• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیل کی لبنان میں متعدد مقامات پر بمباری

Updated: November 19, 2024, 1:17 PM IST | Agency | Beirut

حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف سمیت۶۰؍ سے زائد افراد شہید۔

The area of ​​central Beirut where Israel bombed on Sunday evening. Photo: INN
مرکزی بیروت کا علاقہ جہاں اتوار کی شام کواسرائیل نے بمباری کی۔ تصویر : آئی این این

 اسرائیلی فوج نے لبنان پر بڑا حملہ کر دیا،۲۴؍ گھنٹوں میں۱۴۵؍ سے زیادہ مقامات پر بمباری کی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت  بیروت اور دیگر شہروں میں رہائشی عمارتوں، گرجا گھروں، طبی مراکز کو نشانہ  بنایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ۲۴؍گھنٹوں میں ایک شامی فوجی اور  حزب اللہ کے میڈیا ترجمان محمد عفیف سمیت۶۰؍ سے زائد افراد شہید ہوگئے۔  لبنان  کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے شمالی اسرائیل میں  راکٹ حملے کئے جس سے کئی رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب  اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملوں میں بھی اضافہ ہوگیا، بیت لاحیہ، نصیرات اور  بُریج پناہ گزین کمیمپوں پر وحشیانہ بمباری کی جس میں۱۰۰؍ سے زیادہ فلسطینی  شہید ہوگئے۔ ادھر شمالی غزہ میں حماس نے اسرائیلی فوج پر جوابی وارکرتے  ہوئے۲؍ اسرائیلی فوجی ہلاک کر دیے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا، کئی اسرائیلی  ٹینک بھی تباہ کر دیے گئے۔
  لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بعث پارٹی کی  لبنانی شاخ کے سیکریٹری جنرل علی حجازی نے حزب اللہ کے میڈیا عہدیدار عفیف  کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ عفیف حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کے قریبی سمجھے جاتے تھے، جنہیں ستمبر میں اسرائیلی حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔ محمد  عفیف گزشتہ۴؍سال سے حزب اللہ کے میڈیا سیل کی نمائندگی کر رہے تھے اور وہ  بطور ترجمان مقامی اور غیر ملکی صحافیوں کو معلومات فراہم کرتے تھے۔ حزب  اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی موت کے بعد محمد عفیف نے بیروت میں  متعدد پریس کانفرنس کیں جب کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر  ڈرون حملوں کی اطلاع بھی انہوں نے ہی ایک پریس کانفرنس کے دوران دی تھی۔
 اتوار کو اسرائیل کی جانب سے لبنان کے مختلف حصوں  میں فضائی کارروائیاں جاری رہیں، اس دوران اقوام متحدہ کی جانب سے بتایا  گیا کہ ہمارے امن دستوں کو ’تقریباً۴۰؍ بار‘ نشانہ بنایا گیا۔ لبنان میں  تعینات اقوام متحدہ کی امن افوج (یونیفل) کی جانب سے جاری بیان میں کہا  گیا کہ’ ’ایک مسلح افراد کے ایک گروپ نے ہفتے کے روز جنوبی لبنان میں امن  افواج کے قافلے کو روکنے کی کوشش کی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK