Updated: March 07, 2024, 6:21 PM IST
| Jerusalem
جنوبی ا فریقہ نے عالمی عدالت انصاف میں غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔جنوبی افریقہ نے خبردار کیا کہ غزہ میں فلسطینیوں کو بھوک کا سامنا ہے اور عدالت سے کہا کہ وہ تمام فریقین سے دشمنی ختم کرنے اور تمام اسیروں اور نظربندوں کو رہا کرنے کا حکم دے۔ جنوبی افریقہ نے اسرائیل کو اقدام کرنے کی ہدایت جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔
عالمی عدالت میں جاری کارروائی ۔تصویرـ: ایکس
جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے غزہ میں بڑے پیمانے پر قحط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف اضافی ہنگامی اقدامات کا حکم دے جو اس کے مطابق پہلے سے قائم شدہ اقدامات کی خلاف ورزی ہے۔ اپنی درخواست میں جنوبی افریقہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کو بھوک کا سامنا ہے اور عدالت سے کہا کہ وہ تمام فریقین سے دشمنی ختم کرنے اور تمام اسیروں اور نظربندوں کو رہا کرنے کا حکم دے۔ جنوبی افریقہ کی صدارت نے خبردار کیا کہ غزہ کے لوگ انتظار نہیں کر سکتے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سب سے زیادہ قحط کا خطرہ اب ظاہر ہو چکا ہے لہٰذا آنے والے سانحہ کو روکنے کیلئے فوری طور پر کارروائی کی ضرورت ہے۔ عدالت فوری طور پر اور مؤثر طریقے سے اس بات کو یقینی بنائے کہ نسل کشی کنونشن کے تحت اسے جو حقوق ملے ہیں ان کا تحفظ کیا جائے۔
جنوبی افریقہ نے عدالت سے یہ بھی کہا کہ وہ اسرائیل کو حکم دے کہ وہ غزہ میں قحط اور غذائی قلت سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر درکار بنیادی خدمات اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ آئی سی جے کو صورتحال کی انتہائی عجلت کی وجہ سے سماعت کے نئے دور کا شیڈول بنائے بغیر یہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ جنوری میں جب جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت میں اسرائیل پر ریاستی زیر سرپرستی نسل کشی کا الزام لگایا تھا تو عدالت نے اسرائیل کو حکم دیا تھا کہ وہ کسی بھی ایسی کارروائی سے باز رہے جو اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کے تحت آسکے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی فوجیں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی کوئی کارروائی نہ کریں ۔
فروری میں، جنوبی افریقہ نے آئی سی جے میں فوری درخواست دائر کی تھی کہ اس پر غور کیا جائے کہ آیا رفح کو نشانہ بنانے والی اسرائیل کی فوجی کارروائیاں عدالت کے ۲۶؍جنوری کو دیئے گئے عارضی احکامات کی خلاف ورزی کرتی ہیںیا نہیں۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پٹی میں بغیر کارروائی کے بڑے پیمانے پر قحط تقریباً ناگزیر ہے۔ خیال رہے کہ اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجہ میں کم از کم ۳۰؍ہزار ۷۱۷؍ فلسطینی ہلاک اور۷۲؍ ہزار ۱۵۶؍ زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین و اطفال کی تعداد زیادہ ہے۔