سے رکن اسمبلی سنجے گائیکواڑ نے کہا ہے کہ ’’ راہل گاندھی نے ہندوستان سے ریزر ویشن   کو ختم کرنے والا جو بیان دیا ہے وہ دراصل ایک جھوٹ ہے۔ ایک طرف وہ مہاراشٹر میں  پسماندہ طبقے کا ریزرویشن بڑھانے کی بات کرتے ہیں دوسری طرف ملک سے باہر جا کر ریزرویشن ختم کرنے کی بات کرتے ہیں۔‘‘ گائیکواڑ نے کہا ’’ اس سے کانگریس کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ جو بھی راہل گاندھی کی زبان کاٹ کر لائے گا میں اسے ۱۱؍ لاکھ روپے انعام دوں گا۔ ‘‘ گائیکواڑ کے اس بیان پر کانگریس نے برہمی کا اظہار کیا  ہے۔ 
  مہاراشٹر  کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ حکومت کو اس غنڈے رکن اسمبلی کے بیان کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور اسکے خلاف معاملہ درج کرنا چاہئے۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا ہے کہ شند اس پاگل رکن اسمبلی کی بیان بازی پرفوری طور پر پابندی عائد کی جائے ورنہ کانگریس کارکنان غنڈوں کی زبان بولنے والے اس شخص کو سخت سبق سکھائیں گے اور  اس پر جتنی مستی چڑھیہے اسے اتار دیں گے۔نانا پٹولے نے کہا کہ راہل گاندھی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی ہے، یہ لو گ مایوسی کا شکار ہیں۔ وہ ہمارےراہل گاندھی کے بیان کو توڑ مروڑ  انہیں بدنام کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔ 
 انہوںنے کہا کہ ’’ہمارے لیڈر نے کبھی بھی ریزرویشن ختم کرنے کی بات نہیں کی۔ اسکے برعکس انہوںنے کہا ہے کہ ریزرویشن کی حد ۵۰؍  فیصد سے بڑھا کر سماج کے دیگر طبقات کو بھی ریزرویشن دینے کا حل نکالا جائے گا۔ لیکن بی جے پی اور اسکے ایجنٹ مسلسل افواہ پھیلا رہے ہیں کہ راہل نے ریزرویشن کی مخالفت کی ہے۔ پٹولے کے مطابق مہایوتی کے غنڈے بھی  جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ حکومت ان غنڈوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔  لہٰذا لوگوں کے ذہنوں میں سوال ہے کہ کیا ملک میں قانون کی حکمرانی ہے یا بی جے پی کے غنڈوں کا راج؟ عوام اس غنڈہ گردی  کو دیکھ رہے ہیں‘‘
 نانا پٹولے نے ٹویٹ کیا کہ ’’ایک لیڈر بی جےپی کا جھنڈا لے کر ملک کے اپوزیشن لیڈر کو قتل کرنے کی دھمکی دیتا ہے۔ ایک وزیر نے راہل گاندھی کو دہشت گرد کہا ہے ، ان پر وزیر داخلہ امیت شاہ خاموش ہیں۔اب ایک بدزبان  رکن اسمبلی  اپوزیشن لیڈر کی زبان کاٹنے کی بات کر رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ  دیویندر فرنویس خاموش ہیں۔ انہیں اس پر اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔ کیا اس ریاست میں قانون ہے؟ آپ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں؟  کانگریس کے سینئر لیڈر بالا صاحب تھورات نےبھی گائیکواڑ کےبیان شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ’’ اگر اس ریاست میں ذرا سا  بھی  لا اینڈ آرڈر باقی ہے تو سنجے گائیکواڑ کو فوراً گرفتار کیاجانا چاہئے۔‘‘ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے بھی سنجے گائیکواڑ  کے متنازع بیان کی سخت لفظوں میں مذمت کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK