• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیلی فوج کی ایران پر بڑے حملے کی تیاری

Updated: October 06, 2024, 10:53 AM IST | Tel Aviv

امریکہ اور دیگر مغربی اتحادیوں کو بھی اس کارروائی میں شامل کرنے کیلئے کوشاں، امریکی فوج کے سربراہ اسرائیل پہنچے۔

People celebrate in Tehran after the Iranian attack on Israel. Photo: Agency
اسرائیل پر ایرانی حملے کےبعد تہران میں عوام جشن مناتے ہوئے۔تصویر: ایجنسی

  اسرائیل ایران کے میزائل حملوں کے جواب میں ایران، لبنان اور غزہ پر بڑے حملے کی تیاری کررہا ہے۔ یہ دعویٰ اسرائیل کی سرکاری خبررساں ایجنسی اور صہیونی میڈیا نے سنیچر کو کی ہے۔ اس دوران اسرائیل کے فوجی سربراہ  نے ایک بار پھر  ایران کے بہانے پورے مشرق وسطیٰ کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کوئی جگہ ایسی نہیں ہے جسے اسرائیل نشانہ نہیں بنا سکتا۔ 
مشورہ کیلئے امریکی فوجی سربراہ اسرائیل پہنچے
 ان قیاس آرائیوں کے بیچ کہ اسماعیل ہانیہ اور حسن نصر اللہ کی شہادت کے انتقام میں اسرائیل پر کئے گئے ایرانی حملے کے جواب میں تل ابیب کس طرح کی کارروائی کرے گا، اسرائیلی   میڈیا نے سنیچر کو دعویٰ کیا کہ فوج ایران پر’’سنگین اور مشکل‘‘ حملے کی تیاری کررہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق  اسرائیلی حکام اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ ایران پر کئے جانے والے حملے میں اس کے مغربی اتحادی بھی اس کا ساتھ دیں۔  یہ اس پس منظر میں  اہم ہے کہ سنیچر کو ہی امریکی فوج کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا  تل ابیب پہنچ رہے ہیں جہاں وہ فوجی آپریشن کے تعلق سے اسرائیلی فوجی حکام کے ساتھ صلاح و مشورہ کریں گے۔ 
ایرانی حملے میں نقصان کا اعتراف 
اس بیچ سنیچر کو اپنی ایک رپورٹ میں اسرائیلی   اخبار ’’ٹائمز آف اسرائیل‘‘ نے اپنی حکومت اورامریکہ  کے اس دعوے کی قلعی کھول دی  ہےکہ ایران کی جانب سے داغے جانے والے   میزائیلوں  میں سے  ۹۵؍ فیصد کو’’آئیرن ڈوم‘‘ کے ذریعہ فضا میں ہی ناکام بنا دیا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق’’حملوں سے اسرائیل میں نقصان ہوا  جس میں سرائیلی فوج کے فضائیہ کامرکز  شامل ہے تاہم فوج کا کہنا ہے کہ کسی طیارے یا حساس انفرااسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا ہے  اورفضائیہ اپنی پوری سکت کے ساتھ کام میں مصروف ہے۔‘‘
 نیوکلیائی مراکز پر حملے سے گریز کااشارہ
 اسرائیلی فوج  بھلے ہی ایران پر انتہائی سنگین جوابی حملے کی بات کررہی ہو مگر ایران کے رُخ کو دیکھتے ہوئےاس بات کی امید ہے کہ وہ محتاط رویہ اختیا رکریگی۔ ان قیاس آرائیوں اور تجاویز کے بیچ کہ تل ابیب  ایران کے نیوکلیائی ٹھکانوں اور تیل کے ذخائر کو نشانہ بنا سکتاہے،امریکہ نے  نتائج  کے اندیشوں  کے پیش نظر اس کی مخالفت کی ہے۔ جمعہ کو ایک سوال کے جواب   میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل ابھی تک  اس  نتیجہ  پر نہیں پہنچا کہ ایران کو کیسے جواب دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کی جگہ ہوتے تو ایرانی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بجائے کسی متبادل پر غور کرتے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کے اسرائیل کے ایرانی تنصیبات پر حملوں کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ’’ ہم اس بارے میں بات چیت کر رہے ہیں، میرا خیال ہے کہ حملہ چھوٹا ہوگا۔‘‘

حماس لیڈر اہل خانہ کے ساتھ شہید

   لبنان میں  اسرائیلی فوج  کے فضائی حملے میں حماس کے لیڈر  سعید عطاء اللہ اپنی اہلیہ اور۲؍ بیٹیوں کے ساتھ شہید ہوگئے۔ اس کی تصدیق حماس  کی جنگجو اکائی ’’القسام بریگیڈ‘‘ نے  کی ہے اور بتایا ہے کہ یہ شہادتیں سنیچر کوشمالی لبنان کے شہر طرابلس کے قریب بددوی کیمپ میں ان کے گھر پر اسرائیلی فضائی  حملے کے دوران ہوئیں۔
 حماس نے اپنے بیان میں بتایا کہ سعید عطاء اللّٰہ علی، ان کی اہلیہ شیماء خلیل عزام اور ان کی دو بیٹیاں زینب سعید علی اور فاطمہ سعید علی فضائی حملے میں جاں بحق ہوئیں۔اسرائیل نے حالیہ ہفتوں میں لبنان میں حماس کے کئی اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں۱۸؍کمانڈر شہید ہو چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK