• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیل، برطانیہ اور فرانس ایران کے جوہری عزائم سے تشویش میں مبتلا

Updated: December 01, 2024, 12:03 PM IST | Agency | London

تہران کو روکنے کیلئے مل کرکام کرنے کا عزم، نیتن یاہو نے کسی بھی صورت میں نیوکلیائی ہتھیار تک ایران کی رسائی نہ ہونے دینےکی دھمکی دی۔

Benjamin Netanyahu. Photo: INN
بنجامن نیتن یاہو۔ تصویر: آئی این این

ایران کے ایک سفارتکار کی اس دھمکی کے بعد کہ تہران نیوکلیائی ہتھیاروں  کی تیاری پر عائد کی گئی پابندی کی خلاف ورزی کرسکتاہے، برطانیہ اور فرانس نے شدید تشویش کااظہار کیا ہے جبکہ اسرائیل اس خیال سے ہی لرز گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں  اس کے علاوہ بھی کوئی ملک نیوکلیائی ہتھیاروں   سے لیس ہوسکتاہے۔ نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں  ایران کو نیوکلیائی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے اوراسے اس سے روکنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ 
اُدھر برطانوی انٹیلی جنس ڈائریکٹر رچرڈ مور نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری عزائم عالمی سلامتی کیلئے ایک بڑے خطرے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ حزب اللہ اور حماس کی طرف سے ناکامیوں کے بعد بھی یہ خطرہ موجود ہے۔ رچرڈ مور نے پیرس میں ایک تقریر میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایران نواز جنگجوؤں  کو بڑے دھچکے کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ایرانی حکومت کے جوہری عزائم ہم سب کیلئےخطرہ ہیں۔ دریں اثناء فرانسیسی خارجہ انٹیلی جنس کے سربراہ نکولس لرنر نے کہا ہے کہ آنے والے مہینوں میں ایرانی ایٹمی سرگرمیوں کی مضبوطی سب سے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ پیرس میں دیئے گئے بیان میں مزید کہا کہ ہماری خدمات اس کا مقابلہ کرنے کیلئے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ ایران برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ اپنے ایٹمی پروگرام پر بات چیت کیلئے ایک اجلاس منعقد کر رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:سنبھل: متوفین کے ورثاء کو ۵-۵؍ لاکھ کی امداد

اس سے قبل تینوں حکومتوں نے امریکہ کے ساتھ مل کر ایک تجویز پیش کی تھی جس کی وجہ سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے ایران پر تنقید کرتے ہوئے ایک قرارداد جاری کی تھی۔ تہران نے گزشتہ ہفتہ کی قرارداد کی تردید کی ہے لیکن ایرانی حکام نے بعد میں منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی وہائٹ ہاؤس واپسی سے قبل دیگر جماعتوں کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اپنی پہلی مدت میں ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اپنائی تھی۔ ایرانی سفارت کار ماجد تخت روانچی، جو وزیر خارجہ عباس عراقچی کے سیاسی معاون ہیں، مذاکرات میں ایران کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارناکے مطابق اس سے قبل وہ یورپی یونین کے ایلچی اینریک مورا سے ملاقات کریں گے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ۳۵؍ ممالک کے بورڈ آف گورنرز نے گزشتہ ہفتہ ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں جوہری معاملات میں ایران کے تعاون نہ کرنے پر اس کی مذمت کی گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK