• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسلام آباد میں جے شنکر نے پاکستان اور چین کو نام لئے بغیر نشانہ بنایا

Updated: October 17, 2024, 12:02 PM IST | Islamabad

شنگھائی تعاون تنظیم کو دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے چیلنج سے نمٹنے کا عزم یاددلایا، بہتر تعلقات کیلئے سرحدوں  کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔

Foreign Minister S Jaishankar at the SCO conference in Islamabad. Photo: PTI.
وزیر خارجہ ایس جے شنکر اسلام آباد میں  ایس سی او کانفرنس میں  ۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

 اسلام آباد میں  شنگھائی تعاون تنظیم (اے سی او) سے اپنے خطاب میں   ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نام لئے بغیر پاکستان اور چین کو نشانہ بنایا۔ انہوں  نے پاکستان کیلئے کہا کہ پڑوسی ملکوں  کے ساتھ بہتر تعلقات اور تجارت کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ سرحدپار سے دہشت گردی کو فروغ نہ دیا جائے۔ چین کیلئے انہوں  نے کہا کہ پڑوسیوں  کو ایک دوسرے کی سرحدوں  کا احترام کرنا چاہئے۔ 
انہوں  نے شنگھائی تعاون تنظیم کو دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے چیلنجوں کا پختہ طور پر مقابلہ کرنے سے متعلق اسکے منشور میں کیا گیاعزم بھی یاد دلایا اور کہا کہ’’ اعتماد، دوستی، تعاون اور اچھی ہمسائیگی کے جذبات کی کمی ہو تو خود احتسابی کرنی چاہیے۔ ‘‘ڈاکٹر جے شنکر نے پاکستان کی صدارت میں منعقدہ ایس سی او سربراہی اجلاس سے وزیر اعظم نریندر مودی کے نمائندے کے طور پر خطاب کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات، سپلائی چین میں غیر یقینی صورتحال اور عالمی ترقی میں   مالی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا اور بڑھتی ہوئی کثیر قطبیت، عالمگیریت اور توازن کے تناظر میں علاقائی سالمیت اور خودمختاری کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے سب سے پہلے پاکستان کو اس سال شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہم عالمی معاملات میں ایک مشکل وقت میں ملاقات کر رہے ہیں۔ دو بڑے تنازعات چل رہے ہیں، ہر ایک کے اپنے عالمی اثرات ہیں۔ کووِڈ کی وبا نے ترقی پزیر دنیا میں بہت سے لوگوں کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’قرض ایک سنگین اور تشویش کا موضوع ہے، یہاں تک کہ دنیا پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کو حاصل کرنے میں پیچھے رہ گئی ہے۔ تکنالوجی اچھے امکانات رکھتی ہے لیکن نئے خدشات کو بھی جنم دیتی ہے۔ ایس سی او کے ارکان کو ان چیلنجوں کا جواب کیسے دینا چاہیے اس کے جوابات ہماری تنظیم کے چارٹر میں موجود ہیں۔ انہوں  نے ایس سی او کا مقصد ’’باہمی اعتماد، دوستی اور اچھی ہمسائیگی کو مضبوط کرنا ہے، اس کا مقصد کثیر جہتی تعاون خاص طور پر علاقائی نوعیت کو فروغ دینا ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK