• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ میں جنگ بندی ختم ، اسرائیل نے پھر سے غزہ میں فضائی حملے شروع کر دیئے

Updated: December 01, 2023, 2:11 PM IST | Jerusalem

غزہ میں آج صبح ۷؍ بجے جنگ بندی ختم ہونے کے ۳۰؍ منٹ بعد اسرائیل نے پھر سے غزہ میں حملے شروع کر دیئے ہیں۔ غزہ کے وزرات داخلہ کے مطابق فضائی حملے میں جنوبی غزہ کے خان یونس کے مشرق میں واقع اباسن کمیونٹی اور ایک حملہ میں شمال مغرب میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

A man searches for his belongings in the rubble during a ceasefire. Photo: PTI
جنگ بندی کے دوران ایک شخص ملبے میں اپنا سامان تلاش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

اسرائیلی فائٹرجیٹ نے جمعہ کی صبح جنگ بندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ غزہ پٹی پر حملے شروع کر دیئے ہیں۔ غزہ کے وزرات داخلہ نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملے میں جنوبی غزہ کے خان یونس کے مشرق میں واقع اباسن کمیونٹی جبکہ ایک اور حملہ میں غزہ کے شمال مغرب میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیاہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں آج صبح جنگ بندی ختم ہونے کے ۳۰؍ منٹ بعد ہی حملے شروع کر دیئے تھے۔ 
خیال رہے کہ ۲۴؍نومبر کو حماس اور اسرائیل کی رضامندی پر غزہ میں عارضی جنگ بندی کا آغاز ہوا تھا جس کی مدت ۴؍ دن تھی لیکن ثالث قطراور مصر کی مدد سے اسرائیل اور حماس جنگ بندی میں مزید توسیع کرنے کیلئے تیار ہو گئے تھے۔ ایک ہفتے کی جنگ بندی میں حماس نے ۱۰۰؍ اسرائیلی یرغمالوں کو رہا کیا ہے جبکہ اس کے بدلے اسرائیل نے قید کئے گئے ۲۴۰؍ فلسطینیوں کو رہا کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اب بھی ۱۴۰؍اسرائیلی یرغمال حماس کے پاس ہیں ۔
قطر اور مصر جنہوں، نے ثالث کے طور پر اہم کردار ادا کیا، غزہ میں جنگ بندی میں مزید ۲؍ دن کی توسیع کرنے کی مانگ کی تھی۔
خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے جمعرات کو اسرائیل کے وزیر اعظم نتین یاہو سے ملاقات کی تھی ۔ بلنکن نے جنگ بندی میں توسیع کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسرائیل نے دوبارہ جنگ کا آغاز کیا اور حماس کا تعاقب کرنے کیلئے جنوبی غزہ کی طرف بڑھا تو اسے بین الاقوامی انسانی قانون کی تعمیل کرتے ہوئے ایسا کرنا چاہئے اور اس کے پاس شہریوں کی حفاظت کیلئے واضح منصوبہ بندی ہونی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی لیڈران اس بات کو سمجھتے ہیں کہ ہم نے شمالی غزہ میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا نقصان دیکھا اور بڑے پیمانے پر لوگ بے گھر ہوئے یہ جنوبی غزہ میں نہیں دہرایا جانا چاہئے۔شمالی غزہ میں اسرائیل کے بڑے پیمانے پر فضائی حملوں کے سبب سیکڑوں فلسطینیوں نے جنوبی غزہ کی جانب ہجرت کی ہے۔ جنگ بندی سے قبل حماس نے اسرائیل کے ۴؍ یرغمالوں کو رہا کیا تھا۔ اسرائیل کی قید سے رہا کئے جانے والے زیادہ تر فلسطینی بچے، جوان اور خواتین ہیں۔ یاد رہے کہ ۷؍ اکتوبر کو حماس اسرائیل حماس جنگ  کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد اب تک غزہ میں ۱۴؍ ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد میں بچے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK